ہماری زندگی میں کچھ واقعات ایسے ہیں جن کو ہم ہمیشہ یاد رکھتے ہیں اور ان واقعات کے رونما ہونے کے دن کو ہم یادگار کے طور پر مناتے ہیں مثلاً یوم آزادی،یوم دفاع وغیرہ انہی میں سے ایک دن یوم تکبیر کا بھی ہے، جی یوم تکبیر،جب پاکستان پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنا۔
یہ ایٹمی تجربہ بھارت کے ان ایٹمی دھماکوں کامنہ توڑ جواب تھا جو کہ بھارت نے 18 مئی1974 میں اندرا گاندھی کی قیادت میں اور11مئی 1998 میں ایک ساتھ تین ایٹمی تجربات،واجپائی کی قیادت میں کیے۔جس کےبعدبھارت کی طرف سے پےدرپےدھمکیوں کا آغاز ہوگیا اور بھارت نے پاکستان کو ایک کمزور ملک سمجھنا شروع کر دیا جبکہ وہ یہ نہیں جانتا تھا کہ پاکستان کیا کرسکتا ہے۔
بھارت کے ساتھ باقی غیر مسلم ممالک کی بھی یہی کوشش تھی کہ اسلامی ریاست ایٹمی طاقت نہ بن سکے لیکن جب انڈیا نے ایٹمی تجربہ کرکے پاکستان کو للکارا تو پاکستان نے بھی میاں نواز شریف کے دور حکومت میں ایک ساتھ 5 کامیاب ایٹمی تجربات کرکے دشمن کے ہوش اڑا دیے۔اور بھارت کو خاموشی اختیار کرنا پڑی۔ جو دھمکیوں کا سلسلہ چل نکلا تھا وہ بند ہوگیا۔
اس تجربے کا سہرا ڈاکٹر عبد القدیر خان صاحب کے سرجاتا ہے۔ آپ ہندوستان کے شہر بھوپال میں 27 اپریل 1936 میں ایک اردو بولنے والے پشتون گھرانے میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد کا نام عبد الغفور اوروالدہ کا نام زلیخہ تھا۔1947میں پاکستان وجود میں آیا تو آپ ہندوستان سے ہجرت کر کے پاکستان آگئے۔ آپ کراچی میں رہائش پذیر ہوئے۔ کراچی یونیورسٹی سے فزکس کی ڈگری حاصل کی پھر یورپ میں 15 سال مختلف یونیورسٹیز سے تعلیم حاصل کی۔پاکستانی ایٹمی پروگرام شروع کرنے کا خیال ذوالفقار علی بھٹو ہی کا تھا۔ بلآخرڈاکٹراے کیو خان کی کئی سالوں کی محنت رنگ لائی اور 28مئی 1998میں نعرہ تکبیر کی گونج میں چاغی بلوچستان کے پہاڑوں پر یہ کامیاب تجربہ ہوا۔ پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت اور پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنا اور اسی وجہ سے ڈاکٹر عبد القدیر خان صاحب کو محسن پاکستان کے لقب سے نوازا گیاپاکستان اپنے اوپر آنے والے ہر خطرے کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔ جب یہ تجربات کیے گئے تو نعرہ تکبیر اللہ اکبر سے چاغی کے پہاڑ گونج اٹھے اور ایک جوش و ولولہ وہاں موجود تمام لوگوں میں دکھائی دیا۔
قوم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہے کہ اللہ پاک نے ہمیں ڈاکٹر اے کیو خان جیسے ہیروسے نوازا اور خود ڈاکٹر صاحب کی احسان مند اور مشکور ہےکہ انہوں نے قوم کو کامیاب ایٹمی طاقت بنایا۔
اللہ پاک پاکستان کو ہر خطرے سے محفوظ رکھے۔آمین ثم آمین