اِسے ایک المیہ کہیئے یا بدقسمتی کہ ہمارے وطن عزیز کو جو بھی حکمران ،آمریا سیاستدان ملا، ’’کیا خوب‘‘ملا، ہر ایک نے اِس مُلک کی محبت کا دم بھرا ، اِس کے لیے جان تک قربان کرنے کا عزم کیا، اِس کی ترقی و خوشحالی کا اراگ الاپا، اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے ،وطن عزیز کی بہتری اور اسلام کی سربلندی کے لیے بہت نعرے لگائے مگر عملی طور پر کچھ نہ کیا،ہر ایک نے اقتدار پاکر ’’بدمست ہاتھی‘‘ کی طرح اِس دیس کی عزت ووقار اور اِس کی سالمیت سے کھیلنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی (چاہے وہ آمر حکمران ہو،سیاستدان ہو یا کسی پارٹی کا لیڈر ) ہر ایک نے ’’جنتاسیوک‘‘ ہونے کا ڈھونک رچا کر مختلف روپ اوربہروپ اپنا کر مختلف شکلوں میں نرالے انگ سے اور نرالے ڈھنگ سے اِسے لوٹا اور ڈسا،کسی نے اِسے مُلک دشمن عناصر کے ساتھ مل کر اِس مُلک کی ناؤ ڈبونے کی کوشش کی،کسی نے اِسے مُلک کی خیر خواہی اور سا لمیت پاکستان کے نام کا لبادہ اُوڑھ کر اِس کی جڑیں کھوکھلی کرنے کی کوشش کی،کسی نے اِسے مہاجر قوم ،دیگر قوموں اور صوبوں کے دفاع اور ان کے تحفظ کانام لے کر اغیار کے ساتھ مل کر ڈبونا چاہا ـ
افسوس کی بات یہ ہے کہ ملک عزیز کے ساتھ اِن میں سے کوئی بھی مخلص نہیں، سب ہی بزنس مین ہیں، کوئی بھی اِس دیس کا خیر خواہ نہیں، مشکل وقت میں مُلک وقوم کو چھوڑ کر دیار غیر میں جابسیں گے، سب ہی اِس ارضِ وطن کی بربادی کا تماشا دیکھنے والے ہیں، مختلف شکلوں، مختلف حیلوں، بہانوں،ڈراموں، مکارانہ کارروائیوں، مصالحانہ پالیسیوں کے باعث اِس مُلک کی جڑوں میں بیٹھے اِسے اغیار کی ’’تھپکی‘‘ اور ’’خواہش ‘‘ پر کھوکھلا کرنے بیٹھے ہیں، اپنے اقتدار اور مفادات کی ہوس لیے اور اِس میں مسلسل اضافے کی خاطر اِس مُلک کی سلامتی تک کو داؤ پر لگائے ہوئے ہیں، ذرا نہیں سوچتے کہ اِن کی آپسی اور مفاداتی جنگ کا یہ مُلک متحمل نہیں ہوسکتا، اقتدار اور مفاد کے حریص پل بھر کے لیے بھی نہیں سوچتے کہ ہمارے یہ اقدامات بیرون دنیا میں ہمارا وقار خراب اور ہمیں جگ ہنسائی کا موجب بنارہے ہیں،ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالتے وقت اپنی عزت بھی نہیں دیکھتے،ملکی وقار بھی داؤ پر لگا دیتے ہیں، اِن میں بعض کا یہ عالم ہے کہ جوشِ خطابت میں ملکی سلامتی اور اِس کا وقار بھی داؤ پر لگا دیتے ہیں اور اپنے غیر ذمہ درانہ بیانات کے باعث حکومت ِوقت اورسیکیورٹی اداروں کوبھی مشکل اور آزمائش میں ڈال دیتے ہیں اور اِس پر ذرابھی ندامت اور شرمندگی محسوس نہیں کرتے ـ (اُلٹا توجہ دلانے پر پوری ڈھٹائی کے ساتھ اِس پر اڑ جاتے ہیں) ـ
اِ س مُلک کی یہ سب سے بڑی بدقسمتی رہی ہے کہ اِس کی قسمت میں ہی اپنوں سے زخم کھانا لکھا ہے، اِس کو اتنا نقصان ان پڑھ لوگوں نے نہیں پہنچایا ،جتنا پڑھے لکھے لوگوں نے دیا ہے،اِس مُلک کو اتنا خسارا عوام نے نہیں دیا، جتنا اِن ’’جنتا سیوک‘‘حکمرانوں اور سیاستدانوں نے پہنچایا ہے،ہمیں اتنا خطرہ باہر سے نہیں،جتنا اندر سے ہے،ہمارا ہر لیڈر چاہے وہ سیاسی ہویا دینی ،اگر حکمران ہے تو مسندِ اقتدار کے نشہ میں دُھت اپنی رعایا کو کیڑے مکوڑے سمجھنے لگتاہے اور اگر دینی رہنماء ہے تو اپنے ورکرز کی بھاری اکثریت کے زعم میں مبتلا اپنے آپ کو ان داتا ، سپریم لیڈر ،یہاں تک کے ناقابلِ تسخیر سمجھنے لگتاہے،ایسے میں اپنے آپ کو اِس مُلک کی ’’ناگزیر ضرورت‘‘ تصور کرتے ہوئے اپنے مشورے ،فیصلے اور ایجنڈے زبردستی ریاست پر ٹھونسنے لگتے ہیں اور اُوپر سے اِن پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں ورکروں کا ساتھ ہونے کے زعم اور طاقت کے نشے میں دُھت حکومت کی اینٹ سے اینٹ بجا دینے اور سخت اقدامات کی دھمکیاں دینے پر آجاتے ہیں،جس وجہ سے بیرونی دنیا میں ہمارا اچھا تاثر نہیں ابھرتا، یہ وہ تلخ حقیقتیں ہیں جس نے پاکستان کوکبھی بھی خوشحال و مستحکم نہیں ہونے دیا،ا ُوپر سے سیاسی و مذہبی قائدین کے لیے لگائے گئے اِس بھولی عوام کے یہ نعرے’’تیرے جانثار بے شمار‘‘’’حاضر حاضر لہو ہمارا‘‘’’قائد کا جو غدار ہے ،موت کا حقدار ہے‘‘ ہمیں لے بیٹھتے ہیں –
مُلک کی تباہی وبربادی میں یہ وہ عوامل ہیں جومہلک اور جان لیوا کردار ادا کرتے ہیں اوراِس مُلک کو بجائے اِس کے ، کہ ترقی کی طرف بڑھے،تنزلی کی جانب دھکیل رہے ہیں، یہ اِس مُلک کا ہی حوصلہ ہے کہ جو اِس سرزمین پر ایسے ایسے انتہاء پسند ،جنونی، مفادپرست اور مُلک دشمن عناصر اور مُلک کے خلاف بولنے والوں کا بوجھ لیے ہوئے ہیں،اِس کے اُوپر دندناتے، چنگاڑتے یہ اِس دھرتی پر زخم لگارہے ہیں۔