ہوم اسکولنگ،تعلیمی نقصان کے ازالہ کا ایک متبادل راستہ

گزشتہ سال مارچ کے پہلے لاک ڈاؤن کے وقت ، ملک کے بہت سارے اسکول اپنے تعلیمی سال کے اختتامی مراحل میں تھے تو وہیں چندنئے تعلیمی سال (یعنی سی بی ایس ای اسکولوں) کے آغازکی منصوبہ بندی میںمصروف تھے ۔سب پرامید تھے کہ اسکول بہت جلد کھل جائیں گے اور دنیا معمول پر آجائے گی۔ پندرہ ماہ سے زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد بھی آج تک صورتحال میں کوئی نمایاں تبدیلی واقع نہیں ہوئی ہے۔

تعلیم کے سوا دیگر کاروبار جہاں جاری و ساری ہیں۔والدین بچوں کی صحت اور تعلیم کے بارے میں ذہنی دبائو کا شکار ہیں۔ والدین ورچول تعلیم(مجازی طریقہ تعلیم) سے نالاں ہیں۔ مسائل ،خدشات اور پریشانیاں اپنی جگہ لیکن تعلیم سے دوری بچوں کو جہالت سے قریب کردے گی۔ان حالات میں بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے والدین کو اضافی ذمہ داریاں طوعاً و کرباً قبول کرنی ہی پڑے گی۔ انھیں بچوں کی تعلیم کے متباد ل راستے تلاش کرنے ہوں گے۔ ہوم اسکولنگ تعلیم کا آزمودہ اورموثر متبادل ذریعہ ہے ۔ والدین ہوم اسکولنگ کے لیے خود کو تیار کریں تاکہ بچوں کا تعلیمی و اکتسابی عمل کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رہ سکے۔ اسکولوں کی محفوظ کشادگی تک ہوم اسکولنگ( گھریلو تعلیم) کی سرگرمیوں کو تندہی سے انجام دیں۔

ہوم اسکولنگ کا پس منظر؛۔ہوم اسکولنگ(گھریلو تعلیم )کوئی نئی چیز نہیں ہے۔نوآبادیاتی دور میں دولت مند افراد ،والدین،اساتذہ اور بڑوںکی مدد سے اپنے بچوں کی تعلیم کا انتظام اپنے گھر پرکیا کرتے تھے۔ اٹھارویں اور انیسویں صدی کے دوران مشترکہ خاندان کے بچوں کی تعلیم کے لئے گھرکے کسی ایک کمرے کو اسکول کی شکل دے دی جاتی تھی جہاںتعلیم ،درس و تدریس اورہنمائی کے لئے والدین کے بجائے اساتذہ اوربڑے بچوں کی خدمات سے استفادہ کیا جاتا تھا۔عام فہم انداز میںہوم اسکولنگ سے مراد ایسی تعلیم جو والدین کی رہنمائی میں ابچوں کوکسی اسکول میںداخل کیے بغیر گھرپر انجام دی جاتی ہے۔ہوم اسکولنگ کے بارے میں مزاحاً کہاجاتاہے ہوم اسکولنگ اسکولی تعلیم کی طرح ہے اورنہ بچے گھر پررہتے ہیں (Home Schooling is not much like School,and children are never at home)

ہوم اسکولنگ (گھریلو تعلیم) کیا ہے:۔ہوم اسکولنگ ، جسے ہوم ایجوکیشن یا الیکٹیو ہوم ایجوکیشن (Elective Home Education EHE) بھی کہا جاتا ہے ایک ایسا معروف طریقہ تعلیم ہے جس میں اسکول جانے والے عمر کے بچوں کو بجائے اسکول کے، گھر پر یا کسی اورمقام پر تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ یہ کام عام طور پر والدین ،ٹیوٹر(گھر آکر تعلیم دینے والے مدرس) یا آن لائن ٹیچر انجام دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی ایسے ہوم اسکولنگ فراہم کرنے والے ادارے بھی ہیں جو رائج رسمی تعلیمی طریقوں کو بہت کم استعمال کرتے ہوئے یہ کا م انجام دیتے ہیں۔یہ ادارے انفرادی تعلیم و توجہ کے ایسے متعدد تعلیمی طریقوں کو استعمال کرتے ہیں جوبیشتر اسکولی تعلیم میں مستعمل و رائج نہیں ہوتے۔ حقیقتاً ہوم اسکولنگ کا طریقہ بہت مختلف دکھائی دیتا ہے۔

