ایک عورت جو اپنے بچوں کی پرورش میں بہترین ماں بننے کی جستجو میں تھی۔ اس کا نام زینب تھا، اور وہ ایک عام سی عورت تھی، مگر اس کا دل بے حد خاص تھا۔ زینب کو اللہ تعالیٰ نے دو خوبصورت بچوں کی نعمت عطا کی تھی، اور وہ جانتی تھی کہ یہ اولاد اس کے لیے اللہ کی امانت ہے۔
ایک رات، جب سب سو رہے تھے، زینب جاگ رہی تھی۔ اس نے دعا کے لیے ہاتھ بلند کیے اور دل کی گہرائیوں سے پکارا: “یا رب العالمین، میرے گناہوں کو معاف کر دے۔ تو نے مجھے اولاد کی نعمت سے نوازا، لیکن میں ان کی پرورش میں کہیں کمزور پڑ رہی ہوں۔ مالک، یہ بچے تیری امانت ہیں، اور ان کے بارے میں مجھ سے سوال ہوگا۔ میری رہنمائی کر کہ میں وہ ماں بن سکوں جو تیرے پسندیدہ راستے پر چل سکو
زینب کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے، لیکن اس کے دل میں ایک عزم تھا:
“یا اللہ، میں وہ ماں بننا چاہتی ہوں جو اپنے بچوں کے دل میں تیری محبت ڈال دے۔ یارب میں چاہتی ہوں کہ میرے بچے تیرے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو سب سے عظیم انسان کے طور پر جانیں اور ان کی زندگی میں ان کی سنتوں کو اپنائیں۔ میرے مالک میں وہ ماں بننا چاہتی ہوں جو ان کو اپنے دین اور اپنے وطن سے محبت کرنا سکھائے، تاکہ وہ اچھے مسلمان اور اچھے انسان بن سکیں۔”
زینب نے اپنے دل میں ایک فیصلہ کیا کہ وہ اپنے بچوں کی تربیت میں اپنی تمام توانائیاں لگا دے گی۔ اس نے بچوں کو کہانیاں سنانے کا سلسلہ شروع کیا، جن میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ طیبہ اور اسلامی تعلیمات شامل ہوتیں۔ وہ انہیں چھوٹے چھوٹے اعمال جیسے سچ بولنا، جھوٹ سے نفرت کرنا، اللہ سے دعا کرنا، گناہوں سے بچنا اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا سکھاتی۔
رفتہ رفتہ، زینب کے بچے نیکیوں کی طرف مائل ہونے لگے۔ ایک دن، اس کا بڑا بیٹا زید اسکول سے آیا اور کہا: “امی، آج میں نے اپنے دوست کی مدد کی کیونکہ آپ نے کہا تھا کہ دوسروں کی مدد اللہ کو پسند ہے۔” یہ سن کر زینب کا دل خوشی سے بھر گیا۔ اس نے اللہ کا شکر ادا کیا کہ اس کی دعائیں قبول ہو رہی ہیں۔
وقت کے ساتھ، زینب کی محنت رنگ لانے لگی۔ اس کے بچے نہ صرف اچھے مسلمان بنے بلکہ ان کی زندگی کے ہر قدم قدم پر دین ان کے ساتھ رہا۔ زینب نے ہر لمحہ اللہ سے مدد مانگی اور اس کی توفیق پر کامل یقین رکھا۔
زندگی کے آخری دنوں میں، زینب نے اپنے بچوں کو ایک نصیحت کی: “ہمیشہ یاد رکھو کہ دنیا کی کامیابی عارضی ہے، لیکن ایمان کی حفاظت ہمیشہ کی کامیابی ہے۔ اپنے رب سے جڑے رہنا، اور اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا۔”
زینب نے اللہ کے حضور وہ دعا کی تھی جو ایک ماں کی سب سے عظیم دعا ہو سکتی ہے: “مالک، میری اولاد کے ایمان کی حفاظت کرنا میری زندگی میں بھی اور میرے مرنے کے بعد بھی۔ آمین۔”
یہ کہانی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایک ماں کی خالص دعا اور محنت سے اولاد نہ صرف کامیاب ہوتی ہے بلکہ دین کے راستے پر چل کر دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوتی ہے۔