چین میں جشن بہار اور اس سے جڑی چند اہم روایات

 

چین دنیا بھر میں اپنی رنگا رنگ اور متنوع ثقافت کی وجہ سے بہت مشہور ہے۔ چین میں اپنے قیام کے دوران ہمیں مختلف قسم کی ثقافتی سرگرمیوں کو دیکھنے اور ان میں شرکت کرنے کا موقع ملتا رہتا ہے۔ انہی سرگرمیوں میں سب سے بڑی ثقافتی سرگرمی چین میں نئے سال کی آمد ہے۔ چین میں نئے سال کو جشن بہار بھی کہا جاتا ہے۔ یہ موقع اپنے اہل خانہ سے ملاقات کا ہوتا ہے۔ آج کل چینی عوام کے معیار زندگی بلند ہونے کے ساتھ ساتھ جشن بہار منانے میں بھی تبدیلیاں آ رہی ہیں۔

اب وی چیٹ کے ذریعے ریڈ پیکٹ ایک دوسرے کو ٹرانسفر کیے جاتے ہیں نئے سال کے موقع پر کچھ امیر لوگ دیگر ممالک کی سیاحت کے لئے بھی جاتے ہیں۔ یہ نئے دور میں بدلتے ہوئے چینی جشن تہوار کے نئے رنگ ہیں۔ جشن بہار کے موقع پر چین میں چالیس روزہ تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔پوری دنیا میں مقیم چینی نہایت جوش و خروش سے یہ تہوار مناتے ہیں۔ اس تہوار کے موقع پر گھروں ،دکانوں اور بازاروں کی سجاوٹ کے لیے سرخ رنگ کے استعمال کو ترجیح دی جاتی ہے۔ جشن بہار کے موقع پر لباس میں سرخ رنگ غالب نظر آتا ہے۔

جشن بہار کی تاریخ اور اہمیت۔

ہماری عیدین کی طرح چین کا سب سے بڑا تہوار جشن بہار ہے وقت کے ساتھ ساتھ جشن بہار منانے کے طریقہ کار میں تبدیلیاں آتی رہی ہیں تاہم چینیوں کی زندگی اور تصور میں جشن بہار کی حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ اس تہوار کی تاریخ چار ہزار سال پرانی ہے۔ آغاز میں اس تہوار کا نہ کوئی خاص نام تھا اور نہ ہی منانے کی کوئی مقرر تاریخ تھی۔ دو ہزار ایک سو سال قبل مسیح کے زمانے میں چینیوں نے سیارہ مشتری کی ایک مکمل گردش کے عرصے کو ایک سال کی مدت قرار دیا اور جشن بہار کو زوئی کا نام دیا یعنی سال۔ پھر ہزار سال قبل مسیح کے زمانے میں چینی لوگ جشن بہار کو نیان کے نام سے پکارنے لگے نیان کا مطلب ہے عمدہ فصل کا سال ۔

چین میں جشن بہار کب منایا جاتا ہے؟۔

چین کے لوگ روایتی رسم و رواج کے مطابق جشن بہار کا موسم قمری کیلنڈر کے بارہویں یعنی آخری مہینے “لایوئے” کی 23ویں تاریخ سے شروع ہوتا ہے اور اگلے سال کے پہلے ماہ یعنی “چنگ یوئے” کی 15 ویں تاریخ کو لالٹین تہوار تک منایا جاتا ہے ۔ اس دوران سال گزشتہ کی آخری رات اور نئے سال کا پہلا دن سب سے اہم دن ہیں۔ رواں برس 31 جنوری چاند رات اور یکم فروری جشن بہار کا پہلا دن ہوگا۔

