انسان نے اپنے علم کو بروئے کار لاکر نت نئی ایجادات کی ہیں۔ہرایجاد اپنی جگہ حیران کن اورمفیدہے مگر موبائل فون ایک ایسی ایجاد ہے کہ اس نے انسانی زندگی میں انقلاب برپا کردیا ہے۔ موبائل فون پر بات بات کرتے وقت یوں لگتا ہے جیسے بات کرنے والا ہمارے ساتھ ہی بیٹھا ہو۔
کاروباری حضرات ، بچے، بوڑھے نیز تفریح حاصل کرنے والوں کے لیے موبائل فون ایک حیرت انگیز چیز ہے۔موبائل فون کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ آپ ہر جگہ استعمال کر سکتے ہیں۔موبائل کمپنیوں کی طرف سے دیئے جانے والے مختلف کال پیکج کی وجہ سے سے موبائل فون سے ایک عام آدمی بھی استفادہ کر سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ پچھلی ایک دہائی سے موبائل فون کے استعمال میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے ۔
کاروباری حضرات کے لیے بھی موبائل فون ایک بہت بڑی نعمت ہے یہ لوگ بھی دور دراز علاقوں میں اپنے کاروبار کو انٹرنیٹ اور فون کی مدد سے ترقی دے رہے ہیں ۔
فائدے کے علاوہ اس کے بہت سے نقصانات بھی ہیں اس چھوٹے سے آلے نے ہمارے خیالات اور اظہار کو بدل ڈالا ہے ۔ موبائل فون کے بے جااستعمال سے وقت کے ساتھ ساتھ عوام کا پیسہ بھی ضائع ہو رہا ہے ، طلبہ کا تعلیمی رجحان کم ہو رہا ہے اور جن کو تعلیمی میدان میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کے لیے سخت محنت کرنی چاہیے تھی آج کل موبائل فون کے استعمال کی دوڑ میں آگے نکلنے کی کوشش میں مصروف ہیں جس کو دیکھو موبائل میں نظریں جمائے بیٹھا ہے۔
بعض بچے موبائل فون پر گیمز کھیلتے کھیلتے ہی اپنا وقت ضائع کر دیتے ہیں۔ موبائل کی اسکرین سے خطرناک شعاعیں نکلتی ہیں جو آنکھوں کے لئے انتہائی نقصان دہ ہیں ۔زیادہ دیر موبائل فون کے استعمال سے ذہن کمزور ہوتا ہے۔
اب جبکہ صورتحال یہ ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے سب تعلیمی اور کاروباری ادارے بند تھے تو تمام افراد اور طالب علم کے لیے موبائل فون ایک ضرورت بن گیا ہے۔لیکن اس ضرورت کو اس کی حد میں رکھیں اور اس کے محتاج نہ بن جائیں کہ ایک ڈیوائس ہم پر قابو پالے۔ایجاد کوئی بھی ہو اس کے اچھے پہلو پر نظر رکھیں تو وہ مفید ثابت ہوتی ہے وگرنہ وہ ہم ہی کو لے ڈوبتی ہے۔