قرآن مجید کي سمجھي پڑھن جا آسان اصول ء طریق

کتاب : قرآن مجید کي سمجھي پڑھن جا آسان اصول ء طریقا
مؤلف : پروفیسر عبدالخالق سہریانی
نظرثانی : انجینئر شفیع محمد لاکھو
صفحات : 131 قیمت درج نہیں
مطبع : ایوانِ علم و ادب سندھ حیدرآباد
کندھ کوٹ شہر میں رہائش پذیر اردو اور سندھی زبان کے معروف ادیب اور محقق پروفیسر عبدالخالق سہریانی بلوچ عالمِ پیری میں بھی نوجوانوں سے کہیں بڑھ کر متحرک اور جوش و جذبے سے معمور ادبی اور علمی شخصیت ہیں۔ بزبانِ اردو اور سندھی مختلف دینی و اصلاحی موضوعات پر ان کی لگ بھگ ایک درجن کتب اشاعت پذیر ہوچکی ہیں۔ زیرتبصرہ کتاب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ فہرست میں شامل عناوین سے ہی اندازہ ہوجاتا ہے کہ قرآن مجید کو سمجھ کر پڑھنے کے حوالے سے بے حد آسان اصول اور طریقے بڑی محنت اور تحقیق سے پیش کیے گئے ہیں۔ راہِ حق کے متلاشی اس کتاب سے گراں قدر استفادہ کرسکتے ہیں۔ ’’آغازِ سخن،، کے عنوان سے لکھی گئی مؤلف کی تحریر پڑھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ مولانا قاضی عبدالرزاق مدرس سندھ مدرسۃ الاسلام کراچی کا قرآن مجید کا کیا گیا سندھی ترجمہ اور بعد ازاں سید تاج محمد امروٹی ؒ کا سندھی ترجمہ پڑھنے کے بعد ان کا یہ تاثر ختم ہوگیا کہ کلام مجید کا سمجھنا مشکل ہے، اور ان کے مطابق اسی غلط فہمی کا شکار کافی مسلمان ہیں، جس کی بنا پر وہ قرآن پاک کے ترجمے کا مطالعہ ہی نہیں کرتے بلکہ صرف تلاوتِ قرآن بغیر ترجمہ کے ہی کیا کرتے ہیں تاکہ تلاوت کا ثواب حاصل کرسکیں۔ اب اسی سوچ اور فکر کا نتیجہ اس مختصر کتاب کی صورت میں پیشِ خدمت ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اگر اس کتاب میں بیان کردہ اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قرآن مجید کے ترجمے کا غور و فکر سے مطالعہ شروع کیا جائے گا تو قرآن فہمی کے راستے کھلیں گے اور اسلام کی وہ شاہراہ نظر آنے لگے گی کہ جس پر خیرالقرون کے مسلماں گامزن تھے۔
قرآن فہمی کے حوالے سے یہ ایک قابلِ قدر اور عمدہ کاوش ہے۔ کتاب نفاست کے ساتھ طبع ہوئی ہے اور بیش بہا معلومات سے مزین ہے۔ آخر میں قرآن پاک کے آسان سندھی تراجم اور تفاسیر کی فہرست بھی دی گئی ہے۔