روہنگیا مسلمان ایک بار پھر مشکل حالات کا شکار ہیں، 8لاکھ کے قریب لوگ اپنے ملک اور گھربار کو چھوڑ کر بنگلہ دیش کے پناہ گزین کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں اور کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ پاکستان میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے ہمیشہ کی طرح میانمر کے مسلمانوں کی تکالیف کا ادراک کرتے ہوئے ان کی مدد کا بیڑا اٹھایا اور امدادی کام شروع کیے۔ روہنگیا مسلمانوں کے سخت ترین حالات کو دیکھتے ہوئے الخدمت وومن ونگ بھی پیچھے نہیں رہا، گزشتہ دنوں اس نے کراچی کے لان میں روہنگیا مسلمانوں کی امداد کے لیے چیریٹی بازار منعقد کیا، جہاں خواتین نے بھرپور خریداری کی۔ بازار کے لیے منعقدہ افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا، نعتِ رسولِ مقبول ؐ کی سعادت نعمان شاہ نے حاصل کی، نظامت کے فرائض شعیب ہاشمی نے انجام دیئے، تقریب کی صدارت محمد عبدالشکور نے کی۔ مہمانِ اعزازی الخدمت کی سفارت کار ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، جماعت اسلامی خواتین پاکستان کی جنرل سیکریٹری دردانہ صدیقی، صدر روہنگیا فیڈریشن انجینئر فردوس شیخ تھیں، اس موقع پر اسسٹنٹ سیکریٹری الخدمت فاؤنڈیشن اعجاز اللہ خان، الخدمت سندھ کے صدر ڈاکٹر تبسم جعفری، امیر ضلع غربی عبدالرزاق خان، راشد قریشی، طلعت ظہیر، شہناز اقبال و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ چیریٹی بازار کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے کہا کہ عالم اسلام مشکل صورت حال سے دوچار ہے، عراق، یمن، شام، افغانستان سمیت دنیا کے 6ممالک جغرافیہ کے لحاظ سے تو موجود ہیں لیکن یہ اصل میں تباہ ہوچکے ہیں، روہنگیا مسلمان پناہ گزین کیمپوں میں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے اپنے دورۂ بنگلہ دیش کا بھی ذکر کیا اورکہا کہ 8 لاکھ مہاجرین بنگلہ دیش کے پناہ گزین کیمپوں میں ہیں، انہیں صحت، تعلیم، خوراک اور سینیٹری کے مسائل درپیش ہیں، ڈیڑھ لاکھ خواتین زچگی کے مسائل سے دوچار ہیں، بنگلہ دیش کی حسینہ واجد سے خراب تعلقات کے باوجود ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے بنگلہ دیش میں روہنگیا مسلمانوں کی آبادکاری میں اہم کردار ادا کیا جس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت پاکستان نے سب سے پہلے روہنگیا مسلمانوں کے لیے مہم کا آغاز کیا، الخدمت خواتین کا کردار شاندار ہے، اس پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن روہنگیا مسلمانوں کے لیے بڑا اور معیاری اسکول قائم کرے گی جبکہ بنگلہ دیش کے پناہ گزین کیمپوں میں مقیم لاکھوں مہاجرین کے بچوں کی تعلیم وصحت کے لیے منصوبے شروع کرنے کے ساتھ 500 لیڈی ہیلتھ ورکرز اور 500 سے زائد اساتذہ کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت نے پاکستان سمیت دنیا کی 25 این جی اوز کو متحد کرکے استنبول میں اجلاس منعقد کیا جس میں تمام تنظیموں نے مل کر روہنگیا مسلمانوں کے لیے کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ الخدمت روہنگیا مسلمانوں کے لیے بھرپور کام کررہی ہے اور آئندہ بھی کرے گی۔ انہوں نے کورنگی میں آباد روہنگیا مسلمانوں کے لیے کام کوسراہا۔ ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ انسانیت کا درد ہمیں ورثے میں ملا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ترکی میں پناہ گزین کانفرنس میں شرکت کی جہاں پاکستان کے کردار کو سراہا گیا کہ پاکستانی قوم وہ قوم ہے جس نے سب سے زیادہ 30 سے 40لاکھ مہاجرین کو اپنے ملک میں پناہ دی۔ انہوں نے روہنگیا مسلمانوں کی امداد کے لیے چیریٹی بازار کے انعقاد کو سراہا، اور خواتین سے اپیل کی کہ وہ بازار سے بھرپور خریداری کرکے نیک مقصدکے حصول کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ دردانہ صدیقی نے الخدمت وومن ٹرسٹ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ روہنگیا مسلمان کٹھن حالات سے گزر رہے ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ہم روہنگیا بہن بھائیوں کی مدد کریں، انجینئر فردوس شیخ نے روہنگیا مسلمانوں کی تاریخ اور ان کی زندگیوں میں آنے والے نشیب و فراز پر روشنی ڈالی اور موجودہ بدترین حالات سے متعلق آگہی فراہم کی۔ نویدہ انیس نے کہا کہ الخدمت وومن ونگ کراچی میں آباد روہنگیا مسلمانوں کی بھرپور خدمت کررہا ہے، ان کے لیے اراکان آباد کورنگی میں مسجد، مدرسہ قائم کیا، اسکول بنایا، خواتین کے لیے دستکاری سینٹر قائم کیا، کلینک میں یومیہ 300 مریضوں کو علاج کی سہولتیں پہنچا رہے ہیں، اراکان آباد میں تمام خدمات پر 92 لاکھ روپے سالانہ خرچ کیے جارہے ہیں، روہنگیا بچیوں کی شادی کے اخراجات پورے کیے جاتے ہیں اور بڑی مقدار میں راشن تقسیم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ روہنگیا مسلمانوں کی دل کھول کر امداد کی جائے۔ اس موقع پر دردانہ صدیقی نے روہنگیا مسلمانوں کے لیے 50 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا اورمختلف اسکولوں کے بچوں نے جیب خرچ کی جمع کی ہوئی رقم محمد عبدالشکور کے حوالے کی ۔
nn