جشن بہار کی چند اہم روایات۔

شاؤ نیان تہوار:( گھروں ، دفاتر اور کاروباری مقامات کی صفائی کا دن)چینی قمری کلینڈر میں شاؤ نیان کا مطلب ہے چھوٹا نیا سال۔ شاؤ نیان چین میں جشن بہار کی آمد کا اعلان ہوتا ہےیہ 12 ویں قمری مہینے “لایوئے” کی 23 تاریخ کو شمالی چین اور 24 تاریخ کو جنوبی چین میں منایا جاتا ہے۔ اس دن لوگ اپنے گھروں اور دکانوں کی صفائی ستھرائی کا کام کرتے ہیں۔ چین کے لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ اس روز اکثر دیوتا آسمانوں پر واپس چلے جاتے ہیں تاکہ لوگ آرام سے صفائی ستھرائی کے کام کر سکیں۔

توفو کی تیاری۔

چین کی شاہکار روائتی داستانوں میں جید شہنشاہ کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اور یہ تصور کیا جاتا ہے کہ آسمانوں پر ان کی حکومت ہے۔ چینی لوگوں کا ماننا ہے کہ 12 ویں قمری مہینے کی 25 تاریخ کو جید شہنشاہ جنہیں چینی زبان میں” یو ہوانگ دادی “کہا جاتا ہے زمین پر آتے ہیں اور دنیا کا معائنہ کرتے ہیں۔ وہ لوگوں کے رہن سہن، لگن اور ایمانداری کا جائزہ لیتے ہیں۔اس دن لوگ خصوصی طور پر روائتی کھانا توفو تیار کرتے ہیں۔ یہ چین میں تیار ہونے والا سب سے سستا کھانا ہے۔ اس کی تیاری کا مقصد جید شہنشاہ کی خوشنودی حاصل کرنا ہوتاہے۔ اس دن روائتی عبادات منعقد کی جاتی ہیں۔ چینی عقائد کے مطابق اس دن چینی لوگوں کے رزق میں اضافہ لکھا جاتا ہے۔ اس لئے لوگ محنت سے توفو تیار کرتے ہیں۔

اس دوران شمالی مشرقی چین میں لوگ ایک خاص قسم کا بن تیار کرتے ہیں جسے مقامی زبان میں “نیان دو باؤ” کہا جاتا ہے۔ اس میں سرخ لوبیے کی پیسٹ بھری ہوتی ہے اور باہر ہمارے ہاں پائے جانے والے پوڑے کی طرز کا ایک کور ہوتا ہے۔ “نیان دو باؤ” جشن بہار کے دوران کثرت سے پیش کی جانے والی ایک بنیادی خوراک ہوتی ہے۔

گوشت کی دعوت۔

لا یوئے کی 26 تاریخ۔ چین میں 12 ویں قمری مہینے کی 26 تاریخ کو خصوصی طور پر گوشت پکا یا جاتا ہے۔ ماضی میں وسائل کی کمی کی وجہ سے عام طور پر لوگ جشن بہار کے موقع پر ہی گوشت کھایا کرتے تھے تو اس وجہ سے اب خصوصی طور پر اس دن گوشت کھایا جاتا ہے۔ یہ وہ دن ہوتا ہے جب امیر اور غریب سبھی بڑی رغبت سے گوشت کھاتے ہیں۔

خصوصی غسل کا دن۔

چین میں 12 ویں قمری مہینے کی 27 تاریخ کو لوگ ایک خصوصی غسل کا اہتمام کرتے ہیں۔ اپنے کپڑے دھوتے ہیں۔ اس دن اس سرگرمی کا مقصد برائیوں اور گندگی کو دور بھگانا اور نئے سال میں اپنے آپ کو بیماریوں سے بچانا ہے۔بیجنگ اور تیانجن شہر میں لوگ اس دن خصوصی طور پر مر غ کھاتے ہیں۔ اس دن مرغی کی بجائے مرغ کا گوشت زیادہ رغبت سے کھایا جاتا ہے۔ اس مقصد یہ ہوتا ہے کہ اگلا سال خوش بختی کا سال ہوگا۔

چاند رات کا ٹی وی شو۔

وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ چین میں بہت سی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ ایسی ہی ایک خوشگوار تبدیلی چاندرات کو پیش کیا جانے والا چائنا میڈیا گروپ کا ” ایوننگ گالا شو” ہے۔ یہ شو 1980 کی دہائی سے باقاعدگی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ یہ چین میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ٹیلی ویژن پروگرام ہے۔