ہوم اسکولنگ کا طریقے کار ایک ایسی منظم ساخت پر مبنی ہے جس میں اسکول کے روایتی نصاب و اسباق کا قطعی تصور نہیں ہوتا۔مختصراً یہ ایک غیر اسکولی تعلیم ، (ان اسکولنگ(Unschooling ہے جو روایتی اسکولوں کے مروجہ طریقہ تعلیم سے یکسر مختلف وجداہے۔ گھریلو تعلیم کا نظریہ ایسے خاندانوں کی وجہ سے وجود میں آیا جن کے بچے ابتداً کسی اسکول میں زیر تعلیم تھے جہاں انھوں نے ناپسندیدہ عادتوں کو سیکھاجسے ان کے والدین چھوڑاناچاہتے تھے ۔یہ وجہ ہوم اسکولنگ (گھریلو تعلیم) کی مقبولیت کا باعث بنی۔تعلیمی حوالوں کے مطابق ہوم اسکولنگ کی اصطلاح شمالی امریکہ میںمعروض وجود میں آئی لیکن بنیادی طور پر یہ یوروپ اور دولت مشترکہ ممالک میں بہت زیادہ مستعمل رہی۔ہو م اسکولنگ فاصلاتی تعلیم(Distance Education)سے بالکل مختلف ہے اسے نہ تو فاصلاتی تعلیم کے درجے میں رکھا جاسکتا ہے اور نہ اس کافاصلاتی تعلیم سے موازنہ کیاجاسکتا ہے۔ ہوم اسکولنگ میں بچے اپنے والدین کی مدد سے یااپنے طورپر تعلیم حاصل کرتے ہیں اور مختلف معاون تعلیمی وسائل کااستعمال کرتے ہیںجن میں آن لائن تعلیمی وسائل بھی شامل ہیں۔

ہوم اسکولنگ کا فروغ؛۔ بیسویں صدی کے وسط سے لوگوں نے اسکولی تعلیم کی افادیت و استقامت پر سوال اٹھانے شروع کردیئے۔ عوامی اضطراب کی وجہ سے خاص طور پر امریکہ اور کچھ یوروپی ممالک میں گھریلو تعلیم(ہوم اسکولنگ) حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا۔ہوم اسکولنگ آج کے دور میں نہ صرف تعلیم کا وسیع و مقبول ترین ذریعہ ہے بلکہ متعدد ممالک میں سرکاری و خانگی اسکولوں کے متبادل کے طورپر بھی ابھر رہا ہے۔

ہوم اسکولنگ کی عوامی مقبولیت کی وجہ انٹرنیٹ بھی ہے جس کی وجہ سے کسی بھی قسم کی معلومات کا حصول اب مشکل نہیںہے۔ بین الاقوامی اعدادو شمارکے مطابق دنیا کے بعض ممالک میں جہاں ہوم اسکولنگ کو باضابطہ قانونی شکل دی گئی ہے وہیں ایسے ممالک بھی ہیںجہاںہوم اسکولنگ کوغیر قانونی قرار دیاگیا ہے۔کوویڈ19وباء کی وجہ دنیابھر کے کروڑوں طلبہ گھروں پر تعلیم حاصل کرنے پر مجبورہوگئے ہیں۔ تاہم بیشتر ممالک میں آن لائن تعلیم، روایتی ہوم اسکولنگ کے بجائے فاصلاتی تعلیم کی شکل میں جاری ہے۔

