آپ نے دیکھے ہیں وہ ہنستے ،کھیلتے پھولوں جیسے خوبصورت بچےاور پھر ان بچوں کی خون سے بھری لاشیں اٹھا کر بھاگتے ہوئے ماں باپ؟ آپ نے دیکھے ہیں ہنستے، بستے زندگی اور آوازوں سے بھرپور گھر ایک لمحے میں کھنڈر بنتے ؟ آپ نے دیکھا ہے اپنے گھر کے ملبے پر اپنی مر جانے والی “گڑیا” کی گڑیا اٹھائے بیٹھا ہوا وہ باپ؟
آپ نے دیکھی ہے برقعے میں ملبوس وہ ماں جس کی نظمیں پڑھتی ہوئی، ہنستی ہوئی بچی ہمیشہ کے لیے چپ ہو گئی ہے۔ وہ اس کے بالوں کی ننھی سی پونی ہاتھ میں لیے بیٹھی ہے اور جانتی ہے کہ اس کے ہاتھ میں وہ سنہرے گھنگریالے بال دوبارہ کبھی نہیں آئیں گے۔ اب کبھی وہ ماتھا چوم کے اس کو اسکول نہیں بھیج پائے گی۔آپ نے پورے پورے خاندان کو کھو دینے والے وہ معصوم ہراساں بچے دیکھے ہیں؟ جن کی ننھی آنکھوں نے اس ننھی سی عمر میں خوف، بھوک، بے بسی اور پہاڑ سے غم ابھی سے دیکھ لیے ہیں۔
یہ سب مناظر آپ سب نے دیکھے ہوں گے۔اپنے ٹی وی پر سوشل میڈیا پر۔جلتے ہوئے گھر، مسمار ہوتی ہوئی عمارتیں۔۔۔ اسکول، اسپتال، اجتماعی قبریں، گٹھڑیوں کی صورت میں بندھی ہوئی کٹی پھٹی لاشیں بلکہ لاشوں کے انبار۔۔۔یہ سب فقط نام نہ تھے کسی کی پوری زندگی تھے بلکہ بذات خود زندگی تھے، آپ نے دیکھی ہے ہر رنگ میں سسکتی ہوئی زندگی، القدس کے پہلو میں؟ آپ نے دیکھا ہے اتنا ارزاں خون مسلم؟
آپ نے دیکھے ہوں گے وہ سب مناظر، جنہیں اپنے گھر کے نرم گرم، محفوظ ماحول میں بیٹھ کر دیکھتے ہوئے بھی آپ کے رونگٹے کھڑے ہو گئے ہوں گے۔ روح کانپ اٹھی ہوگی لیکن کیا آپ نے اس سب میں ان سب کے حوصلے اور صبر کا بھی اندازہ کیا جو اس صورتحال کو سہہ رہے ہیں، جسے آپ اور ہم دیکھ تک نہیں پا رہے۔ مسلسل جنگ اور بمباری کا تیسرا ماہ ۔۔۔۔۔بھوک، بیماری، بے گھری، بے امانی اور زبانوں پر صرف حرف تشکر ،،،،،صرف قران،،،،، ان کی بے خوفی، ان کی جرات، ان کے صبر کو سلام !
اے اہل غزہ! ہمیں اب آپ کی بے بسی سے زیادہ آپ کا صبر رلانے لگا ہے۔واللہ اہل غزہ نے اہل کربلا کی یاد تازہ کروا دی ہے۔ ویسا ہی ضبط اور ویسا ہی ایمان کا عالم۔۔۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ ”ہم بہترین امت ہیں “اہل فلسطین کو دیکھ کر میری سمجھ میں آگیا ہے کہ بہترین امت کیسی ہوتی ہے۔ میرا دل چاہتا ہے غزہ کی جنگ کو ”غزوہ“ لکھوں۔
کیسے کوئی ایسی بے سروسامانی میں ایسی استقامت دکھا سکتا ہے؟ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی اعانت کے بغیر۔ اے اہل غزہ آپ کے حوصلے، آپ کی استقامت، آپ کے صبر کو ہمارا سلام۔ مجھے یہ لگتا ہے اگر یہ دور نبوی ہوتا تو لاکھوں کی تعداد میں لوگ ”عشرہ مبشرہ“میں شامل ہوتے۔ اہل فلسطین،اہل غزہ، قدس کے محافظو، انبیاءکے وارثو ، حق ادا کر دیا آپ نے بہترین امت ہونے کا۔ آپ کو ہم مردہ ضمیروں ہم بے بسوں کا سلام!۔