اللہ ہر دم ہر آن اپنے بندوں سے بے تحاشہ اور بے حساب محبت کرتا ہے، اللہ تبارک تعالیٰ کی یہ محبت کسی خاص دن یا خاص وقت تک کے لیے محدود نہیں ہے، بلکہ رب کائنات کی محبت بندے کی بہتری اور فلاح سے معمور ہے۔
ایسے ہی اللہ نے اپنے بندوں کو آپس میں بھی پیار و الفت کے جذبہ سے جوڑ رکھا ہے، انہیں پاکیزہ رشتوں میں باندھ دیا ہے، گویا رشتے ناتے انکی ضرورت ہیں جیسے میاں بیوی کا رشتہ، والدین اور اولاد کا رشتہ، بہن بھائی کا رشتہ، ہمسائیگی کا رشتہ، خاندان کے وہ تمام پیارے رشتے جن سے کوئی ماموں تو کوئی چچا کوئی خالہ تو کوئی پھوپھو کے نام سے اپنی پہچان رکھتا ہے، پھر سب سے بڑھ کر ایمان کا وہ مضبوط رشتہ کہ جس سے تمام مسلمان جسد واحد بن جاتے ہیں۔
اس کے برعکس باقاعدہ منصوبہ بندی کے ذریعے سے چند گنے چنے گھنٹوں کی غیر فطری محبت، درحقیقت محبت نہیں صرف ایک دھوکا ہے جسے خود ساختہ مجبوری یا فضول کی رسم کے طور پر زمانے کی دیکھا دیکھی آج منایا جارہا ہے، ہمارے معاشرے اور ہمارے پاکیزہ رشتوں کو ان ڈھکوسلوں کی قطعاً ضرورت نہیں ہے۔ کیونکہ ہمارے اپنے بہت خوب صورت پاکیزہ رشتے ہمارے گھروں میں ہر دم موجود ہوتے ہیں جنہیں ہم بڑے باعزت طریقوں سے منا بھی سکتے ہیں اور نبھا بھی سکتے ہیں، ان سے خوش ہو بھی سکتے ہیں اور انہیں خوش کر بھی سکتے ہیں۔
آج بے کار کی رسموں میں وقت برباد کرنے سے بہت بہتر ہے، کہ اللہ کے بنائے ہوئے پاک حلال رشتوں پر توجہ دی جائے اور انہیں مضبوط کیا جائے، تاکہ ہمارا معاشرے صالح معاشرہ بن کر فلاح کے راستے پر گامزن ہو سکے۔