ہوم اسکولنگ طریقہ تعلیم۔؛ہوم اسکولنگ طریقہ تعلیم میں بیک وقت کئی تعلیمی نظریات پر عمل درآمد ہوتا ہے جن میںکلاسیکل ایجوکیشن(Classical Education)،چارولیٹ میشن ایجوکیشن(Charlotte Mason)،مونٹیسری ایجوکیشن،ملٹی پل انٹیلی جینس تھیوری(Theory of Multiple Inteligences)،ان اسکولنگ(Unschooling)،والڈروف ایجوکیشن(Waldorf Education) اور تھامس جیفرسن ایجوکیشن(ٹی جے ایجوکیشن) وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ہوم اسکولنگ کی انجام دہی سے قبل والدین متذکرہ تعلیمی نظریات کا مطالعہ کرتے ہوئے کوئی مناسب نظریہ یامختلف نظریات کے منتخب پہلوئوں کا انتخاب کرتے ہوئے ایک سائنٹفک طرز پر مبنی تدریسی نقشہ تیار کرلیں۔

منصوبوں کو تکمیل تک پہنچانے کے لئے وسائل بھی کرلیں ۔آغاز سے لیکر اختتام تک ایک نظام العمل(شیڈویل) تیار کریں تاکہ تدریسی افعال کو معیاری اندازی میں آسانی سے بروقت انجام دیا جاسکے۔ موثر ہوم اسکولنگ کی خاطر ذیل میں ایک نقشہ والدین کی رہنمائی کے لئے فراہم کیا جارہا ہے اس میں والدین اپنے علم، تجربے علم اور وقتی ضرورت کے حساب سے تبدیلی لاسکتے ہیں۔ ماہرین تعلیم سے مشاورت کے بعد تعلیمی تصورات کی ایک ایسی فہرست مرتب کرلیں جنہیں آپ اپنے بچے میں منتقل کرناچاہتے ہیںجیسے زندگی کا مقصد ، کامیابی کے معیار و پیمانے، سماج سے تعلق،باہمی روابط،اشتراک،رشتے و تعلق کی نوعیت ،زمین و کائنات اور انسانوںکے مابین رشتہ ،ماحول کی اہمیت ،روئے زمین پر پائے جانے والے حجر،شجر،چرند،پرند،جانور و دیگر جانداروں اور انسان کے مابین تعلق وغیرہ۔

تعلیم میں بنیادی طور پر طورپرسننے،بولنے،لکھنے اور پڑھنے کو اولیت دی جاتی ہے۔ان صلاحیتوں کے حصول کے لئے درس و تدریس کوبنیادی خواندگی( فائونڈیشنل لٹریسی)،ریاضی(ارتھ میٹک)،مہارت مہارت(اسکلس) اور شخصی اوصاف (پرسنل ٹریٹس) جیسے چار زمروں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔والدین بنیاد ی مطلوبہ صلاحیتوں سے خود کو آراستہ کرتے ہوئے فوری طور پر تدریسی اقدامات ومنصوبوں کا ایک مبسوط لائحہ عمل تیار کرلیں۔اہداف کے تعین کے بعدمنصوبوںکو قلیل مدتی (Short Term)،وسط مدتی(Mid Term)اور طویل مدتی(Long Term)زمروں میںتقسیم کرتے ہوتے وقت ضائع کیے بغیر ان پرعمل درآمد شروع کردیں۔تدریسی منصوبے،اقدامات اور اہداف کا تعین بچے کی صلاحیت و قابلیت کے مطابق کریں۔

