جدید سہولتوں سے آراستہ الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال کا شاندار افتتاح

ملک میں صحت کی سہولتوں کا فقدان ہے، نہ صرف شہری علاقے، بلکہ دیہی اور دورافتادہ علاقے بھی صحت کی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ الخدمت لوگوں کو صحت کی جدید اور معیاری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کام کررہی ہے۔ اس وقت ملک بھر میں اس کے 152مراکزِ صحت، 18زچہ وبچہ مراکزِ صحت،86 ڈائیگنوسٹک سینٹر، 10بلڈ بینک اور 246 ایمبولینس خدمات انجام دے رہی ہیں۔ الخدمت کے کاموں کا دائرہ وسیع ہے اور دنیا اس کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔
الخدمت نے گلشن حدید میں وسیع وعریض رقبے پر الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال قائم کیا ہے، جہاں صحت سے متعلق 8 شعبہ جات میں لوگوں کو معیاری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ جدید سہولتوں سے آراستہ اس اسپتال کا افتتاح سینئر نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید احسان اللہ وقاص، امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن اور فریدہ یعقوب فیملی نے کیا۔ اس موقع پر اعجازاللہ خان، ڈاکٹر تبسم جعفری، انجینئر ٖصابر احمد، قاضی سید صدرالدین، یونس بارائی، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی محمد اسلام، بن قاسم کے امیر عبدالجمیل، راشد قریشی، خیر محمد تنیو، بیرون ملک سے آئے ڈاکٹر عاصم جعفری، طاہرہ امین کاشف بٹ، مظفر اعجاز، جبکہ ڈاکٹروں، تاجروں، صنعت کاروں اور مزدور تنظیموں کے سربراہان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت قاری محمد عثمان نے حاصل کی۔ نظامت کے فرائض شکیل خان نے انجام دیئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال محروم طبقے کے لیے تحفہ ہے، اسپتال کے قیام سے شہریوں کو صحت کی عالمی معیار کی سہولتیں میسر آئیں گی، انہوں نے کہا کہ الخدمت 1990ء میں قائم ہوئی، یہ الخدمت کے پہلے صدر مرحوم میاں طفیل محمد اور قاضی حسین احمد کی شخصیت کا فیض ہے کہ اس کا کام ملک بھر میں پھیل چکا ہے، الخدمت نے روہنگیا مسلمانوں کی مدد کے لیے 26 کروڑ روپے جمع کیے، دنیا بھر کے ادارے الخدمت کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں، روہنگیا بچوں کے لیے کام کرنے والی 10این جی اورز میں الخدمت کو تعلیم کا شعبہ ملا ہے، یتیموں کی کفالت کے لیے الخدمت کے آغوش مراکز قائم ہیں، الخدمت کے پاس رضاکاروں کی بڑی تعداد کا ہونا اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے نعمت اللہ خان کی خدمات کی بھی تعریف کی۔ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ سندھ میں لوگ صحت کی سہولتوں سے محروم ہیں اور اسپتالوں کے باہر تڑپ رہے ہیں، الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال لوگوں کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت نے دو سال کے دوران سندھ میں 10 اسپتال قائم کیے، جو مستحسن قدم ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الخدمت پاکستان کی نمبر ون فلاحی تنظیم ہے۔ یہ کراچی میں پاکستان کی سب سے بڑی این جی او کے طور پرکام کررہی ہے، یہ کفالتِ یتامیٰ، عالمی معیار کے مطابق صاف پانی کی فراہمی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہے۔ تھرپاکر میں کنویں بنا کر وہاں کے لوگوں کو پانی فراہم کیا، وہاں سیکڑوں منصوبے کام کررہے ہیں، الخدمت کی سروسز سے یومیہ ہزاروں لوگ استفادہ کررہے ہیں، الخدمت کے پاس رضاکاروں کی سب سے بڑی ٹیم ہے جو ہر مشکل وقت میں بلامعاوضہ کام کرتی ہے۔ ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا کہ اسپتال میں شعبہ اطفال وگائنی سمیت 8 شعبے کام کررہے ہیں، اس اسپتال کی تعمیرکا کام جون 2014ء میں شروع ہوا اور دسمبر 2015ء میں مکمل ہوا، اپریل 2016ء میں او پی ڈی شروع ہوئی۔ اس کی تعمیر پر90 ملین اخراجات آئے، الخدمت اسپتال گلشن حدید کے ساتھ گھارو، ٹھٹہ، دھابیجی کے لوگوں کی صحت کی ضروریات بھی پوری کرے گا، یہاں ماں اور بچے کی صحت کی سہولیات دستیاب ہیں، اب تک اسپتال سے دولاکھ افراد استفادہ کرچکے ہیں، جلد 24گھنٹے کی سہولت کے لیے بلڈ بینک قائم کررہے ہیں، چاہتے ہیں اسپتال کو وسعت دیں اور یہاں میڈیکل کالج قائم کیا جائے۔ صنعت کار ہارون قاسم نے اسپتال کے قیام کو سراہا اور کہا کہ اسپتال کے قیام کے لیے جدوجہد کرنے والے تمام افراد مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ڈاکٹر رفیق خانانی نے کہا کہ الخدمت صحت کے شعبے میں بہترین کام کررہی ہے، کراچی میں اس وقت 18میڈیکل کالج ہیں، ایسے پرائیویٹ کالج کی ضرورت ہے جہاں معیاری تعلیم ہو اور اس میں تعلیمی اخراجات سرکاری کالجوں کے مطابق ہوں۔ تقریب سے صدر لانڈھی ایسوسی ایشن آف انڈسٹری اسلام الدین ظفر، اظہر چغتائی، ڈاکٹر عذرا جمیل ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے اسپتال کے قیام کو سراہا اور الخدمت کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ بعدازاں تمام مہمانوں کو اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا۔