امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا ماچھیوال وہاڑی میں جلسہ عام سے خطاب

کنور محمد صدیق
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق گزشتہ دنوں جنوبی پنجاب کے ایک پسماندہ ضلع وہاڑی تشریف لائے، اس سے قبل وہ رابطۂ عوام مہم کے سلسلے میں رحیم یار خان، بہاولپور، ملتان کے اضلاع کا بھی دورہ کرچکے ہیں جہاں انہوں نے بڑے عوامی جلسوں سے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق واحد قومی رہنما ہیں جنہوں نے سانحہ احمد پورشرقیہ جس میں سیکڑوں لوگ جل کر جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے، کے گھروں پر جاکر تعزیت کی، دعا کی، قبرستان بھی گئے، احمدپور شرقیہ اور بہاولپور کے ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی۔ سینیٹر سراج الحق کے سوا کسی کو بھی ان غریبوں کے غم میں شریک ہونے کی توفیق نہیں ہوئی۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق بذریعہ سڑک امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد اور جے آئی یوتھ پاکستان کے مرکزی صدر زبیر گوندل کے ہمراہ لاہور سے ماچھیوال وہاڑی پہنچے۔ وہاڑی ضلع کی حدود میں داخل ہوئے تو مقامی قائدین و کارکنانِ جماعت نے اپنے قائد کا بھرپور استقبال کیا۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کو بورے والا میں مختصر قیام کے بعد ایک بڑے جلوس کی شکل میں ماچھیوال جلسہ گاہ لے جایا گیا، جہاں پر امیر صوبہ میاں مقصود احمد، نوجوانوں کے قائد زبیر گوندل جو امیر جماعت اسلامی سے پہلے جلسہ گاہ پہنچ گئے تھے، ضلعی امیر چودھری محمد طفیل وڑائچ، ضلعی سیکرٹری جنرل عبدالخالق شاکر جلسے کے روحِ رواں، نوجوانوں کے لیڈر پی پی235 سے امیدوار صوبائی اسمبلی علی وقاص ہنجرا، حق داد خان، رائو خلیل احمد، صوبائی سیاسی کمیٹی کے سیکرٹری جنرل ملک محمد رمضان روہاڑی، الخدمت فائونڈیشن پنجاب کے صدر رائو محمد ظفر اور راقم الحروف (کنور محمد صدیق) سمیت کارکنانِ جماعت اور عوام الناس نے اپنے محبوب قائد کا والہانہ اور بھرپور استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، ہار پہنائے گئے۔
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے حمد وثناء کے بعد کہا کہ یہ استقبال میرا نہیں آپ لوگ نظام مصطفیؐ کا کررہے ہیں۔ نبیٔ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت میں آپ سب یہاں جمع ہوئے ہیں۔ میں نبی محترم صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک ادنیٰ سا غلام ہوں اور عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں موت کو سعادت سمجھتا ہوں۔ یہاں سب عاشقانِ مصطفیؐ اور غلامانِ مصطفیؐ جمع ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت میں دنیا میں سکونِ قلب اور آخرت میں جنت ملتی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے پوچھا کہ کیا آپ عاشقانِ مصطفیؐ اور غلامانِ مصطفیؐ ہیں… تو لوگوں نے ہاتھوں کو بلند کرکے اور ’’عشقِ مصطفیؐ میں موت بھی قبول ہے‘‘ کے نعروں سے اس کا جواب دیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کے مقابلے میں دنیا کی کوئی حیثیت نہیں، مگر حکمران دنیا کو ہی اپنا سب کچھ سمجھ بیٹھے ہیں، نوازشریف کی حکومت نے عقیدۂ ختم نبوتؐ پر شب خون مارا۔ اُمیدوار کے انتخابی فارم سے عقیدۂ ختم نبوتؐ کو نکالا گیا، مگر بروقت عوامی ردعمل کے نتیجے میں حکومت کو پسپائی اختیار کرنا پڑی اور عقیدۂ ختم نبوتؐ کے حلف کو اپنی اصل حالت میں بحال کرنا پڑا، مگر اس کے ذمہ داروں کو بے نقاب کرنے اور سزا دینے کے لیے تیار نہیں جس سے حکومت کی بدنیتی صاف ظاہر ہوتی ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سیکولر، لادین طبقہ لوگوں کو اسلام کی سزائوں سے ڈراتا ہے، حالانکہ اس نظام میں سزا چوروں، لٹیروں، قاتلوں، زانیوں، شرابیوں کے لیے ہے۔ یہ نظام غریبوں اور عام آدمی کو تحفظ فراہم کرتا ہے، ان بدمعاش لوگوں سے جان چھڑواتا ہے۔ اسلام کا نظام رحمت کا نظام ہے، اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور اُن کے خلفاء نے اسی نظام کو نافذ کیا۔
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اس ملک میں ظلم کا نظام رائج ہے جس کے خلاف میں اعلانِ بغاوت کرتا ہوں۔ یہ ظالموں، جاگیرداروں، وڈیروں، سرمایہ داروں، لٹیروں اور منافقوں کا نظام ہے۔ جو اس نظام سے بغاوت نہیں کرتا وہ انہی کا ساتھی ہے۔ میں وہاڑی کے لوگوں کے لیے اس نظام سے بغاوت کا پیغام لے کر آیا ہوں، آپ لوگ ظالمانہ نظام کے خاتمے اور اللہ کے نظام کو قائم کرنے میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ آپ اس میں میرا ساتھ دیں گے؟ شرکائے جلسہ نے ہاتھوں کو بلند کرکے ساتھ دینے کا اعلان کیا۔
سینیٹر سراج الحق نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی آئندہ قومی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ صوبائی حلقہ235 سے علی وقاص ہنجرا اور دوسرے لوگوں کو آپ کی خدمت کے لیے پیش کیا ہے، آپ ان کو اپنے ووٹ کے ذریعے کامیاب کروائیں، میں آپ کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرواتا ہوں۔
امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک مسائلستان بنا ہوا ہے، کرپشن کا ناسور گھٹنے کے بجائے بڑھ رہا ہے۔ پہلے اس میں 22 خاندان تھے، اب ہزار خاندان ہوگئے۔ غربت میں اضافے کا ذمے دار یہ کرپٹ حکمران طبقہ ہے۔
جلسہ عام سے نوجوانوں کے قائد زبیر گوندل، ضلعی امیر چودھری محمد طفیل وڑائچ، پی پی235 سے صوبائی اسمبلی کے اُمیدوار علی وقاص ہنجرا، کسان بورڈ کے ضلعی صدر یوسف خٹک، چودھری افتخارالحق، رضا قادری ودیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