رحمت اور بخشش کے قیمتی لمحے

هَلْ جَزَاءُ الْإِحْسَانِ إِلَّا الْإِحْسَانُ

آج صبح سویرے سورہ رحمٰن کی تلاوت سننتے ہوئے اس آیت پر بے اختیار میرے آنسو نکل آئے۔ کتنی خوبصورت امید ہے ۔ کتنا پیارا احساس ہے جو ہمارے اللہ سبحان تعالٰی نے ہمیں دلایا ہے۔ نیکی کا بدلہ نیکی کے سوا کچھ نہیں۔ مطلب اگر آپ احسان کا مطلب دیکھو تو یہ لفظ حسن سے نکلا ہے جسکا مطلب ہے اچھے طریقے سے، خوبصورتی سے،اگر آپ ایک احسن طریقے سے کوئی نیکی کرو جیسے اللہ سبحان تعالٰی نے کرنے کا حکم دیا ہے تو وہ آپکو اسی احسن طریقے سے لوٹائی جائے گی۔ دین میں یہی احسان ہے۔ جس خوبصورتی سے جتنے اچھے طریقے سے آپ نے نیکی کی اللہ سبحان تعالٰی سے ویسی واپسی کی امید رکھنی چاہئے۔

اب اگر اس آیت کے مطابق اپنی زندگی کا جائزہ لیا جائے تو کیا ہم اپنی زندگی میں ایسے احسن اعمال کرتے ھیں جن کا بدلہ ہمیں ا حسن ملے تواسی آیت کو عملیاتی طور اپنی زندگی میں دیکھتے ہیں۔اگر احسن نیکیوں کا ذکر کریں تو پہلے اپنے گھر سے شروع کر یں۔ اگر مرد یا عورت کوئی بھی ایک دوسرے کی ذمہ داریوں کو بانٹ رہا ہے تو دوسرا اس نیکی کا ادراک کرتے ہوئے اس کی حوصلہ افزائی کرے۔ سب کی موجودگی میں اسکو سراہے۔ چھوٹی چھوٹی غلطیاں نظر انداز کر کے احسن طریقے سے اسکی نیکی کا صلہ بحیثیت انسان دینے کی محض کاوش کر کے دیکھے۔اسی طرح کاروبار ،رشتے دار ، کام کی جگہ نیز ہر موڑ پر صرف وہ لوگ جو آپکے ساتھ نیکی کریں انکو جاننے کی پہچاننے کوشش کریں اور انکو انکی اس نیکی کا بدلہ دینے کی کوشش ضرور کریں۔ اللہ سبحان تعالٰی ہی بیشک اصل صلہ دینے والا ہے مگر کبھی کچھ لوگ ہمارے ساتھ ایک نہ نظر آنے والی نیکی کرتے چلے جاتے ہیں اور ہم ان ان دیکھی نیکی سے مستفید ضرور ہوتے ہیں مگر اسکو وہ عزت نہیں دیتے جس کی وہ اصل حقدار ہے۔

جیسے رات کو سوتے میں آپکو پانی کا گلاس پاس رکھنا ہے اور روز کوئی چاہے آپکی ماں، بیوی، بہن میں سے کوئی بغیر کہے لا کر رکھ دے آپکو احساس تک نہ ہو گا مگر یہ بھی ایک نیکی ہے جب ہم کسی کے لیے سہولت پیدا کریں۔ آپکو کبھی اس چھوٹے سے عمل کو پہچانتے ہوئے انکو اس بات کا احساس دلانا ہے کہ اس عمل سے آپ خوش ہوتے ہیں اور یہ آپکی آسانی میں ایک اضافہ ہے جو انکی وجہ سے ہے۔ یہ احسن طریقے سے لوٹائے جانے کا ایک احساس ہے۔اس سے کیا ہی فرق پڑےگا مگر کرنے والے کا دن بن جائے گا۔

اللہ سبحان تعالٰی اپنی صفات میں کامل ہیں مگر ان صفات کئی پیروی کر کے اپنی اور اپنے اردگرد کے لوگوں کی زندگیوں کو آسان بنائیں۔ آج کل کے مشکل دور میں آسانیاں تقسیم کرنے میں جلدی کریں۔ کچھ مشکل نہیں اگر جھک کے چلیں کم از کم ان کے ساتھ تو ضرور جو آپکے ساتھ جھک کے چلنے کی کوشش میں لگے ہیں۔