امریکہ کے خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ مائک پومپیو نے کہا ہے کہ شمالی کوریا امریکہ کو خطرہ پہنچانے والی جوہری صلاحیت حاصل کرنے سے اب چند ماہ کے فاصلے پر ہے۔ اور شمالی کوریا کے حکمران کم جونگ ان ایک کامیاب میزائل تجربے کے بعد مزید تجربات کرنا بند نہیں کریں گے۔ واشنگٹن میں امریکن انٹرپرائز انسٹی ٹیوٹ میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ شمالی کوریا کو امریکہ پر جوہری میزائل داغنے سے روکنے کا عزم رکھتی ہے اور اس مقصد کے لیے ماضی کے برعکس مزید وسائل مختص کرنا ہوں گے۔ انہوں نے سی آئی اے کے چیف کے طور پر اپنے پہلے سال کے مکمل ہونے پرخطاب کرتے ہوئے کہا ’’شمالی کوریا کی یہ صلاحیت امریکہ کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے اور صدر ٹرمپ نے حکومت کو یہی ہدایت کی ہے کہ ایسا کرنے سے شمالی کوریا کو روکا جائے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی طاقت حاصل کرنے کے لیے شمالی کوریا کو مزید صرف چند ماہ درکار ہیں۔
امریکیوں کی اسرائیل کی طرف داری اور مذہب
حال ہی میں امریکہ میں ’پیو ریسرچ‘ سینٹر کے زیراہتمام اسرائیل کے لیے امریکیوں کی طرف داری پر رائے عامہ کا ایک جائزہ لیا گیا۔ اس رپورٹ کے جاری کردہ نتائج میں بتایا گیا ہے کہ امریکیوں کی اسرائیل کی طرف داری کا ایک سبب مذہب بھی ہے۔ امریکہ کے سفید فام انجیلی عیسائیوں کی اکثریت اسرائیل کی طرف داری کرتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 78 فی صد انجیلی عیسائی اسرائیل کی حمایت کرتے ہیں۔ مذہب سے غیروابستہ 26 فی صد اسرائیل کے اور 29 فی صد فلسطینیوں کے حامی ہیں۔ پیو مرکز کے تجزیے کے مطابق امریکہ میں اسرائیل کی حمایت کا ایک عنصر مذہب بھی ہے۔ امریکہ میں انجیلی مسیحی اسرائیل کی حمایت اور اسرائیل کے بارے میں پالیسیوں پر بڑے پیمانے پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ پیو سینٹر کی طرف سے یہ رپورٹ ایک ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے جب امریکی نائب صدر مائیک پینس نے حال ہی میں اسرائیل کا دورہ کیا۔ چند ہفتے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔ ٹرمپ اور مائیک پینس دونوں نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا اور القدس کے دورے کے دوران ’دیوارِ براق‘ [دیوارِ گریہ پر حاضری دی۔
فلسطینی شہدا کے جسدِ خاکی تحویل میں رکھنے کا صہیونی قانون منظور
اسرائیلی کابینہ نے فلسطینی شہدا کے جسدِ خاکی قبضے میں رکھنے اور ان کی واپسی روکنے کے لیے نئے قانون کی منظوری دے دی ہے۔ فلسطینی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق کابینہ کی آئینی کمیٹی سے قانون کی منظوری کے بعد اسے کنیسٹ (پارلیمنٹ) میں پہلی رائے شماری کے لیے بھیجا جائے گا۔ اسرائیلی فوج کے ریجنل چیف نے فوج کو شہدا کے جسدِ خاکی واپس نہ کرنے کا اختیار دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر شہدا کی وجہ سے کوئی مشکل درپیش نہ ہو تو انہیں غیر معینہ مدت تک تحویل میں رکھا جاسکتا ہے۔
چین میں 45 ہزار سال پرانے آثار کی دریافت
چائنیز اکیڈمی آف سوشل سائنسز (سی اے ایس ایس) نے اعلان کیا ہے کہ ماہرین کی ٹیم نے گزشتہ برس 6 مقامات پر قدیم آثار دریافت کیے، جو اندازاً 35 ہزار سے 45 ہزار سال قبل کے مقامات ہیں۔ چینی اخبار ’چائنا ڈیلی‘ کے مطابق چائنیز اکیڈمی آف سوشل سائنسز کے مطابق جن 6 آثار قدیمہ کے مقامات کو دریافت کیا گیا ہے، وہ کم سے کم 40 ہزار سال پرانے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان آثار سے چین میں 40 ہزار سال قبل انسان کی موجودگی کا پتا لگانے میں اہم پیش رفت ہوگی۔ چین کے آثار قدیمہ دریافت کرنے والے قومی ادارے کے مطابق 2017ء میں پہلی بار ملک کے شمال مغربی حصے سے قدیم آثار دریافت ہوئے۔
افغانستان میں امریکی فضائی طاقت میں اضافے کا فیصلہ
امریکہ نے افغانستان میں اپنی فضائی طاقت میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی فوج کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ وہ ہندوکش کی اس ریاست میں اپنے ’وارتھوگ‘ طرز کے طیاروں کا ایک پورا اسکواڈرن تعینات کررہی ہے۔ یہ خصوصی جنگی طیارے فضا سے زمین پر حملوں کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