افریقی قائد نیلسن منڈیلہ کے بعد عمران خان دنیا کا وہ دوسرا بڑا لیڈر ہے جو خود تو جیل میں ہے لیکن نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں دوسرے مذاہب و اقوام کے لوگ یہاں تک کہ پاکستان کے ازلی دشمن ملک بھارت میں بھی اس کی قائدانہ صلاحیتوں کے گیت گائے جا رہے ہیں عمران خان کی مقبولیت آج بام عروج پر ہے، سنہ 2002 میں عمران کو اپنے آبائی حلقے میانوالی سے پہلی کامیابی حاصل ہوئی تھی جو پاکستان تحریک انصاف کی پہلی انتخابی کامیابی تھی۔
تحریک انصاف کے ساتھ انتخابی عمل میں جو ہوا عمران خان نے اسے دل پر نہیں لیا تھا اس لئے کہ عمران خان عزم اور استقلال کا دوسرا نام ہے وہ کھبی بھی کسی بھی موڑ پر شکست تسلیم نہیں کرتے، عمران خان کی مقبولیت کی ابتدائی جھلک 30 اکتوبر 2011 کو مینار پاکستان کے جلسہ عام میں دنیا نے دیکھی تھی۔
محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد 2008 کے الیکشن میں تحریکِ انصاف قومی سیاست میں تیسری قوت بن کر سامنے آئی اور 2013ئ کے الیکشن میں تحریک، انصاف کو پہلی بڑی انتخابی کامیابی ملی اور خیبر پختو ن خواہ میں جماعت اسلامی سے اتحاد کر کے حکو مت بنائی قوم کی حوصلہ افزائی سے عمران خان کو حوصلہ ملا تو پھر عمران خان نے پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ 2018ئ کے الیکشن میں پی ٹی آئی نے دو تہائی اکثریت لے کر قومی سیاست میں ذوالفقارعلی بھٹو کے بعد عوامی میں مقبولیت کی ایک نئی تاریخ رقم کی جو آج تک نہ صرف بر قرار ہے بلکہ تخت اسلام آباد کے ہر ظلم و جبر کے باوجود مقبولیت میں روز برو ز اضافہ ہو رہا ہے پا کستان کی غیر آئینی حکومت باوجود ہر ظلم و جبر کے عمران خان کی مقبولیت کا گراف نیچے لانے میں ناکام ہے
ممتاز کالم نگار مظہر برلاس اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں کہ 2018 کے الیکشن میں تحریک ِ انصاف کو پہلے کی نسبت زیادہ نشستیں ملیں تاہم اب بھی وہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں تھے لیکن تخت ِ اسلام آباد کیلئے جنرل باجوہ اور جنرل فیض حمید نے کردار ادا کیا اور یہی عمران کی سب سے بڑی سیاسی غلطی تھی اس غلطی کے پاداش میں عمران خان جنرل باجوہ اور جنرل فیض حمید کا احسان چکانے میں لگ گئے۔
جب عمران خان کے جنرل باجوہ سے اختلاف بڑ ھ گئے تو وہ کردار جو انہوں نے عمران کی حکومت بنانے میں ادا کیا تھا وہ ہی کردار عمران خان کی حکومت گرانے میں ادا کیا اس طرح عمران خان جنرل باجوہ اور جنرل فیض حمید کے درمیان پھنس کر رہ گئے۔
رجیم چینج کے بعد عمران خان کو مقام مقبولیت سے گرانے کے لئے تحریکِ انصاف کی قیادت، پارٹی رہنمائوں اور عمران خان کی سوچ کا ساتھ دینے وا لی عوام پر ظلم وجبر کی داستان لکھنے والے تخت اسلام آباد اور ان کے سہولت کاروں نے جو ظلم کیا اس سے وہ تحریک ِ انصاف کے انصافیوں کو ڈرا اور دبانے میں تو ناکام رہے البتہ عمران خان کی مقبولیت کو بلندیوں کے معراج پر پہنچا دیاہے۔
آج عمران خان، تختِ اسلام آباد کی غیر آئینی حکومت، دو بڑی سیاسی جماعتوں ان کے درباریوں اور سہولت کاروں کے گلے میں پھنسی وہ ہڈی ہیں جو نہ تو وہ نگل سکتے ہیں اور نہ اگل سکتے ہیں دینا جانتی ہے کہ عمران خان دریا میں بہتا ہوا وہ کالا کمبل ہے جسے پکڑنے والے چھو ڑنا چاہتے ہیں لیکن کمبل انہیں نہیں چھوڑ رہا ہے، جیل میں بیٹھا ہوا پاکستان کا کپتان کہہ رہا ہے ، میں اس وقت تک جیل میں رہوں گا جب تک آخری سیاسی قیدی رہا نہیں ہو جاتا اور یہ ہی قومی لیڈر کی پہچان ہوا کرتی ہے۔
پاکستان تحریک ِ انصاف کے قائد عمران خان نے کہا تھا کہ غیر آئینی حکومت بے اختیار ہے اس لئے ان سے مذاکرات کا کو ئی فائدہ نہیں ہم افواج پاکستان کے ساتھ بیٹھ کر قومی مفاد میں بات کرنے کو تیار ہیں عمران خان کے اس موقف پر درباری حکومت نے عمران خان کا مذاق اڑایا تھا۔ اس لئے تحریکِ انصاف نے حکومت اور ان کے اختیار کو بے نقاب کرنے اور انہیں آئینہ دکھانے کے لئے مذاکرات کے لئے کمیٹی تشکیل دی اور مذاکرات کے دوسرے دور کے بعد فارم 47، حکومت کے ترجمان مسلم لیگ ن کے امیر مقام کہہ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے مطالبات پر فیصلہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے بس میں نہیں دوسرے لفظوں میں ہم تو غلاموں کے غلام ہیں۔