امی کا پرس ہمیشہ سے میرے لیے دلچسپ اور پر اسرار رہا ہے۔ بچپن میں جب بھی میں نے امی کے پرس میں جھانکنے کی کوشش کی، مجھے ایسا محسوس ہوتا کہ یہ ایک جادوئی دنیا ہے جس میں ہر چیز کا ایک مقصد اور فائدہ ہوتا ہے۔ امی کا پرس چھوٹی چھوٹی چیزوں سے بھرا ہوتا ہے، جو گھر سے باہر کام آتی ہیں، چاہے وہ گھر کے کام ہوں، یا کسی ایمرجنسی کی صورت حال۔ چھوٹی چھوٹی چیزیں ہمیشہ ترتیب سے رکھی ہوتی ہیں، اور کبھی کبھار تو ایسا محسوس ہوتا کہ پرس کا ہر گوشہ ایک خاص مقصد کے لیے بنایا گیا ہے۔
پرس میں پیسوں کے علاوہ چابیاں، پانی کی بوتل، یا اسکول کے لیے کچھ سامان۔ اگر کبھی سفر پر جانا ہو، تو امی کے پرس میں ایک اور دلچسپ چیز سنی پلاسٹ اور دوا کی پٹی ہوتی ہے جو امی فوری طور پر کسی بھی معمولی زخم یا تکلیف کا علاج کرنے کے لیے نکال لیتی ہیں۔ اس کے علاوہ سر درد کی دوا اور مرہم ہمیشہ پرس میں پایا جاتا ہے۔ یہی نہیں، پرس میں کسی بھی موسم کے مطابق کریم یا لوشن بھی موجود ہوتا ہے، تاکہ اگر ہم کہیں باہر ہوں تو جلد کی حفاظت کی جا سکے۔ پرس میں سوئی دھاگہ بھی ہوتا ہے، جو کسی بھی کپڑے کی خرابی کو فوراً درست کرنے کے کام آتا ہے۔ کبھی کبھی پرس میں چھوٹی سی نوٹ بک اور قلم بھی ہوتاہے تاکہ جب کوئی ضروری بات یا خیال آئے، تو فوراً اسے لکھ لیا جائے۔ ایک اور چیز جو اکثر امی کے پرس میں ملتی ہے وہ ہے موزے اور ٹی شرٹ، جو فوراً کسی ہنگامی صورتحال میں بچوں کے کام آتی ہیں، سفر کے دوران یا کہیں باہر جاتے وقت۔ اگر ہمیں تھوڑی دیر کے لیے آرام کی ضرورت ہو، تو پرس میں ہمیشہ چائنیز، ہاتھ کا چھوٹا خوبصورت پنکھا بھی ہوتا ہے تاکہ ہم گرمی میں سکون سے بیٹھ سکیں۔ اس کے علاوہ، امی کے پرس میں کنگھا، پونی، کلپ، اور ایک عدد لپ اسٹک کا موجود ہونا بھی بہت ضروری ہے۔
سیفٹی پن، کامن پن، اسکارف پن، میری امی تو۔ پرس کے کونے میں پیپر پن بھی دو چار ڈال لیتی ہیں کہیں اس کی بھی ضرورت نہ پڑ جائے۔ پن کی پوری فیملی کا بسیرا ہوتا ہے پرس میں۔ حد یہ ہوتی ہے کہ دو چار ربر بینڈ بھی پرس کے کسی کونے میں پڑے نظر آجاتے ہیں۔ چمچ اور ایک چھوٹی سی پلیٹ جیسے ضروری سامان بھی ہوتے ہیں، جو کبھی کسی چھوٹے سے سفر کے دوران کام آ جاتے ہیں۔ دھوپ کا چشمہ ہمیشہ پرس میں محفوظ ہوتا ہے، کسی کو بھی ضرورت پڑنے پر وہ فوراً فراہم کر دیتی ہیں۔ خدمت میں پیش پیش باکمال لوگ لاجواب سروس ہوتی ہے میری امی کی ۔ اس کے ساتھ ہی، چھوٹی قینچی اور کیس میں بند ہو جانے والی چھوٹی چھری بھی رکھی جاتی ہے تاکہ کسی بھی ضروری چیز کو کاٹنے کی ضرورت پیش آئے اور ہاں، پرس میں اکثر بسکٹس اور ٹافیاں بھی ہوتی ہیں، جو کبھی کبھی بھوک کے وقت یا بچوں کی خواہش پر نکال کر دے دی جاتی ہیں نہ صرف اپنے بچوں کو بلکہ دوسروں کے بچوں کو بھی۔ اور اب زمانے کی ترجیحات کے حساب سے دیکھ بھال اور صفائی کا بھی ہمیشہ خیال رکھا جاتا ہے۔
امی کا پرس ہینڈ سینیٹائزر، ٹشو پیپر، فیس ماسک اور موبائل چارجر بھی رکھتا ہے۔ کبھی کبھار گھر سے باہر نکلنے کے بعد یاد آتا ہے کہ موبائل تو گھر پر ہی رہ گیا ہے۔ ان سب چیزوں کا مقصد صرف یہ ہوتا ہے کہ وقت پر کوئی بھی چھوٹی سی مشکل پیش آ جائے تو وہ فوراً حل ہو جائے۔ ایک اور خاص بات یہ ہے کہ امی کا پرس ہمیشہ محبت اور دعاؤں سے بھرا ہوتا ہے۔ کبھی کبھار جب ہم پریشان ہوں یا تھکے ہوئے ہوں، تو امی کا پرس کھولنا اور ان کے ’’پرس کی خوشبو‘‘ میں غم کو بھلا دینا، ایک سکون بخش تجربہ ہوتا ہے۔ ضروری چیزیں بلکہ ہر چیز کو محبت کے ساتھ سلیقے سے رکھا گیا ہوتا اور اس کی ہر چیز کا ایک مقصد اور اہمیت ہے۔امی کا پرس ایک چھوٹے سے جادوئی صندوق کی مانند ہے، جس میں ضروری چیزیں محبت کے ساتھ رکھی گئی ہوتی ہیں۔
یہ پرس صرف سامان کا ذخیرہ نہیں، بلکہ ایک ایسا خزانہ ہے جو ہمیشہ ہمیں درکار چیزیں فراہم کرتا ہے۔امی کے پرس کی بات کی جائے تو بڑےبڑے لوگ جذباتی بھی ہو جاتے ہیں۔ ان کے خیال میں ان کا بچپن ان کی آنکھوں کے سامنے گھوم جاتا ہے کہ” یہ تو ہم بچوں کی پوری زندگی جیسی بات ہوئی ماں کے ساتھ۔۔۔۔ ہر بات میں ماں کی طرف دیکھنا اور ہر مسئلے اور معاملے کا حل ماں سے مل جانا۔۔۔۔ یہ امی کا پرس نہیں امی کا دل ہے۔۔۔۔ ایک ایسی شخصیت کہ جس کے پاس ایسے یقین کے ساتھ جانا کہ بس یہاں سے سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا اور سب کچھ مل جائے گا۔” اس پرس کی ہر چیز کا ایک مقصد اور اہمیت ہے۔ ہر چیز ایک کہانی سناتی ہے، اور امی کے پرس کا ہر کونا اپنی جگہ پر اہم ہے۔