ہم بڑے خوش نصیب ہیں جنہیں آزاد سرزمین پر رہنے کا شرف حاصل ہے ،جی ہاں یہ آزادی اور یہ وطن ایک بڑی نعمت ہے جس کا اندازہ ہمیں اپنے بزرگوں سے معلوم ہوا، چاہے وہ برصغیر کے کسی بھی خطے کے رہائشی تھے لیکن انہیں اس وقت برصغیر میں کن تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑا وہ انہیں ہی معلوم ہے ، اور جنہوں نے ہجرت کی ،اس درد کا احساس بھی وہی جانتے ہیں، ہمیں تو ارض وطن اللہ رب العزت نے بغیر دکھ اٹھائے عطا کردی ہے، لیکن اب ہمارا کام اس کی حفاظت کرنا اور اسے مضبوط بنانا ہے کیونکہ اپنا وطن ہی ہماری پہچان اور شناخت ہے ، بیشک اس وقت حالات سنگین نوعیت کے ہیں لیکن ہمیں ہمت نہیں ہارنا ، ہر ایک اگر ایمانداری اور خلوص دل سے اپنے فرائض کی ادائیگی کرے تو یہ چمن گلِ گلزار ہوسکتا ہے خصوصا ہماری نئی نسل اس وطن کے مستقبل کی معمار ہے حقیقی معنوں میں معمار بن کر اس وطن کا حق ادا کرسکتی ہے ، کیونکہ ہماری نوجوان نسل باصلاحیت ، ذہین ہے آج ان مشکل حالات میں بھی وہ اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھارہی ہے ہر شعبے میں ہمارے یہ نوجوان اپنے کارناموں اور صلاحیتوں سے وطن عزیز کا نام روشن کر رہے ہیں۔
سوچئے اگر حالات سازگار ہوں انہیں اپنے وطن میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جائیں تو نہ صرف یہ خود ترقی کرسکتے ہیں بلکہ اپنے وطن کا نام بھی روشن کرسکتے ہیں لیکن نہ جانے ہماری سرکار اس عظیم فریضے سے کیوں غافل ہے غریب کی جھونپڑیوں میں بھی ایسے لعل موجود ہیں جنہیں پالش کرکے نایاب بنایا جاسکتا ہے۔یعنی انہیں سازگار ماحول میں مفت اعلی تعلیم کی سہولت میسر ہو _جس سے ہماری سرکار چشم پوشی سے کام لے رہی ہے۔
جماعت اسلامی نے سرکار کی اس غفلت اور کوتاہی کو محسوس کرکے ہی نوجوان نسل کی تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی ہے اس سلسلے میں’’بنو قابل‘‘ اہم پیش رفت ہے جو بغیر تفریق ہر بچے کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرکے نہ صرف انکا مستقبل سنوارنے کے لئے بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے بلکہ آنے والے وقت کے لئے پاکستان کے لئے باصلاحیت نسل بھی تیار کر رہی ہے پاکستان کے ہر خطے سے ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کو بہترین سازگار ماحول میں مفت جدیدتعلیم دینا پوری قوم کے لئے باعث فخر بات ہے یہی نہیں بلکہ دس ہزار نوجوانوں کو مفت لیپ ٹاپ فراہم کرنا بڑی خدمت کہی جا سکتی ہے _۔
کل تک نوجوانوں کے لئے جو مایوسی کی لہر پھیلی ہوئی تھی وہ آج روشن صبح میں تبدیل ہوتی نظر آرہی ہے وہ نوجوان نسل جن کا پاکستان میں مستقبل نظر نہیں آتا تھا جو مشکل حالات میں تعلیم حاصل کرکے اپنے بہترین مستقبل کے لئے بیرون ممالک کا رخ کرتے تھے آج ان کےلیئے جماعت اسلامی نے نئی راہیں کھول دی ہیں، جو انہیں مایوسی اور نا امیدی سے باہر لائیں گی اور یہ نوجوان پاکستان کی طاقت بنیں گے ۔آمین یا رب العالمین اس کار خیر کے لئے پوری قوم جماعت اسلامی، حافظ نعیم صاحب اور جماعت اسلامی کے تمام کارکنان کی مشکور و ممنون ہے سلام ہے جماعت اسلامی کو ،اور دعا ہے کہ ان شاءاللہ یہ وطن ان نوجوانوں کی وجہ سے ضرور اگے بڑھے گا ۔
آمین ثم آمین یا رب العالمین