ہوم اسکولنگ کے لئے والدین سے مطلوب صلاحیتیں؛۔بچوں کی صحت اور وباء کے پھیلائو کے مدنظر اسکولوں کی بندشنیبچوں کی تعلیم و تربیت کی زائد ذمہ داری والدین پر عائد کردی ہے۔اگر والدین وباء اور دیگر مسائل کا بہانہ کرتے ہوئے بچوں کی تعلیم سے پہلو تہی کریں گے تواس کے نقصانات کا خمیازہ ان کی اولاد کو بھگتنا پڑے گا۔آن لائن تعلیم سے بچوں کو مربوط کرنا وقت کا تقاضا ہے ۔والدین ہوم اسکولنگ کے طریقہ کار کو اپناتے ہوئے بچوں کے تعلیمی نقصان کی پابجائی کریں۔ہوم اسکولنگ کی انجام دہی سے قبل والدین کے لئے ضروری ہے کہ وہ تعلیم و تربیت کے ابتدائی اصولوں سے آگہی پیدا کریں،بچوں کی نفسیات خاص طورپر تعلیمی نفسیات کا اساسی علم حاصل کریں،بچوں کی جسمانی و ذہنی(نفسیاتی) نشوونماسے متعلق بنیادی معلومات حاصل کریں۔معاون درسی مواد اور آن لائن تعلیمی وسائل تک رسائی پیدا کرتے ہوئے اس کو بچوں کے لئے مفید بنائیں۔ اپنے اندر صبر،تحمل،ترحم،محنت،تدبر مستقل مزاجی اور مسائل کے عاجلانہ حل کی استعدادپیدا کرنے کے لئے تعلیم و تربیت اور درس واکتساب پر مبنی کتب کا مطالعہ کریں۔ گھر پر ساز گار تعلیمی ماحول پیدا کریں۔بچوں میں گفت و شنید اور زبان دانی کے فروغ کے لئے مختصر قصے کہانیوں،لکچرس کو یکجا کرتے ہوئے اس کا مطالعہ کریں اور مواد کا بچوں سے اشتراک عمل لائیں ۔بچوں سے ان کی رائے حاصل کریں۔بچوں کی دلچسپی کو قائم رکھتے ہوئے تعلیم اور درس و اکتساب کوفروغ دینے والی مہارتوں کو سیکھیں۔

والدین کے لئے ورچول اسکولنگ کے بنیادی اصول ؛۔ وبائی دور کے ابتدائی ایام میں منصوبے کی عدم موجودگی کے باعث والدین ذہنی و جسمانی دبائو کا شکار ضروری ہوئے ہیں ۔ذیل کے نکات پر عمل کرتے ہوئے والدین خود کو ذہنی ا ور جسمانی دبائو سے محفوظ رکھتے ہوئے ہوم اسکولنگ سہل طریقے سے انجام دے سکتے ہیں۔

1 ۔باقاعدہ اسکول کی طرح ہوم اسکولنگ کلاسس کا بھی ٹائم ٹیبل تیار کریں۔تاکہ بچوں کے معمولات میں خلل پیدا نہ ہو اورو ہ گھر پر تعلیم کے حصول میں تن آسانی سے کام نہ لیں یا جب دل چاہے آرام کریں،تفریح کریں یا غیر تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف رہیں۔بچوں کی تعلیمی و جسمانی سرگرمیوں پر خاص دھیان دیں۔

2۔بچے کی نیند کا خاص خیال رکھیں۔بچوں کو چاق و چوبند رہنے کے لیے دس گھنٹوں کو نیند ضروری ہوتی ہے ۔بچوں کے سونے اور جاگنے کے اوقات کو یقینی بنائیں۔

3۔ورچول لرننگ سے قبل بچے کو صبح جسمانی ورزش یا سرگرمی میں مشغول کریں تاکہ جسمانی صحت بہتر رہے ۔بہتر ناشتے سے بچوں کی یکسوئی بڑھتی ہے اور وہ بہتر طریقے سے اکتسابی کام انجام دے سکتے ہیں۔یہ نہ سوچیں کہ گھر پر ہے جب چاہے کھا لیں گے ۔اس طرح کی سوچ اور عمل تعلیمی سرگرمیوں کی انجام دہی میں نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔اوقات مقررہ پر کھانا دیں۔کھانے کے اوقات کو ورچول لرننگ کی بنا تبدیل نہ کریں۔

4۔اسکول کی طرح مضامین کے لیے گھنٹے(پیریڈ) مختص کریں اور اس پر سختی سے عمل پیرا رہیں۔

5۔بچوں کوپڑھنے کے لیے پرسکون جگہ فراہم کریں جہاں ہوا اور روشنی کا گزر ہو۔بچے کے تعلیمی آلات کتاب،نوٹ بک،پین،کمپیوٹروغیرہ ترتیب سے رکھیں۔میز کرسی آرام دہ ہو تاکہ بچہ تکلیف سے محفوظ رہے۔گھر میں شور و غل نہ ہونے دیں تاکہ بچے کے تعلیمی عمل میں خلل واقع نہ ہو۔

