نسیمہ! یہ امبر کی ثمرین کے ساتھ دوستی آج کل کچھ زیادہ نہیں ہوگئی ہے؟ حالانکہ وہ کافی عرصے سے اس ادارے میں ملازمت کر رہی ہے مگر کسی کے ساتھ اس طرح اس کی دوستی نہیں دیکھی؟۔
نورین! ہاں یار میں نے بھی یہ بات نوٹ کی ہے کہ وہ اس نئی آنے والی لڑکی کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے لگی ہے حالانکہ امبر زیادہ وقت اپنے کام میں مصروف رہتی ہے،ہم پرانے لوگوں کے ساتھ بھی زیادہ فری نہیں ہوتی۔
یہ حقیقت تھی کہ جب سے اس ادارے میں ثمرین نے جوائن کیا تھا امبر کو اکثر اسی کے ساتھ دیکھا گیا تھا وہ پہلے بہت کم لوگوں کے ساتھ گُھل مل جاتی تھی لیکن اس طرح اسے بدلتا دیکھ کر سب کو بڑا تعجب ہوا۔ ابھی ثمرین کو آئے ہوئے چھ سات ماہ ہی ہوئے تھے کہ اچانک امبر کے گھر سے اسکا استعفیٰ ایاجو سب کے لیے حیران کن بات تھی جب اسکے گھر والوں سے اس استعفے کی وجہ معلوم کی گئی تو پہلے تو دوسری طرف سے بالکل خاموشی اختیار کی گئی، پھر اسکی والدہ نے اس کی ایک کولیگ کو بتایا جو امبر کی طبیعت پوچھنے اس کے گھر گئی تھی،
امبر کی کولیگ تحسین کو اسکی والدہ نے بتایا کہ ثمرین نے امبر کو منشیات کا عادی بنادیا تھا جب ہمیں پتہ چلا تو اسکا علاج کروایا بڑی مشکل سے اب وہ کچھ بہتری کی طرف آرہی ہے خدارا آپ سب اس سے بچ کر رہنا، پہلے تو ہم نے سوچا اس بات کو راز میں رہنے دیں لیکن امبر کے والد کا کہنا ہے کہ کہیں کوئی اور نہ اس خاتون کے شر میں گرفتار ہو جائے۔
یہ تو امبر کے گھر والوں کو امبر کے بارے میں بروقت پتہ چل گیا جس کی وجہ سے انہوں نے فوری اقدامات کئے، نہ جانے کتنی خواتین ثمرین کے چنگل میں آکر اپنی زندگی تباہ کر چکی ہونگی۔
میری ایک دوست نے جب اپنی کولیگ کا یہ واقعہ بیان کیا تو میں نے ضروری سمجھا کہ میں اسے آپ سب سے شیئر کروں تاکہ کسی کو دوست بناتے ہوئے آپ احتیاط برتیں کیوں کہ اکثر دوستوں کی وجہ سے بندہ اس قسم کی برائیوں میں ملوث ہوکر اپنی زندگی تباہ کر لیتا ہے۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ کسی کے ساتھ دوستی کرتے ہوئے چھان بین ضرور کر لیں رب العزت ہر شخص کو اس قسم کے دوستوں سے محفوظ رکھے۔ آمین یا رب العالمین