شہیدِ ملّت، تعلیم سے سیاست تک

سید الطاف علی بریلوی علیگ
سورت کے ایک مشہور بزرگ مولانا فیض اللہ ہمدانی صاحب نے ابتدائی تعلیم کی ایک اسکیم اور درسی کتابوں کا ایک کورس تیار کیا تھا۔ ان کا مشن تھا کہ پورے ہندوستان میں صرف ان کا ہی کورس رواج پذیر ہو اور منظور ہو۔ بمبئی پراونشل مسلم ایجوکیشنل کانفرنس میں مسٹر احمد ہارون جعفر کی معرفت اور آل انڈیا کانفرنس میں مجھ ناچیز کی معرفت سال بہ سال وہ اپنے کیس کو آگے بڑھانے کی جہد فرماتے۔ ان کی نظر میں کانفرنس کے انعقاد کا مقصد اس کے سوا کچھ نہیں تھا کہ وہ صرف ان کی اسکیم اور کتابوں پر غور کرے۔ پونا، ہبلی، جبل پور اور علی گڑھ کے بعد اب آگرہ میں ان کے شاہکار کو اجاگر کرنے کا فرض میری جانِ حزیں پر مسلط تھا اور میں اپنے تجربے اور کہنہ مشقی کے بل پر اِس دفعہ بھی اپنے کو بچا رہا تھا اور مولانا تھے کہ قدم قدم پر چاہے میں کسی حال میں کیوں نہ ہوں، مجھ سے اُلجھ رہے تھے۔ جب حسبِ معمول ان کو مجھ سے مایوسی ہونے لگی تو پھر انہوں نے ایک بہت ہی بڑا ہاتھ مارا۔ یعنی سبجیکٹ کمیٹی کے اجلاس میں جس کی صدارت نواب زادہ لیاقت علی خان صاحب فرما رہے تھے، کھڑے ہوکر میرے خلاف بہت سخت احتجاج کیا اور اصولِ جمہوریت کا واسطہ دے کر نواب زادہ صاحب سے پُرزور مطالبہ کیا کہ وہ اس ناانصافی کو روا نہ رکھیں۔ نواب زادہ صاحب ایک معمر بزرگ کی ناراضی کی تاب کس طرح لاتے! فوراً مجھ سے جواب طلب کیا۔ میں نے اپنی صفائی میں زبانی تو ایک لفظ نہ کہا البتہ مولانا کی اسکیم اور کتابوں وغیرہ کا وہ بڑا بھاری بستہ جو اُن کے ساتھ تھا، اٹھا کر نواب زادہ صاحب کی میز پر لے جا کر رکھ دیا اور کہا کہ مجھے تعمیلِ ارشاد میں کیا عذر ہوسکتا ہے! میری مظلومیت اور مولانا کے بستے کی گراں باری دیکھ کر نواب زادہ صاحب اور سارا مجمع ایک دم ہنس پڑا۔
مولانا بھی کچی گولیاں کھائے ہوئے نہ تھے۔ انہوں نے جو اپنے خلاف یہ رنگ دیکھا تو تڑپ کر ایک ہی جست میں نواب زادہ صاحب کے پاس پہنچ گئے اور ہاتھ بڑھا کر بولے ’’جناب! معاف کیجیے، آپ مجھے یوں نہیں ٹال سکتے‘‘۔
نواب زادہ صاحب کو بھی ہار ماننا پڑی اور مولانا کی اسکیم کی تائید میں ایک محتاط سا ریزولیوشن پاس کردیا۔
یادش بخیر ابھی چند ہفتے کی بات ہے، ہمارے محترم مولانا ہمدانی صاحب عارضی پرمٹ پر کراچی تشریف لائے اور آتے ہی انہوں نے دفتر آل پاکستان مسلم ایجوکیشنل کانفرنس کو اور مجھے ڈھونڈ نکالا۔ ملاقات ہوتے ہی زور آزمائی شروع ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ میری کتابوں اور اسکیم کے بارے میں تمہاری کانفرنس نے نواب زادہ صاحب کی صدارت میں ریزولیوشن پاس کیا ہے۔ اب کہ نواب زادہ صاحب ایک وسیع سلطنت کے مالک ہیں اس لیے اُن کا فرض ہے کہ وہ میری کتابوں کو سارے پاکستان میں جاری کرنے کا حکم صادر کردیں۔ اس پر میں نے عرض کیا کہ اگر احمد ہارون جعفر صاحب چاہیں گے تو آپ کا کام ہوجائے گا۔ مولانا اس پر احمد صاحب کے پاس پہنچے۔ انہوں نے حلیم صاحب کے پاس بھیج دیا۔ حلیم صاحب نے مسٹر امتیاز احمد خان ڈائریکٹر تعلیم کراچی کو ٹیلی فون کردیا۔ خان صاحب موصوف ہمارے حلیم صاحب کی طرح مولانا سے واقف نہ تھے اس لیے انہوں نے ضابطہ کی بات کی اور مایوس کردیا۔ مجبوراً پھر میرے پاس آئے اور میں نے اس دفعہ جناب نواب صدیق علی خاں صاحب کی بہت کچھ ثنا و صفت کردی، لیکن شاید وہاں تک رسائی نہ ہوئی اور احمد ہارون صاحب نے ہی مولانا کی سفارش میں ایک طویل عرضداشت پر دستخط کرکے آنریبل وزیر تعلیم کی خدمت میں اسے روانہ کردیا اور مولانا خوش خوش نواب زادہ صاحب اور ان کے وزیر تعلیم کو دعائیں دیتے ہوئے اپنے وطن واپس ہوگئے۔
ایک روز شب کے اجلاس میں پنڈال میں ہنگامہ ہوگیا۔ جن صاحب کے خلاف ہنگامہ تھا وہ ڈائس پر تشریف رکھتے تھے، لہٰذا مجمع کا پُرجوش حصہ جو جس کے ہاتھ میں آیا لے کر ڈائس پر چڑھ گیا۔ دس پندرہ منٹ تک نواب زادہ صاحب کے بالکل سر پر ایسی ہڑبونگ ہوتی رہی کہ الامان والحفیظ! بالآخر ہنگامہ خودبخود فرو ہوگیا، لوگ اپنی اپنی نشستوں پر آکر بیٹھ گئے اور جلسے کی کارروائی جس جگہ رکی تھی پھر وہیں سے شروع ہوگئی۔ نواب زادہ صاحب اس پورے عرصے میں حیرت انگیز سکون کے ساتھ خاموش بیٹھے رہے، منہ پھیر کر بھی نہ دیکھا کہ کیا ہورہا ہے۔ بڑے اطمینان کے ساتھ سگریٹ پر سگریٹ پیتے رہے۔
(بحوالہ ’’شہید ملت لیاقت علی خان، تعلیم سے سیاست تک‘‘۔ مئی 2001ء)

