سڑک پر کوئی حادثہ رونما ہو جائے تو مختلف رد عمل سامنے آتے ہیں، لوگ جمع ہو جاتے ہیں۔ کوئی موبائل سے ویڈیو بنانا شروع کر دیتا ہے! کوئی ایسا ہے جو افسوس کا اظہار کر کے نکل جاتا ہے! کوئی دعا و استغفار کی تسبیح کے وظائف بڑھا دیتا ہے۔ کوئی سوچتا ہے شکر ہے اس حادثے میں متاثرہ کی جگہ میں نہیں تھا! کوئی ہجوم جمع ہونے سے پہلے ہی ہمدرد بن کر تیزی سے لپکتا ہے اور زخموں سے کراہتے مجروح سے کہتا ہے کہ وہ اپنا موبائل مجھے دے تا کہ وہ اس کے گھر والوں کو حادثے کی اطلاع دے سکے۔ زخمی بس جیب کی طرف اشارہ کر نے کی طاقت رکھتا ہے ۔۔،لیکن دراصل یہاں اس کے ساتھ ہاتھ ہو جاتا ہے. جی ہاں یہی وہ بد ترین شخص ہے جو زخموں سے چور شخص کے اعتماد کو عادی مجرمانہ ذہنیت کے ساتھ روند دیتا ہے اور اس کا موبائل ،نقدی سب اڑ ا کر رفو چکر ہو جاتا ہے! پکڑا جائے تو معصومیت سے کہتا ہے ! اس نے خود ہی تو مجھے اپنا موبائل دیا تھا۔
لیکن اسی ہجوم میں کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں، جو کسی بھی طبقے سے تعلق رکھتے ہوں لیکن ان کا رشتہ انسانیت سے مضبوطی سے جڑا ہوتا ہے۔ حادثے کے وقت ایسے فرد کی موجودگی متاثرین حادثہ کے لئے خوش قسمتی کی علامت بن جاتی ہے، وہ محنت کش مزدور، ڈاکٹر ،انجینئر ،تاجر کوئی بھی حیثیت رکھتے ہوں۔ مخلوق خدا کو اللہ کا کنبہ سمجھتے ہیں اور ان کی خدمت کو عبادت کا درجہ دیتے ہیں۔ ان کا طرز عمل دوسرے افراد سے یکسر مختلف ہوتا ہے ۔خاص طور پر کسی پر آئی مشکل گھڑیوں میں رب کے حضور کھڑا ہونے کا احساس انھیں بے چین کئے دیتا ہے، وہ اپنے ہر عمل کو دینی فریضے سے جوڑ دیتے ہیں ،ہر دور میں انسانیت دراصل ایسے ہی انسانوں سے فلاح پاتی آئی ہے۔
جی ہاں انھیں پہچانئے، یہ ہیں وہ لوگ جن کے ہاتھ میں ملک اور معاشرے کی باگ ڈور آجائے تو ان کا رویہ اس حادثے میں موجود کچھ کرداروں سے یکسر مختلف ہو گا۔ ذرا دل پر ہاتھ رکھ کر سوچیں ،ہمارا وطن اور معاشرہ بھی زخموں سے چور ہے، ہر شخص بےحال ہے ،آئیے اپنے ملک اورمعاشرے کی تعمیر و ترقی آزمائے ہوئے سنگدل موقع پرستوں کے ہاتھوں میں نہ دینے کا عزم کریں۔اپنے شہر کی تقدیر اچھے اور مخلص لوگوں کے حوالے کریں۔
لیکن آپ انھیں کیسے پہچانیں گے؟
خدمت کے ہر میدان میں یہ موجود ہیں۔ کروناوبا، زلزلے، سیلاب میں کچھ لوگ ہاتھوں کی زنجیر بنا کر خلق خدا کی مدد کرتے نظر آئیں گے۔ کرپشن سے ان کا دامن پاک ہے، دیانت کے میدان میں ملکی و عالمی اداروں کی رینکنگ میں ٹاپ پر رہتے ہیں۔
24 جولائی کو ترازو کے نشان پر مہر لگا کر ایسے لوگوں کو منتخب کریں۔ جو آپ کے اعتماد کو ٹھیس نہ پہنچائیں۔ جنھیں آپ اپنا موبائل تھمائیں تو لے کر رفو چکر نہ ہوجائیں، بلکہ درست نمبر ڈائل کرکے آپ کا مسئلہ حل کروانے کی نیت اور صلاحیت رکھتے ہوں۔