بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم کراچی و بمبئی میں حاصل کی۔ 1892ء میں اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلستان گئے۔ 1897ء میں بمبئی میں وکالت شروع کی اور ملکی سیاست میں حصہ لینا شروع کیا۔
آپ کی بے باک قیادت اور انتھک جدوجہد سے 14 اگست 1947ء کو پاکستان معرض و جود میں آیا۔ پاکستان کے پہلے گورنر جنرل بنے اور11 ستمبر 1948ء کو زیارت میں انتقال ہوا اور 12 ستمبر 1948ء کو کراچی میں تدفین ہوئی۔
٭ حکومت کا پہلا فریضہ امن و امان برقرار رکھنا ہے تاکہ مملکت کی جانب سے عوام کو ان کی زندگی املاک اور مذہبی اعتقادات کے تحفظ کی پوری پوری ضمانت حاصل ہو۔
٭ کوئی شاندار کارنامہ سرانجام دینے کے لیے اور ملک کی قومی زندگی میں اپنا صحیح مقام حاصل کرنے کے لیے خدمت، تکلیف اور قربانی بنیادی تقاضے ہیں۔
٭ ہمیشہ ان تصورات اور عزائم کے مطابق زندگی بسر کیجیے جن کے لیے آپ نے حال ہی میں اپنی زندگیاں وقف کر رکھی ہیں۔
٭ ایک دوسرے پر اعتماد ہی ایک دوسرے سے تعاون بڑھاتا ہے۔
٭ آپ تعلیم پر پورا دھیان دیں۔ اپنے آپ کو عمل کے لیے تیار کریں یہ آپ کا پہلا فریضہ ہے آپ کی تعلیم کا ایک حصہ یہ بھی ہے کہ آپ دور حاضر کی سیاست کا مطالعہ کریں۔ یہ دیکھیں کہ آپ کے گرد دنیا میں کیا ہو رہا ہے۔ ہماری قوم کے لیے تعلیم زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔
٭ اسلامی تعلیمات کی درخشندہ روایات اور ادبیات اس امر پر شاہد ہیں کہ دنیاکی کوئی قوم جمہوریت میں ہمارا مقابلہ نہیں کر سکی جو اپنے مذہب میں بھی جمہوری نقطہ نظر رکھتے ہیںَ
٭ علم تلوار سے بھی زیادہ طاقتور ہے اس لیے علم کو اپنے ملک میں بڑھائیں کوئی آپ کو شکست نہیں دے سکتا۔
٭ ہر قسم کی احتیاج کو پورا اور ہر طرح کے خوف کو دور کرنا ہی ہمارا مقصد نہیں ہونا چا ہیے بلکہ وہ آزادی وہ اخوت، وہ مساوات بھی حاصل کرنا چاہیے جس کی تعلیم اسلام نے ہمیں دی ہے۔
٭ اس سے بہتر اور کئی ذریعہ نجات نہیں ہو سکتا کہ صداقت کی خاطر شہید کی موت مر جائے۔
٭ ہماری نجات کا راستہ صرف اور صرف اسوۂ حسنہ ہے۔
گنجینہ اقوال،مرتبہ:سعید اے شیخ