نوید خان
ملک کی ترقی کے لیے شعبہ تعلیم میں ترقی لازمی ہے۔ ایک طرف یہ صورتِ حال ہے کہ اکثر تعلیمی ادارے کمرشل ہیں، ان کی فیس زیادہ ہے جو کہ متوسط اور غریب طبقے کے لوگوں کی استطاعت سے باہر ہے، لیکن دوسری طرف تعلیمی اداروں کی بہت بڑی تعداد رفاہی بنیادوں پر کام کررہی ہے، جس کی وجہ سے متوسط اور غریب طبقے کے بچوں کے لیے تعلیم حاصل کرنا ممکن ہوتا ہے۔ تعلیم کی اہمیت و ضرورت مرد و عورت دونوں کے لیے یکساں ہے، یہ سب کا حق ہے۔ کوئی قوم تعلیم کے بغیر ترقی کرلے ایسا ممکن نہیں۔ پاکستان میں تعلیمی معیار بلند کرنا اشد ضروری ہے، تاکہ ہر طالب علم اعلیٰ تعلیم حاصل کرے۔ پاکستان میں اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ خواتین کو تعلیم کے ساتھ مختلف ہنر کی بھی تربیت دی جائے تاکہ وہ بوقتِ ضرورت اپنی تعلیم و ہنر کے ذریعے آمدنی حاصل کرسکیں۔ تعلیم کے فروغ کے لیے دیگر اقدامات کے ساتھ یہ بھی اہم ہے کہ فلاحی بنیادوں پر تعلیمی ادارے زیادہ سے زیادہ قائم کیے جائیں اور معیاری تعلیم کم فیس پر دی جائے۔ عمر بن خطاب ماڈل اسکول بھی ایسا ہی ایک ادارہ ہے۔ اسکول کے دو کیمپس نیو کراچی سیکٹر 5G میں ہیں۔ اس ادارے کے بانی و منتظم ڈاکٹر خالد محمود ہیں جو گزشتہ 20 سال سے یہ ادارہ چلارہے ہیں۔ ڈاکٹر خالد محمود نے بتایا کہ دونوں اسکولوں میں اس وقت دو سو سے زائد طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ ان میں اکثر بچے غریب گھرانوں سے ہیں جو کہ اپنی فیس بھی مشکل سے ادا کرتے ہیں، جس کی وجہ سے اسکول کے اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا ہے یعنی عمارت کا کرایہ، یوٹیلٹی بل، اساتذہ کی تنخواہیں وغیرہ۔۔۔ لیکن اس کے باوجود ہم نے اسکول کا معیارِ تعلیم بہترین رکھا ہے، قابل اساتذہ رکھے ہیں۔ ڈاکٹر خالد محمود اس وقت نیشنل ایسوسی ایشن فار ایجوکیشن کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر، اور تنظیم اساتذہ پاکستان کے رکن ہیں۔ عالم و یلفیئر ٹرسٹ کے جنرل سیکریٹری بھی ہیں۔ ڈاکٹر خالد محمود ایک مخلص سماجی کارکن کے طور پر اپنے علاقے میں شعبہ تعلیم کے علاوہ دیگر رفاہی کاموں میں بھی طویل عرصے سے مصروف ہیں۔ عمر بن خطاب ویلفیئر ٹرسٹ کا قیام 2015ء میں عمل میں آیا، اور اس کی بنیاد بانی و چیئرمین ڈاکٹر خالد محمود نے رکھی۔ یہ ایک غیر سیاسی اور خالصتاً انسانی خدمت کی تنظیم ہے۔ ڈاکٹر خالد کی نظر میں زندگی کا سب سے اہم مقصد غریب، مجبور بیواؤں اور یتیموں کی خدمت کرنا ہے تاکہ یہ لوگ اپنے پیروں پر کھڑے ہوکر معاشرے کے باوقار فرد بن سکیں۔ عمر بن خطاب ویلفیئر ٹرسٹ صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بلا تفریق انسانیت کی خدمت کررہا ہے۔ عمر بن خطاب ویلفیئر ٹرسٹ کا مقصد نئی کراچی و اطراف کے غریب اور مجبور بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنا ہے۔ اسکول کے بچوں کی معاشی حالت کے پیش نظر ان کو کتابیں، کاپیاں، پنسلیں مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ بچوں کو کمپیوٹر کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔ ٹرسٹ کے تحت ہم نصابی سرگرمیاں بھی کی جاتی ہیں، 14 اگست، میلاد النبیؐ و دیگر ایام کو بھی منایا جاتا ہے، جن میں اسکول کے بچے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہیں۔ ہر سال ماہِ رمضان میں مستحق افراد کو راشن بھی تقسیم کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر خالد نے بتایا کہ ٹرسٹ اپنے محدود وسائل کے مطابق کام کررہا ہے، ہماری کوشش ہوتی ہے کہ کوئی سوالی ٹرسٹ کے دفتر سے خالی نہ جائے، میری اپیل ہے کہ آپ اس کام میں میرا ساتھ دیتے ہوئے غریبوں، بیواؤں، یتیموں کی مدد کے لیے اپنی زکوٰۃ، صدقات اور خیرات عمر بن خطاب ویلفیئر ٹرسٹ کو دیں۔