توحید

زندہ قوت تھی جہاں میں یہی توحید کبھی
آج کیا ہے؟ فقط ایک مسئلہ علمِ کلام!
روشن اس ضو سے اگر ظلمتِ کردار نہ ہو
خود مسلماں سے ہے پوشیدہ مسلماں کا مقام!
میں نے اے میرِ سپہ تیری سپہ دیکھی ہے
قل ھو اللہ کی شمشیر سے خالی ہیں نیام!
آہ! اس راز سے واقف ہے نہ ملاّ، نہ فقیہ
وحدتِ افکار کی بے وحدت کردار ہے خام!
قوم کیا چیز ہے، قوموں کی امامت کیا ہے
اس کو کیا سمجھیں یہ بیچارے دو رکعت کے امام!

علم کلام: وہ علم جس میں اسلامی عقائد کو دلیلوں کے ذریعے سے ثابت کیا جاتا ہے۔ مثلاً وجودِ باری تعالیٰ، نبوت، حشرو نشر وغیرہ۔ ضو: روشنی۔ قل ھواللہ : اشارہ ہے سورۂ اخلاص کی طرف جو توحید کا جامع مرقع ہے۔
1۔ یہی توحید کسی زمانے میں دنیا کے اندر ایک زندہ اور جیتی جاگتی قوت تھی۔ آج اس کی حیثیت کیا رہ گئی ہے؟ یہ کہ علم کلام کے دوسرے مسئلوں میں سے یہ بھی ایک مسئلہ ہے، جسے دلیلوں سے ثابت کیا جاتا ہے۔
2۔ جب تک توحید کی روشنی سے عمل و سیرت کے اندھیرے میں اجالا نہ کیا جائے، مسلمان سے خود اس کا مقام چھپا رہتا ہے۔ یعنی اس پر آشکارا نہیں ہوسکتا کہ وہ کس غرض سے دنیا میں بھیجا گیا اور کون سے مقاصد کو پورا کرنا اس کے ذمے ہے؟ جب تک توحید اس کے اعمال کا لازمی جزو نہ بن جائے، اُس وقت تک مسلمان اپنے فرائض کا اندازہ ہی نہیں کرسکتا۔
3۔ مسلمانوں کے قائدو اور رہنمائو! میں نے تمہارے لشکر دیکھے ہیں۔ ان کے پاس جو میان ہیں، وہ قل ھو اللہ کی تلوار سے خالی ہیں، یعنی توحید کی روح ان میں نظر نہیں آتی۔
4۔ افکار و خیالات اور عقائد کی وحدت بہت اچھی اور بہت ضروری سہی، لیکن جب تک عمل و سیرت میں وحدت پیدا نہ ہو، اس میں پختگی نہیں آتی اور افکار کی وحدت خام رہتی ہے۔ افسوس کہ قومی زندگی کے اس بھید سے نہ علما کو آگاہی حاصل ہے، نہ فقیہوں کو۔
5۔ ان لوگوں کو کیا معلوم کہ قوم کیا چیز ہے اور قوموں کی امامت کس طرح کی جاتی ہے؟ یہ بیچارے تو دو رکعتیں پڑھانے کے امام ہیں۔