انہیں صدق دل سے بلا کے تو دیکھو
ندامت کے آنسو بہا کے تو دیکھو
ماہ ربیع الاول اپنی تمام رونقوں اور رعنائیوں کے ساتھ گزر رہا ہے۔ یہ مہینہ ہمارا محسن مہینہ۔ جس میں محسن انسانیت صل اللہ علیہ وسلم کی آمد اور بعثت ہوئی تاریخِ ولادت و وصال کی بحث سے قطع نظر، یہ مہینہ میرے نبی کا مہینہ ہے جس کے بہت کچھ تقاضے ہیں۔
ماہ رمضان کو قرآن اور روزے سے منسوب کیا جاتا ہے اوراسی کا اہتمام کیا جاتا ہے اسی سے تعلق استوار کیا جاتا ہے۔
ذوالحج کو قربانی کے ساتھ خاص کرتے ہیں اور اسی کے لئے تگ ودو ہوتی ہے۔
محرم احیائے اسلام کا مہینہ۔ کسی نے کہا “جب بھی واقعہ کربلا پڑھوں تو دل چاہتا ہے میں بھی اس اذیت اورآزمائش سے گزروں جس سے امام حسین رضی اللہ عنہ گزرے” میں نے اس سے کہا نواسہء رسول سید الشباب امام حسین رضی اللہ عنہ سے محبت۔ ان کی آزمائش کا احساس ۔ اچھی بات ہے۔ ہر مسلمان میں یہ احساس ہونا چاہیے مگر۔ کبھی نانا کی محبت میں طائف کی ابتلاء جھیلنے کا من ہوا؟ نانا کی محبت تو تکمیل ایمان کی شرط ہے کبھی دل چاہا کہ وقت کے پرویزوں کے سامنے کلمئہ حق پیش کرو اور بدلے میں پتھرسے جواب دیا جائے پھر تمہارا بدن لہو لہان ہو۔
کبھی حسن رضی اللہ عنہ کے نانا صلی اللہ علیہ وسلم کے عشق میں فریضہء دعوت دین کی خاطر اپنوں کے طعنے، دھتکار، اجنبیت، لاتعلقی، معاشرتی مقاطعہ جیسی اذیت سے گزرنے کا دل چاہا۔ ارے یہی تو تقاضے ہیں اس مہینے کے۔ ماہ ربیع الاول کو خاتم النبین صلی اللہ علیہ وسلم سے منسوب کرتے ہیں تو اس کا اہتمام کریں نا ۔ ان سے تعلق کو مضبوط کرنے کی سعی وجہد کریں،
ماہ رمضان میں قرآن وصوم کا اہتمام ہوتا ہے اور ذوالحج میں قربانی کے ذریعے اطاعت کا ثبوت دیا جاتا ہے، مگر۔ میرے نبی کے مہینے میں مکمل سیرت سازی، کردار سازی اور شخصیت کا سنوار ہے؟
” تمہارے لئے نبی کی زندگی بہترین نمونہ حیات ہے”
زوجہء رسول صلی اللہ علیہ وسلم حضرت عائشہ کا فرمان
” نبی کریم صل اللہ علیہ وسلم کی زندگی قرآن کی تفسیر ہے”
اس مہینے میں قرآن بھی ہے صوم وصلاة بھی۔ قیام اللیل بھی ہے انفاق بھی۔ قربانی بھی صبر وعزیمت بھی راہ حق کی خاطر قیدو بند کی صعوبتیں ہیں ہجرت ہے۔۔ اعلائے کلمۃ اللہ اور اقامت دین کی راہ میں رکاوٹ بننے والے خونی رشتوں سے صرف نظر بھی۔
ازدواجی اور گھریلو ذمہ داریوں کی بحسن خوبی ادائیگی ہے تو یاروں کے ساتھ محفل کا مزہ بھی،دوست دشمن ، اپنے پرائے،امیر غریب، چھوٹے بڑے سب کے ساتھ ہمدردی والفت کا تعلق۔
معاشرت، معیشت، معاملات سب کی بلند مثال ماہ ربیع الاول۔
- ربیع الاول کا مہینہ میرے نبی کا مہینہ ہے۔ میرے نبئ مہرباں کی ذات اقدس کے ذریعے تطہیروتذکیر، تزکیہ اور تعمیرِسیرت کا مہینہ ہے۔ ہاں راہ کٹھن ضرور ہے۔ مگر۔۔ منزل روشن اور پر سکون ہے
خبر دے رہا ہے محمد کا اسوہ
کہ آسان نہیں ہے مسلمان بننا