جامع الامام نعمان بن ثابت بھی اسی مقدس سلسلے کی کڑی ہے جسے آقائے دو جہاں حضرت محمد نے صفہ کی صورت میں شروع کیا تھا۔ اور جن کے پیش نظر یہ مقصد تھا کہ ایسے افراد کار تیار کیے جائیں کہ جو نہ صرف پورے عالم میں اشاعت اسلام کے لیے اپنی زندگیاں وقف کردیں بلکہ اپنے وقت اور حالات کے تناظر میں انسانیت کے تمام مسائل کا حل اسلام کی روشنی میں پیش کرسکیں۔ ایسے افراد کار کی ضرورت ہر دور میں رہی ہے اور آج کیحالات میں یہ ضرورت دو چند ہوچکی ہے اسی مقصد اور مشن کو لے کر جامع الامام نعمان بن ثابت اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔
جامعۂ نعمان اپنے بارہویں تعلیمی سال میں داخل ہوچکا ہے اور دینی و عصری علوم سے اپنے طلبہ کو بہروہ کررہا ہے۔
اس وقت جامعۂ نعمان میں شعبہ تعلیم ، شعبہ تربیت اور شعبہ تحقیق کے عنوانات کے تحت تمام سرگرمیوں تقسیم کی گیا ہے جس کی مختصر تفصیل حسبِ ذیل ہے۔
شعبہ تعلیم :
اس شعبے کے تحت روضہ کلاسز ، پرائمری ، سیکینڈری ، ہائر سیکینڈری ، حفظ القرآن اور درسِ نظامی کی تعلیم دی جارہی ہے۔ روضہ کلاسز میں دیگر مضامین کے ساتھ ساتھ تعلیمِ قرآن کو خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ اور تیسری جماعت تک طلبہ و طالبات کو قاعدہ و ناظرہ مکمل کرویا جاتا ہے۔ اور اس کیساتھ ساتھ اندازہ لگایا جاتا ہے کہ اگر طالب علم میں صلاحیت ہے تو اسے حفظ القرآن کروایا جاتا ہے۔ اس طریقے سے کم سے کم وقت میں بڑے اہداف کو حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے
جامعہ نعمان کے شعبہ حفظ القرآن ایک منفرد حیثیت کا حامل ہے۔ جدید طرق تدریس کا استعمال کرتے ہوئے طلبہ کو مختصر عرصے میں حفظ القرآن کی تکمیل کروائی جاتی ہے۔ ترغیب و ترہیب کے اصول کو نہایت حکمت کیساتھ بروئے کار لانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ طلبہ کی حوصلہ افزائی اور ان میں تحریک پیدا کرنے کے لیے تحائف کی تقسیم ، تقریبات کا انعقاد اور مختلف سرگرمیاں ہوتی ہیں۔ نمایاں کارکردگی کے حامل طلبہ کو اسکالرشپ بھی دی جاتی ہے۔
پرائمری اور سیکنڈری کا عرصہ طالب علم کی نشونما اور تعمیر ِ شخصیت کے اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل ہے لہذا ان درجات میں مضامین کی تدریس کے ساتھ ساتھ اسلامی اقدار پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے اور طلبہ کی نشونما میں اس بات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ ان کے ذہن اور سوچ کو صحیح اسلامی طرز پر استوار کیا جائے۔
عالم دین کا آٹھ سالہ کورس درس نظامی کہلاتا ہے۔ جامعہ نعمان میں تاحال درجہ رابعہ تک درجات موجود ہیں۔ درس نظامی کا باقاعدہ آغاز درجہ نہم سے ہوتا ہے۔ اور پھر بتدریج درس نظامی کے ساتھ ساتھ سیکینڈری ، ہائر سیکنڈری ، بی اے اور ایم اے تک باقاعدہ تعلیم کا اہتمام اور رہنمائی کی جاتی ہے۔
شعبہ تربیت :
شعبہ تربیت کے تحت تعمیر ِ شخصیت کے اسلامی اصولوں کے مطابق طلبہ کی رہنمائی کی جاتی ہے اور مختلف سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کے کردار کو مؤثر تر بنایا جاتا ہے۔تربیت کے شعبے کے تحت مندرجہ ذیل پہلووں کو مدنظر رکھ کر ان کے لیے مختلف النوع پروگرامات کا انعقاد کیا جاتا ہے
1.جسمانی تربیت : مختلف کھیلوں ، تائی کوانڈو اور کسرت کے ذریعے انہیں جسمانی طور پر چاق و چوبند رہنے کا عادی بنایا جاتا ہے۔
2.روحانی تربیت : مختلف نشستیں ، نفلی روزوں ، شب بیداریوں کے ساتھ ساتھ اذکار ودعاؤں کیذریعے طلبہ کے تعلق باللہ کو پختہ تر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
3.اخلاقی تربیت : اخلاقی تربیت کے لیے استاد کو بطور ماڈل سامنے رکھا جاتا ہے اور اس طرح طلبہ کے رویوں ، مزاج اور جذبات کو صحیح رخ پر ڈالنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
4.علمی تربیت : ان کی صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے تقریر ، تحریر ، مطالعے اور بزم ادب کے پروگرامات کا انعقاد ہوتا ہے۔ اور اس کے ساتھ ساتھ مطالعاتی دورہ جات کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔
5.تربیتی کلینڈر : ادارے میں تربیت کے حوالے سے خاص طور پر ایک تربیتی کلینڈر تیار کیا جاتا ہے جس میں خاص طور پر پورے سال کے لیے تربیتی منصوبوں اور طے شدہ اہداف کے حصول کے لیے تفصیلی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔
شعبہ تحقیق :
شعبہ تحقیق کے تحت نصابی منصوبہ بندی ، نصابی جائزے اور اساتذہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔ اور مختلف قسم کے تربیتی پروگرامات ، ورکشاپس اور لیکچرز کا اہتمام کیا جاتاہے۔ الحمدللہ ! جامعہ نعمان نے قرآن کی تعلیم کے حوالے سے متوسطہ جماعتوں کے لیے اپنا نصاب بھی تیار کیا ہے۔ اور اس کی کامیابی سے تدریس جاری ہے۔