چین میں اسپرنگ فیسٹیول اور نئے قمری سال کی مناسبت سے اس وقت ملک بھر میں جشن بہار کی خوشیاں انتہائی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہیں۔ چین میں ہر سال کو کسی خاص جاندار سے موسوم کیا جاتا ہے اور یہ نیا شروع ہونے والا سال ”ڈریگن” کا سال ہے جو چینی روایت میں گہری ثقافتی اہمیت رکھتا ہے۔اسے خوش قسمتی، طاقت اور دولت کی مقدس علامت سمجھا جاتا ہے۔ چینی سماج کے نزدیک ڈریگن چینی عوام کے روحانی عقائد اور ثقافتی اقدار کے ساتھ قریبی طور پر جڑے ہوئے ہیں۔ روایتی چینی ثقافت میں، ڈریگن انسانوں اور فطرت کے مابین ہم آہنگی کے ساتھ طاقت اور حکمت جیسی خصوصیات کی علامت ہیں۔
چینی سماج میں نئے قمری سال کے موقع پر اسپرنگ فیسٹیول اپنی نوعیت کے اعتبار سے سب سے بڑا تہوار ہے۔ یہ وہ موقع ہوتا ہے جب خاندان کے افراد آپس میں مل بیٹھتے ہیں اور تہوار کی خوشیاں مل کر منائی جاتی ہیں۔ اسپرنگ فیسٹیول کے موقع پر ایک اہم ثقافتی سرگرمی چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی) کی جانب سے پیش کردہ اسپرنگ فیسٹیول ٹی وی گالا بھی ہے۔
ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی جشن بہار کی خوشیوں کا شاندار آغاز اسی جشن بہار گالا سے کیا گیا۔یہ تقریب سی ایم جی ٹی وی، ریڈیو چینلز اور سوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ چین کے 100 سے زائد شہروں میں 1000 سے زائد عوامی اسکرینوں پر اور 34 دیگر ممالک کے 70 شہروں میں 3000 سے زائد پبلک اسکرینوں پر نشر کی گئی۔رواں سال اس ٹی وی گالا نے روایتی چینی ثقافت اور جدید آرٹ کی شکلوں کے امتزاج کو اجاگر کیا، اور جدید ترین ٹیکنالوجیز جیسے ایکس ٹینٹڈ رئیلٹی اور شاندار اسٹیج انٹرایکشن ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا گیا۔سی ایم جی کی پروڈکشن ٹیم نے مختلف ”اینڈ یوزر ڈیوائسز ”کے عمدہ اطلاق سے اسپرنگ فیسٹیول ٹی وی گالا الٹرا ہائی ریزولوشن میں نشر کیا اور اندرون و بیرون ملک چینی ناظرین کے لیے ایک شاندار آڈیو ویژول دعوت پیش کی۔چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک نے اپنے انگریزی، ہسپانوی، فرانسیسی، عربی اور روسی چینلوں کے ساتھ ساتھ 68 مختلف زبانوں میں اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے گالا کو نشر کرنے اور رپورٹ کرنے کے لئے 200 ممالک اور خطوں کے 1500 سے زیادہ میڈیا اداروں کے ساتھ شراکت داری قائم کی تھی۔
تاریخی اعتبار سے،چین میں اس جشن بہار گالا نشریات کا آغاز 1983 میں کیا گیا تھا، جو چینی ثقافت اور مختلف فنون سے مزین وسیع پیمانے پر منعقد کیا جانے والا میلہ ہے۔ اسے نئے قمری سال کی آمد کے موقع پر چینی قومی ٹیلی ویژن کے ذریعے لانچ کیا گیا تھا۔ گزشتہ تقریباً چار سے زائد دہائیوں میں اسپرنگ فیسٹیول گالا میں لاتعداد خاندان حصہ لے چکے ہیں، جبکہ اسے گنیز بک آف ریکارڈز کے مطابق سب سے زیادہ دیکھے جانیوالے ٹی وی پروگرام کی سند بھی حاصل ہے۔ نئے سال کے موقع پر کنبے کے تمام لوگوں کی ایک دوسرے سے ملاقات، ڈمپلنگ بنانا، اسپرنگ فیسٹیول گالا دیکھنا، نئے سال کی شام کے کھانے میں شریک ہونا اور سرخ لفافوں کا تبادلہ چینی روایت اور ثقافت کا حصہ بن چکا ہے۔
اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے چائنا میڈیا گروپ کے جشنِ بہارگالا نے دنیا کے اربوں ناظرین کو ڈریگن کے سال میں خوش آمدید کہا۔ اس سال کی تقریب کا مقصد روایتی چینی ثقافتی عناصر سے ترغیب حاصل کرنا، لوگوں کے اعتماد اور خوشگوار زندگی کی تلاش کو اجاگر کرنا اور دنیا بھر میں چینی عوام کو نئے سال کی مبارکباد دینا رہا۔ اس شاندار ثقافتی شو میں خوبصورت موسیقی، روایتی رقص، مزاحیے خاکے، سنسنی خیز کرتب اور جدید ٹیکنالوجیز سے ناظرین کے لئے شاندار تفریح پیش کی گئی۔ گزشتہ چار دہائیوں کی ترقی کے بعد ”اسپرنگ فیسٹیول گالا” سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی اور اطلاق کی نمائش کا ایک جامع پلیٹ فارم بن چکا ہے، جو ہر سال تمام ناظرین کے نئے جمالیاتی ذوق کی تسکین کرتا ہے۔ 1983میں چین کے پہلے ایوننگ گالا کے موقع پر نہ تو کوئی خوبصورت اسٹیج تھی اور نہ ہی چمکیلی روشنیاں تھیں۔ لہذا پہلا اسپرنگ فیسٹیول گالا ”تکنیکی مواد” سے قدرے عاری تھا۔ لیکن اب اسپرنگ فیسٹیول گالا میں اختراعی ٹیکنالوجیز کے اطلاق سے ناظرین کے لیے ایک شاندار سمعی و بصری تجربہ پیش کیا جاتا ہے۔آج کا ایوننگ گالا خمیدہ ایل ای ڈی اسکرینوں، ایکس آر، اے آر ورچوئل وژن ٹیکنالوجی، ہولوگرافک اسکیننگ ٹیکنالوجی اور رینڈرنگ ٹیکنالوجی سے آراستہ ہو چکا ہے جس نے گالا نشریات کے حسن میں مزید اضافہ کیا۔
نئے چینی سال کے موقع پر، یہ سرگرمی نہ صرف چینی عوام بلکہ دنیا بھر کے ناظرین و سامعین کے لیے ایک دلچسپ اور شاندار ثقافتی تقریب رہی۔پاکستان میں بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے جشن بہار گالا کی نشریات دیکھیں اور اسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا۔ مجموعی طور پر کہا جا سکتا ہے کہ یہ ٹیلی ویژن شو ٹیکنالوجی اور آرٹ کا گہرا انضمام رہا جس سے چین سمیت دنیا بھر میں بہار کی خوشیاں بکھیری گئیں۔
چینی قمری کلینڈر کے مطابق ”اسپرنگ فیسٹیول گالا 2024” نے ملک بھر کے لوگوں کے ساتھ مل کر نئے قمری سال کی گھنٹی بجائی تاکہ ایک خوشحال اور سدا بہار خوش گوار سال کا استقبال کیا جا سکے۔چائنا میڈیا گروپ نے دنیا بھر کے میڈیا اداروں کے اشتراک سے ”جشن بہار گالا” کی براہ راست نشریات کے ذریعے دنیا کو جہاں چینی ثقافت سے روشناس کروایا وہاں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بھی بکھیری ہیں، یہی بہار کا حقیقی پیغام بھی ہے۔ اسپرنگ فیسٹیول گالا کے ذریعے یہ پیغام بھی دیا گیا کہ دنیا بھر کے لوگ چین کے قریب آسکتے ہیں اور اس ”کلچرل بزنس کارڈ” کے ذریعے چین کو سمجھ سکتے ہیں جبکہ مزاح اور موسیقی کے ذریعے چینی اسپرنگ فیسٹیول اور چینی ثقافت کی انوکھی کشش کو بھی شیئر کر سکتے ہیں۔