مجھے ساحلِ سمندر سے بہت لگاؤ ہے، کیونکہ میں ملتان میں رہتی ہوں تو یہاں پانی سے لطف اندوز ہونے کا موقع نہیں ملتا۔ اسلام آباد میں جب تھی تو مختلف جھیل اور ڈیم جا کر یہ خواہش پوری کر لیتی تھی، بلکہ وہاں تو پہاڑ بھی کافی قریب سے دیکھنے کو مل جاتے ہیں۔
میری شروع سے یہ خواہش تھی کہ گھر کے بالکل سامنے سمندر ہو اور دور سے پہاڑ بھی نظر آئیں۔ صبح سویرے سمندر کی زور دار لہروں کی آوازوں سے آنکھ کھلے اور رات میں چاند اپنی روشنی سمیت سمندر کے پانی میں اتر آئے اور رنگ برنگی پریاں تتلیوں کی طرح اڑیں اور میرے ساتھ آ نکھ مچولی کھیلیں۔
سمندر کو دیکھنے کے شوق میں ہم کراچی چلے جاتے ہیں، منوڑہ کا سمندر(جس جگہ ہم جاتے ہیں ) بہت صاف ہے۔ ہم کشتی کی بھی سیر کرتے ہیں مختلف چھوٹے بڑے جہازوں کو بھی دیکھتے ہیں، ساتھ میں سورہ رحمٰن کی یہ آیتیں بھی یاد آتیں ہیں:-
وَلَـهُ الْجَوَارِ الْمُنْشَاٰتُ فِى الْبَحْرِ كَالْاَعْلَامِ, فَبِاَيِّ اٰلَآءِ رَبِّكُـمَا تُكَـذِّبَانِ
ترجمہ: “ اور سمندر میں پہاڑوں جیسے کھڑے ہوئے جہاز اسی کے ہیں۔ پھر تم اپنے رب کی کس کس نعمت کو جھٹلاؤ گے”۔
کئی بگلے آنکھوں کے سامنے سے گزرتے ہیں، ان کی مخصوص آواز سمندر کے سفر کو دوبالا کر دیتی ہے۔ سمندر میں کئی جیلی فش بھی ملتی ہیں، جو سمندر کی لہروں کے ساتھ آجاتی ہیں، کچھ زندہ ہوتی ہیں تو کچھ بے جان ہوتی ہیں، زندہ جیلی فش کو واپس سمندر میں ڈال دیتے ہیں۔ ان مچھلیوں کو ہیرے کی طرح شفاف دیکھ کے مجھے حیرت ہوتی ہے اللہ نے مختلف انواع کی مخلوقات بنائیں ہیں، ان کا تصور کرنا بھی مشکل ہوتا ہے۔ سمندر کے اندر کی دنیا میں بھی کئی راز ہیں، کئی عجیب وغریب مخلوقات ہیں۔
سمندر کے پانی میں تھوڑی دیر بیٹھ کے بہت ہلکا پھلکا محسوس ہوتا ہے، سمندر کا پانی انسانی صحت کے لئے بہت فائدے مند ہے۔ سمندر کے پانی میں نمکیات بہت زیادہ ہوتے ہیں اس سے سورائسس، ایگزیما اور سانس کی بیماریوں میں افاقہ ہوتا ہے۔ ذہنی دباؤ میں کمی کے لئے بھی سمندر کا پانی بہت مفید ہے۔
سمندر کے قریب بیٹھ کے چائے پینے کا مزہ ہی کچھ اور ہے، کھانے میں ہم نے میکرونی، بریانی اور مٹن کا سالن کھایا اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کیا، آنکھوں کے سامنے حسین سمندر ہو اور ہوا کے جھونکے ہوں تو الحمدللہ تو زبان پر آ ہی جاتا ہے۔
گیلی ریت پر چلتے ہوئے اپنے قدموں کے نشان دیکھ کر یہ احساس ہوتا ہے کہ انسان اپنے عمل کے نشانات ایسے ہی چھوڑ جاتا ہے، اچھے اعمال کریں تو اچھے اثرات برے اعمال کریں تو برے اثرات اور یہ سب اعمال نامے میں تولے جائیں گے۔ وسیع سمندر کو دیکھ کے میں اللہ سے دعا کرتی ہوں کہ اتنے بڑے سمندر کو بنانے والے آپ کے پاس سب اختیار ہے میری یہ دعا بھی سن لیں میرے لیے تو یہ مشکل ہے معاملہ، پر آپ کے لیے سب آسان ہے اور پھر اللہ خوب آسانی کر دیتے ہیں میرے لیے الحمداللہ۔