6۔ورچول سیشن کے بعد کے کام کی جانچ کریں ۔کلاسس کے بعد گیاٹ گیجس سے بچوں کو دور کریں انھیں جسمانی سرگرمیوںجیسے چہل قدمی وغیرہ کی ترغیب دیں۔

7۔براہ راست سیشنس کے دوران کلاس میں قدم رکھنے سے پرہیز کریں ۔دوران جانچ و امتحان بچے کو صحیح جوابات دینیمیں مدد نہ کریں۔یہ عمل بچوں کے لیے بہت نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔

8۔اگر آپ درس و تدریس سے متعلق آپ کو کوئی شک ہو تو اسے بچے کے استاد سے رفع کرلیں لیکن براہ راست سیشن کے دوران ایسے عمل سے اجتناب ضروری ہے۔ اگر آپ کسی شئے سیمطمئن نہیںہیں تو اسکول انتظامیہ سے براہ راست گفتگو کریں۔واٹس ایب میسجیز وغیرہ سے اکثرالجھنیں پیدا ہوتی ہیں۔

9۔اپنے بچے کے اسکول کا دوسرے اسکولوں سے موازنہ کرنے سے گریز کریں۔ اسکول انتظامیہ پر بھروسہ اور ان کے تعلیمی اقدامات پر اعتماد کریں۔ خیال رہے کہ اسکول کے لئے ہر بچہ خاص اور اہم ہوتا ہے اور ہر اسکول کے اپنے محدود وسائل ہوتے ہیں۔

10۔جماعتوںمیں شرکت کے لئے نظم و ضبط بہت اہم ہوتاہے ، اور گھر پر بھی وقتا فوقتا آپ کو اس کی یاددہانی کرانی چاہیے۔بہتر ہوگا اگر آپ ہرجماعت کے لیے الارم لگادیں۔

11۔اگر آپ کو کسی چیلنج کا سامنا ہے تو اسکول انتظامیہ سے ربط پیدا کریں اور مشاورت سے کام لیں۔

12۔حفظان صحت کو ملحوظ رکھتے ہوئے بچے کو اپنے دوستوں سے ملاقات کا موقع فراہم کریں۔کھیل کود اور دیگر سرگرمیوں میں حفظان صحت اور وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھیں۔

13۔بچے کا سیکھنااس کے مارکس(نشانات) اور گریڈس(درجوں) سے زیادہ اہم ہے۔بچوںکی محبت وشفقت سے مدد کریں۔

کورونا وائرس کے بہانے بچوں کی تعلیم کانقصان ہرگزنہ ہونے دیں۔بچے تعلیم سے جس قدر دور ہوں گے اکتساب، تہذیب ،تمدن اور کامیابی سے بھی دور ہوجائیں گے۔وسائل کی قلت ہو اگرمعاشی مسائل درپیش ہوںتب بھی تین وقت کے بجائے دو قت کا کھانا کھائیں اور اگر تین وقت کا نہیں دوقت کا کھانا میسر ہو تو ایک وقت کا کھائیں لیکن بچوں کی تعلیم کانقصان نہ ہونے دیں۔آپ کے بچوںکی تعلیم اور ان کے بہتر مستقبل کے ذمہ دار آپ خود ہیں۔اپنی ذمہ داریوں کا احساس کیجیے ۔

حصہ
mm
فاروق طاہر ہندوستان کےایک معروف ادیب ،مصنف ، ماہر تعلیم اور موٹیویشنل اسپیکرکی حیثیت سے اپنی ایک منفرد شناخت رکھتے ہیں۔ایجوکیشن اینڈ ٹرینگ ،طلبہ کی رہبری، رہنمائی اور شخصیت سازی کے میدان میں موصوف کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔جامعہ عثمانیہ حیدرآباد کے فارغ ہیں۔ایم ایس سی،ایم فل،ایم ایڈ،ایم اے(انگلش)ایم اے ااردو ، نفسیاتی علوم میں متعدد کورسس اور ڈپلومہ کے علاوہ ایل ایل بی کی اعلی تعلیم جامعہ عثمانیہ سے حاصل کی ہے۔