پَل پَل دِل دہلا دینے والی خبریں ہیں دِل غم سے پھٹ رہا ہے بار بار دل بھر آ تا ہے آنکھیں نم ہو جاتی ہیں موبائل بند کر دیتی ہوں مگر پھر بے چینی بڑھ جاتی ہے اور چین نہیں لینے دیتی پھر فیس بک کھول لیتی ہوں ہر طرف چیخیں سسکیاں آ نسو اور بہتے لاشے سوچتی ہوں کچھ لکھوں مگر کیا؟۔ نوحہ لکھوں تو کس کا لکھوں؟ تعزیت کروں تو کس کی کروں؟ عیادت کروں تو کس کی کروں؟ میرا تو سندھ بھی بہہ گیا بلوچستان بھی بہہ گیا خیبرپختونخوا بھی بہہ گیا اور پنجاب بھی میں کراچی والی ہوں مگر یہ سب میرے اپنے ہیں۔
یہ اسی طرح میرے دل میں بستے ہیں جیسے میرے جسم میں خون گردش کرتا ہے میرے پاس وہ الفاظ ہی نہیں جنہیں میں ضبط تحریر میں لاسکوں آنکھیں بند کروں تو ان پانچ بھائیوں کی دلدوز چیخیں اور پکار دہلا دیتی ہیں اس تین سالہ بچے کی لاش بہتی نظر آ تی ہے۔ میں چونک اٹھتی ہوں ۔ اپنے ارد گرد لیٹے اپنے بچوں کو پُرسکون نیند لیتے ہوئے دیکھتی ہوں ۔ مگر پھر بھی سکون نہیں ملتا۔ رات کی تاریکی اور چاروں جانب سیلا بی پانی اور ایک چھپر تلے وہ نو معصوم بہن بھائی ماں کو ساری رات پکارتے رہے۔ اماں بھوک لگی ہے اماں اندھیرا ہے اماں دودھ دے دو۔ اماں مچھر کاٹ رہے ہیں۔ اور وہ معصوم بچی جو کیچڑ میں لتھڑی اپنی کتابوں کو جمع کر رہی ہے اور وہ لوگ جو اپنے آشیانوں کو خیر باد کہتے ہوئے اپنا قیمتی اثاثہ قرآن پاک ہی اٹھا پائے، دل کٹ رہا ہے یہ منظر دیکھ کر اس مقدس کتاب کو کبھی سینے سے لگاتے ہیں تو کبھی ہونٹوں سے لگاتے ہیں اور کبھی سر پر رکھ لیتے ہیں اور اپنے رب کے آ گے گڑگڑانے لگتے ہیں۔
چیختا، دھاڑتا، ٹکریں مارتا سیلابی پانی سب کچھ تہس نہس کر کے اپنے ساتھ بہا لے جا رہا ہے، گاؤں کے گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ رہے ہیں کیا انسان کیا جانور آسمان کی بلندیوں کو چھوتے چیڑ کے درخت یا کنکریٹ کے بنے ہوٹل سب ہی بہہ رہے ہیں اور ہمیں یہ باور کروا رہے ہیں کہ،
جگہ جی لگانے کی دنیا نہیں ہے
یہ عبرت کی جا ہے تماشا نہیں ہے
آج ہم جو اس آفت سے محفوظ ومامون ہیں تو ہمیں اس وقت انصار کا کردار ادا کرنا ہے۔ اپنے آفت زدہ علاقوں کے بہن بھائیوں کے لیے اپنے دلوں کے دروازے وا کرنے ہیں۔ اور اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہے۔ میرا رب بڑا رحیم و کریم ہے اگر آج آپ اس کار خیر میں ایک ذرہ برابر بھی حصہ ڈالیں گے تو میرا رب آخرت میں دس گنا کر کے لوٹائے گا۔
آ ئیں جماعت اسلامی کی فلاحی تنظیم الخدمت کے دست و بازو بن جائیں اور اپنی آ خرت سنوار لیں۔