شوگر کے 90 فیصد مریض روزہ رکھ سکتے ہیں

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ شوگر کے 90 فیصد مریض روزہ رکھ سکتے ہیں۔
ذیابیطس کے معروف معالج پروفیسر زمان شیخ کا کہنا ہے کہ رمضان میں شوگر والے مریض اپنے معالجین سے ادویہ کے اوقاتِ کار تبدیل کرا لیں اور انسولین والے افراد بھی اپنے معالج کے مشورے سے یونٹ اور اوقات تبدیل کریں۔ پروفیسر زمان شیخ نے کہا کہ ذیابیطس ٹائپ ٹو والے افراد روزہ رکھ سکتے ہیں، انھیں بھی اپنے معالجین سے مشورہ کرنا ہوگا اور معالج کی ہدایت پر دواؤں کے اوقات تبدیل کرنے ہوں گے۔ انسولین لگانے والے مریض روزہ رکھ سکتے ہیں لیکن انھیں بھی اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا ہوگا۔ روزہ رکھنے سے قبل ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق انسولین کی خوراک تبدیل کرالیں۔

شدید گرمی میں احتیاط

شدید گرمی کے دوران براہِ راست دھوپ میں نکلنے سے دھوپ کی تمازت کے باعث جلد متاثر ہوسکتی ہے۔ بچوں اور ضعیف افراد کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے روکا جائے۔ گرمی کی وجہ سے خارج ہونے والے پسینے سے جسم میں نمکیات کی کمی ہوجاتی ہے، ایسی صورت میں پانی نہ پینے سے سر درد، چکر آنا اور متلی محسوس ہونے لگتی ہے۔ شہری شدید گرمی میں دن بھر میں15گلاس پانی پئیں۔ پانی پینے سے خون میں پانی کا تناسب برقرار رہتا ہے۔ خون میں پانی کی کمی سے سیل کا توازن بگڑ سکتا ہے۔ دوپہر12سے4 بجے تک تیز دھوپ میں نکلنے سے اجتناب کریں۔ احتیاط ہی علاج سے بہتر ہے۔

فیس بک سے جڑنے والی 200 ایپس صارفین کا ڈیٹا استعمال کرتی رہی ہیں

فیس بک صارفین کے ڈیٹا لیک ہونے کی خبروں کے بعد فیس بک نے ان ہزاروں ایپس کا جائزہ لیا ہے جن پر بالواسطہ یا بلاواسطہ فیس بک سے رجسٹر ہونے والے صارف کے ڈیٹا تک رسائی کا شبہ تھا۔ ان میں سے ڈیٹا کا غلط استعمال ثابت ہونے کے بعد 200 ایپس کو معطل کردیا گیا ہے۔ فیس بک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فی الحال ان ایپس کے نام نہیں بتائے جاسکتے لیکن وہ یوزر کی اجازت سے فیس بک سے لاگ ان ہونے کے بعد ان کے ڈیٹا پر نقب لگارہی تھیں۔

فیس بک سے واٹس ایپ پر پوسٹ شیئر کیجیے

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فیس بک انتظامیہ ایک نیا فیچر ’’ واٹس ایپ پر بھیجیں ‘‘ متعارف کرانے جا رہی ہے جس کی مدد سے فیس بک صارفین اپنے پسندیدہ مواد کو واٹس ایپ پر صرف ایک کلک کے ذریعے شیئر کر سکیں گے۔ تاہم ابھی تک اس فیچر کے متعارف کرانی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی سے متعلق ایک اہم ویب سائیٹ نے دعوی کیا ہے کہ فیس بک کسی مواد کے شیئر کے آپشن میں ایک نئے فیچر Send to whatsApp کا اضافہ کررہی ہے۔ جسے منتخب کرتے ہی فیس بک کا مواد واٹس ایپ میں انفرادی یا گروپس اکاونٹس میں شیئر ہو جائے گا۔ اس فیچر کی مدد سے ویڈیوز، تصاویر اور تحریریں شیئر کی جا سکیں گی۔اس فیچر کے متعارف کرائے جانے کے بعد صارفین کسی بھی پوسٹ پر جا کر شیئر پر کلک کریں گے تو تین آپشنز Share now, Write post اور Send to whatsApp سامنے آتے ہیں جیسے ہی صارف ’’ واٹس ایپ پر بھیجیں ‘‘ آپشن کا انتخاب کریں گے تو ایک لنک سامنے آجاتا ہے جسے واٹس ایپ پر بھیجا جا سکتا ہے۔