کھیل کود تو ہم سب بچوں کو پسند ہی ہوتا ہے کوئی کرکٹ کا دیوانہ ہوتا ہے تو کوئی بیس بال، بیڈمنٹن اور ہاکی کھیلتا ہے۔ پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیل کود کرنا بھی بہت ضروری ہے تاکہ ہمارے ذہن کے ساتھ ساتھ جسم بھی تندرست ہوسکے کیونکہ جب ہم جسمانی طورپر مضبوط نہیں ہوں گے تو کبھی بھی لائق اورذہین نہیں بن سکتے۔
آج کل شدید گرمی پڑ رہی ہے، پاکستان کے مختلف شہروں میں ماحولیاتی آلودگی بھی تو ایسی صورتحال میں ہم بچے کہیں باہر جانے کی ضد بھی نہیں کر سکتے کیونکہ شدید موسمی حالات میں ہم بیمار بھی ہو سکتے ہیں اور پھر چھٹیوں کے بعد پڑھائی کا حرج بھی ہو سکتا ہے اسلئے ہمارے امی ابو ہمیں باہر لے کر نہیں جاتے اور ہم بوریت کا شکار ہو جاتے ہیں۔
گرمیوں میں تو ظاہر ہے شام کو کہیں پارک میں جایا جا سکتا ہے تو پھر ایسا کیا کیا جائے کہ ہم بور بھی نہ ہوں اور خوشی خوشی اس موسم کو انجوائے بھی کریں ساتھ ساتھ چاق و چوبند بھی رہیں ۔ تو ہمیں سب سے پہلے ایسے ان ڈور گیمز کے بارے میں سوچنا ہو گا جو ہم گھر پر باآسانی کھیل سکیں ۔ سب سے پہلے ایک فہرست یا لسٹ بنانی چاہیے کہ کون کون سے ایسے گیمز ہیں جو ہم اپنی دلچسپی اور عمر کے مطابق کھیل سکتے ہیں ۔
یہ کھیل جو ان ڈور گیمز ہیں ان میں سب سے پہلے آرٹ اور کرافٹ ایک بہت اچھا مشغلہ ہے ، بہت سے بچے اچھے آرٹسٹ ہوتے ہیں ، نہ صرف وہ اچھی تصویریں بنا لیتے ہیں بلکہ ان میں کلرز بھی کر سکتے ہیں تو ہم گھر پر ایک بڑے ٹیبل پر پیپر بچھا کر ڈرائینگ بنا سکتے ہیں اسکے لئے کلرز ، مارکرز اور پینٹ برش بھی استعمال کر سکتے ہیں اس سے وقت بھی گذر جائے گا اور ہمارے لئے ایک اچھا مشغلہ بھی ہو جائے گا اور اگر ہم عمر میں چھوٹے ہیں تو اپنے بڑے بہن بھائیوں سے بھی ڈرائینگ میں مدد لے سکتے ہیں کئی ہینڈ ورک بھی بنا سکتے ہیں اور پھر اسے اپنے گھروں میں سجا بھی سکتے ہیں جیسا کہ کاغذ کے بنے ہوئے پھول ، وش کارڈز ، بوتل پر پینٹنگ وغیرہ ۔
اب آجاتے ہیں کہانی سننے پر ، مجھے تو خود کہانیاں سننے کا بہت شوق ہے ، ہم اپنے امی ابو سے اپنی پسند کی کہانیاں سن سکتے ہیں یا پھر وہ بچپن میں کیسے تھے یہ بھی کہانی کی صورت میں سن سکتے ہیں اور اگر ہمارے امی ابو بہت مصروف ہوں تو پھر مارکیٹ سے ہم کچھ اچھی کہانیوں کی کتابیں لے سکتے ہیں ۔ مطالعہ کرنا یا ریڈنگ ایک بہت اچھی سرگرمی ہے اس سے ہمارے علم میں اضافہ ہوتا ہے اورہم خود بھی اچھی اچھی کہانیاں لکھنے کی کوشش کر سکتے ہیں ۔
آج کل انٹرنیٹ کا دور ہے ، ہر کوئی اپنے موبائل ، ٹیب پر اچھی اچھی انومیٹیڈ موویز بھی دیکھ سکتا ہے ، ہر عمر کے بچوں کے لئے موویز اور کارٹونز کی ایک وسیع رینج ہوتی ہے ہم وہ بھی دیکھ سکتے ہیں ۔ کیک کھانا تو سب بچوں کو بہت پسند ہوتا ہے اور کئی بچے اپنی ماما کی کوکنگ میں مدد بھی کرنا چاہتے ہیں تو گرمی کے موسم میں آپ کچن میں جا کر اپنی ماما سے پوچھ کر کیک اور پیسٹریز ، پین کیک وغیرہ بیک کرنا سیکھ سکتے ہیں ۔ لیکن یہاں پر ایک بات کا خیال رکھنا ہے کہ کوکنگ کے وقت ساتھ ساتھ چیزیں سنبھال کر رکھنا ہے تاکہ کچن میں گندگی نہ پھیلے اور آپ آرام سے کام کرنا بھی سیکھ جائیں ۔اسی طرح لوڈو ، کیرم ، ٹیبل ٹینس بھی کھیلا جا سکتا ہے اور مختلف طرح کے پزل کے ٹکڑے بھی جوڑے جا سکتے ہیں ۔یہ ان ڈور گیمز تفریح کا بہت اچھا ذریعہ ہیں اور ان سے ہماری ذہنی نشوونما بھی ہوتی ہے ۔
زیادہ تر بچے گرمیوں کی چھٹیوں میں اپنے ننھیال ضرور جاتے ہیں اور ماموں خالہ وغیرہ کے ساتھ خوب مزے کرتے ہیں۔ گرمیوں کے موسم کو آپ کو چاہیے کہ آپ ہلکے رنگوں کے کھلے اور ہوا دار لباس پہنیں ، اپنی جسمانی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں اور لو سے بچیں اسی طرح گرمیوں میں بازار کی چیزیں کھانے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ وہ مضر صحت ہوتی ہیں اور ان سے آپ بیمار بھی ہو سکتے ہیں ۔
تو ان گرمیوں میں آپ نے ہوم ورک بھی اچھے سے مکمل کرنا ہے اور چھٹیوں کو بامقصد بنانا ہے۔