ایک جگہ میں نے پڑھا شہد کی مکھی کےبارے میں تو میں نے جاناکہ زندگی کو محنت اورلگن سے گزارنے کا کتناپیارا انداز ہےکہ ایک چھوٹی سی مکھی کتنے بڑے کام کے لیے چن لی گئی اور پھر کوئی کوتاہی بھی نہیں ہوتی اسکے اپنے فرائض کی ادائیگی میں، اس کی مثال اس لیےکہ بعض اوقات بڑے بڑے کارنامے یابڑی بڑی نشانیاں بھی انسانی عقل کو حیران کرنے سے قاصر ہوتی ہیں مگر چھوٹی سی نشانی سے بھی انسان حیران ہوئے بغیرنہیں رہتا جیسے کہ ایسابھی ہوتا ہے ناکہ کبھی کبھی بڑے سےبڑا غم انسان بڑی آسانی سےسہ جاتا ہے اورکوئی چھوٹی سی با ت پریشا نی اسکو دکھ کی ایسی گہرائی میں دھکیل دیتی ہے کہ اس کی ذات بکھر کر رہ جاتی ہے دل کے کسی کونے میں وہ درد پلنے لگتا ہے جو نہ تو کم ہوتا ہے نہ ختم ہوتا ہے نہ اسکا کوئی مرہم ہوتا ہے بلکہ وقت کے ساتھ اس میں اضافہ ہوتا جاتا ہے اور اہم بات یہ بھی ہے کہ یہ دردکسی اجنبی یا غیر کانہیں بلکہ کسی اپنے کا دیا ہوتا ہے جبھی تودل میں گھر کر جاتا ہے اور یہ اپنا جسے ہم کبھی خود سے جدا کرنے کا تصور بھی نہیں کر پاتے وہی ایک درد مسلسل دل کے اندرپیوست کر جاتاہے سوچ رہی ہوں کتنا مشکل ہوتا ہے ایسے دردکے ساتھ جینا یا پھرمر مر کر جینا آہ بھرتے درد سہتے عمریں گزار دینا خوش رہنا مسکرانااور سب ہار دینا، کچھ لوگ تو درد کو ہمدرد بناکر کیسے جیا کرتےہیں بس نے توبس یہی سمجھا یہی جانا کہ بڑے ہی ظرف والےہوتےہیں ایسے لوگ گہرےسمندر کی مانند ہوتے ہیں جن کے دلوں کو ٹٹولنے پر محبتوں کے جواہردرد کےموتی ملتے ہیں درد بھی ایساکہ جسکا کوئی درماں نہ ہو اور محبت بھی ایسی کہ جسکا کوئی رازدار نہ ہو سوائے رب کے اسی لیےتووہ اس قدرحوصلہ رکھتے ہیں کیونکہ رب کی ذات انکو آسرا دیتی ہےاوروہ اس سہارے زندگی گزار دیتےہیں درد سہتےسہتے!
لیکن جو درد کی وجہ بنتے ہیں آخر انکو احساس تک کیوں نہیں ہوتا کیاانکےسینےمیں دل نہیں دھڑکتا؟ اگرہم کسی کے لیےخوشی کا سبب نہیں بن سکیں تو غم کی وجہ بھی نہیں بنناچاہیے کیونکہ ہم سب اپنے کیے پرجوابدہ ہیں آج نہیں تو کل سہی روزحشر میں کوئی اپنے کیےکا جوابدہ ہوگا اوراس دن اللہ ٹوٹےدل والوں کے ساتھ ہوگا اس لیےکبھی کسی کے دردکہ وجہ نہیں بنناچاہیے۔
اگر آپ کسی کو پھول نہیں بانٹ سکتے تو کانٹے بھی مت چبھوئیں اور اگر محبت نہیں تو نفرت مت کیجیے میرا تو مشورہ ہے کہ زندگی محبتوں کے لیے ملی ہے محبت دیجیے اور پھر محبت ملے نہ ملے دل کو سکون تو ہوگا کہ ہم نے زندگی میں کسی کا برا نہیں کیا اللہ تعالٰی ہمیں جان بوجھ کر یا انجانے میں بھی کسی کی دل آزاری سے بچائے آمین ثم آمین۔