میرب دن بھر سے پریشان اور اداس بیٹھی تھی، اپنی عزیز ترین سہیلی کو پریشان دیکھ کر میرے دل کو بھی کچھ ہونے لگا، سر جھکائے، آنکھوں میں آنسو لئے میرب بالکل اچھی نہیں لگ رہی تھی، میرے پوچھنے پر اس نے بتایا کہ ایک جگہ آن لائن جاب تھی جہاں رائٹرز کو تحریروں کے اعزازیہ کے بارے میں یقین دہانی کروائی گئی تھی(میرب بہت اچھی لکھاری ہے)۔
آج کل پیسے کی کس کو ضرورت نہیں سو میرب نے بھی مہنگائی کے ہاتھوں تنگ آ کر اس آن لائن رائٹنگ جاب کو آزمانے کا سوچا دیکھے تو اس نے بہت سہانے سپنے تھے لیکن ان میں سے ایک بھی سچا ثابت نہ ہوا اور میرب کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی۔ ہوا اصل میں یہ کہ اس آن لائن ویب سائٹ کے بارے میں میرب نے کوئی خاص معلومات حاصل نہ کیں اور مطلوبہ اسٹائنمنٹ فوری طور پر مکمل کرکے روانہ کر دی۔ حیرت کی بات تو یہ بھی تھی کہ میرب نے مطلوبہ کام قسط وار مکمل کرنے کی بجائے یکمشت کر دیا اور پھر ظاہر ہے کہ نتیجہ یہی نکلنا تھا کہ میرب کو اس کے کام کا معاوضہ نہ ملا بلکہ الٹا اس کی تحریر پر کسی اور کا نام لکھ دیا گیا۔
ایسی آن لائن نوکریاں آپ کو جگہ جگہ ملیں گی، ایسی ایسی ویب سائٹس جن کا کوئی والی وارث نہیں کوئی اتا پتہ نہیں، ان گھوسٹ کمپنیوں کے بارے میں کوئی قانونی چارہ جوئی تک نہیں کی جا سکتی کیوں کہ سرے سے ان کا وجود ہی نہیں ہوتا، کئی اشتہارات پر کلک کرنے کے لئے کہا جاتا ہے کہ جیسے یہاں پر کلک کرنے سے قارون کی دولت ہاتھ لگ جائے گی جبکہ نتیجہ اس کے برعکس نکلتا ہے۔ ایڈ یا اشتہار کسی اور چیز کا ہوتا ہے اور اس پر ہیڈنگ یا تھمب نیل کسی اور چیز کا بنا ہوتا ہے۔ ایسے اشتہارات پر کلک کرنے سے اکثر اوقات کمپیوٹر اور موبائل میں وائرس بھی آ جاتا ہے اور کئی سائٹس آپ کا ڈیٹا بھی حاصل کر کے آپ کو بلیک میل کرنے لگتی ہیں اس طرح سادہ لوح عوام بڑی آسانی سے بے وقوف بن جاتے ہیں۔
لیکن ہمیشہ یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ہر چمکتی چیز کو سونا سمجھ لینا بھی دانش مندی نہیں ہوتی اور اس کا نتیجہ نقصان کی صورت میں ہی نکلتا ہے ان سب مشکلات سے بچنے کے لئے ضروری یہ ہے کہ ہمیں ہمیشہ چند چیزیں ذہن میں رکھنی چاہیں تاکہ میں آن لائن فراڈ اور بلیک میلنگ سے بچ سکیں۔
آن لائن جاب کے لئے ضروری ہے کہ جس ویب سائٹ کے لئے آپ کام کرنا چاہ رہے ہیں اس کے مستند ہونے کے بارے میں تمام تر معلومات حاصل کریں یا جس شخص کے ریفرینس سے اس ویب سائٹ پر ہیں اس ریفرینس کو درست طریقے سے استعمال کرنے کا ہنرجانتے ہوں۔ ہمیشہ پہلے کام کی نوعیت اورمعاوضہ پر بات کریں اور ملنے کا یقین ہو تب ہی کام مکمل کر کے دیں ورنہ پہلے ہی معذرت کر لیں۔
کام کرنے کا معاوضہ ہمیشہ پیشگی طلب کریں اور اگر کام رائنٹنگ کانٹینٹ کا ہے تو اپنی تحریروں کے جملہ حقوق اپنے نام محفوظ رکھیں، پیسے کمانے کے چکر میں کسی کی بھی اندھا دھند تقلید سے بچیں۔ تمام تر تحقیقات کرتے ہوئے اپنا رابطہ نمبر اور باقی تفصیلات فراہم کریں تاکہ آپ آئیندہ آنے والی پریشانیوں سے بچ سکیں۔