پردہ!عورت کا وقار

اللہ کا شکر ہے جس نے ہمیں نعمت اسلام سے نوازا اور ایک ایسی شریعت دی جس میں صحیح عقائد، عمدہ اخلاق اور کردارکی پاکیزگی کی اعلیٰ تعلیم ہے اور شرک وبدعت و بداخلاقی اور بے حیائی سے ممانعت پوری تاکید کے ساتھ موجود ہے۔ اور ہر ہر قدم پر علم وعمل اور قانون کے ذریعہ عفت وپاک دامنی کو فروغ دیا گیا اور بے حیائی، زناکاری وغیرہ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

پاکیزہ معاشرہ اور صاف ستھری سوسائٹی کے لیے عورتوں کو گھروں میں رکھ کر گھریلو ذمہ داریاں ان کو دی گئیں اور مردوں کو باہر کی ذمہ داریوں کا پابند کیا گیاہے تاکہ ایک صاف ستھرا اور پاکیزہ معاشرہ وجود میں آسکے اور مسلم معاشرے کی یہ خصوصیت اب تک باقی تھی لیکن اگر آج کل کے اسکولز کا ماحول دیکھا جائے تو یہ پاکیزگی دم توڑ رہی ہے اب اسکولوں میں co-education اور ایسے یونیفارم کا رواج عام کیا جارہا ہے کہ جس میں نصف برہنی کے ساتھ بے حیائی ہے۔ co-education اور بے حیائی کے لباس پر اعتراض کرنے والوں کو extremist اور دقیانوس کہہ دیا جاتا ہے؛ حالانکہ اسکولوں کی بے حیائی والے ماحول میں نشوونماپانے کے بعد کالج اور یونیورسٹی میں پہنچنے تک مسلم بچیوں کے رنگ وروپ بالکل بے حیائی میں ڈھل چکے ہوتے ہیں اور  بے حیائی اور فحاشی کے وہ مناظر سامنے آنے لگتے ہیں کہ انسانیت اور شرم وحیا اپنا سر پیٹ کے رہ جائیں۔

سوال یہ ہے کہ تعلیم حاصل کرنے کے لیے کیا co-education کو فروغ دینا ضروری ہے اور کیا بے حجابی کے بغیر کوئی لیکچر سمجھ میں نہیں آئے گا اور کیا کسی کلاس میں جانے کے لیے زیب وزینت والا چہرہ ضروری ہے اور کیا چھوٹے لباس اور ٹپ ٹاپ رہے بغیر کوئی کتابسمجھی نہیں جاسکتی۔ اور کیا کلچر کے نام پر والدین کے سامنے ان کی بیٹیوں کو اسٹیج پر بے حیائی کے لباس میں ڈانس کروانا اور نچوانا حصول تعلیم کے لیے ضروری ہے۔یہ سب بے حیائی کے کام اب مسلمان بھی کررہے ہیں ۔ ان حالات میں بہت سے مسائل پیدا ہوتے ہیں جن میں لڑکے اور لڑکیاں غلط قدم اٹھاتے ہیں اور جو انکی زندگی کی ناکامی کا باعث بن جاتی ہیں یہاں تک کہ خودکشی کا راستہ اختیار کر لیتے ہیں ایسے میں اس سب سے بچنے کا  حل صرف اللہ کے دین کی پیروی کرنا ہے کیوں کہ بے پردگی سے نجات اور  دنیا و آخرت کی کامیابی صرف اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے میں اور قانون کا مذاق اُڑانے والوں کے خلاف جنگ  کر نے میں ہے! اللہ ہم سب کو عقل سلیم عطا فرمائے! اور اپنے حکموں پر عمل کرنے کی اور پردہ کرنے اور اس کی لاج رکھنے کی توفیق بخشے!(آمین)