ہم خاموش نہیں رہیں گے

7 اکتوبر 2024 کو ایک تاریخی دن کے طور پر منایا جائے گا، جب پاکستان سمیت دنیا بھر کے عوام دوپہر 12 بجے سڑکوں پر نکل کر فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔ اس دن دنیا کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت میں ہم سب متحد ہیں۔ اور ہم خاموش نہیں رہیں گے۔

ظلم و جبر کا ایک سال مکمل ہونے کو ہے، اور 7 اکتوبر کو ایک ایسی تاریخ ہے جو فلسطین کے مظلوموں کے دلوں میں زخموں کی یاد تازہ کرتی ہے۔ یہ سال فلسطینی قوم کے لیے انتہائی تکلیف دہ اور ناقابلِ برداشت رہا ہے۔ اسرائیلی مظالم اور ناانصافیوں کے اس تسلسل میں پوری امت مسلمہ کو خاموش نہیں بیٹھنا چاہیے۔

یہ وقت ہے کہ امتِ مسلمہ ایک آواز بنے اور اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے حق میں مضبوط اور متحد ہو جائے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں مسلمانوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ جہاں ظلم و ستم کی کہانیاں سنائی دیتی ہیں، وہاں امت کا متحد ہونا لازمی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مسلمان یکجا ہوئے ہیں، انہوں نے دنیا کے نقشے پر اپنی طاقت اور اہمیت کو منوایا ہے۔

فلسطین کے حق میں آواز اٹھانا نہ صرف ہمارا انسانی فریضہ ہے بلکہ ہمارے ایمان کا بھی حصہ ہے۔ یہ ایک ایسی ذمہ داری ہے جسے ہم نظر انداز نہیں کر سکتے۔ جب ہم ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں اور مظلوم کی حمایت کرتے ہیں، تو درحقیقت ہم اپنے ایمان کی تکمیل کر رہے ہوتے ہیں۔ فلسطینیوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنا اور ان کی آزادی کے لیے دعائیں کرنا ایمان کی نشانیوں میں سے ایک ہے۔

اس نازک گھڑی میں عرب و عجم کو فرق بھلا کر ایک ہونا ہو گا، تاکہ دنیا میں فلسطینی عوام کی آزادی کی جنگ کو مضبوط کیا جا سکے۔ مسلمان ممالک کو نہ صرف اقوامِ متحدہ اور عالمی فورمز پر فلسطین کے لیے آواز بلند کرنی ہوگی بلکہ عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

یاد رکھیں کہ اگر آج ہم فلسطینیوں کے حق میں نہیں کھڑے ہوئے تو آنے والے کل میں یہی ظلم ہمیں اور ہماری آئندہ نسلوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ متحد ہو کر ایک مضبوط موقف اپنانے کا وقت آ گیا ہے تاکہ فلسطین کی آزادی کی تحریک کو کامیاب بنایا جا سکے۔

اللہ تعالیٰ اُمتِ مسلمہ کو ایک طاقتور، متحد، اور فلسطین کے مظلوموں کے لیے آواز بلند کرنے والی اُمت بنائے۔ آمین۔