حضرت موسی علیہ السلام نے ایک بار اللہ تعالی سے پوچھا، انسان آپ کی نعمتوں میں سے کوئی ایک نعمت مانگے تو کیا مانگے؟ اللہ تعالی نے فرمایا ‘صحت’، حقیقت میں صحت اللہ تعالی کا بہت بڑا تحفہ ہے۔
قدرت نے انسان کو صحت مند رکھنے کیلئے جتنی منصوبہ بندی کی اتنی شاید پوری کائنات کو بنانے کیلئے بھی نہ کی گئی ہوگی اور ہمارے جسم کے اندر ایسے ایسے نظام موجود ہیں کہ جب ہم ان پر غور کرتے ہیں تو عقل دنگ رہ جاتی ہے ۔
اللہ تبارک و تعالیٰ کی بے پناہ نعمتوں میں صحت و تندرستی ایک بیش بہا نعمت ہے اور اگر بالکل درست کہا گیا ہے کہ جان ہے تو جہاں ہے اور اگر انسان صحت مند نہ ہو تو دنیا کی تمام رنگینیاں، دلچسپیاں، گونا گوں نعمتیں ہیچ نظر آتی ہیں۔
صحت ہزار نعمت ہے اور آج کل کے حالات دیکھ کر لگاتا ہے صحت کا خیال ہر عمر کے فرد پر لازم ہے اور بہترین صحت بخش غذا کا حصول اہم اور لازم ہے جبکہ میتھی دانہ، رائی، کلونجی، اجوائن، کالی مرچ، دارچینی، خشخاش، اور ایسے ہی کئی مصالحے دیکھنے میں انتہائی چھوٹے اور مختصر نظر آتے ہیں مگر ان میں پائی جانے والی افادیت ان مصالحوں کے حجم سے کئی گنا زیادہ ہوتی ہے جبکہ ان مصالحوں میں پائے جانے والے غذائی اجزاء صحت کے حوالے سے ہر طرح سے مفید ثابت ہوتے ہیں۔
زیرہ کو انگریزی زبان میں ‘جیرا’ کہا جاتا ہے اور یہ پاکستانی کھانوں میں عام استعمال کیا جاتا ہے، جیسے کہ پلاؤ، کڑی یا پھر رائتہ وغیرہ، لیکن بہت کم لوگ اس بات سے واقف ہوں گے کہ زیرہ متعدد طبی فوائد کا بھی مالک ہے اور کئی بیماریوں کو اپنے خواص کے ذریعے زیر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ عام طور پر خشک حالت میں دستیاب ہوتا ہے اور زیرہ قدرتی طور پر تین رنگوں میں پایا جاتا ہے؛ سفید، کالااور سنہری امبر اوران میں سے امبربیج سب سے زیادہ عام ہے، کالا زیرہ، سفیدزیرے سے مختلف ہوتا ہے ، البتہ دونوں میں کچھ حد تک یکسانیت پائی جاتی ہے اور کالا زیرے کو نارتھ انڈیا میں کلونجی اور بنگال میں کالاؤزیرہ کہا جاتا ہے اور یہ تیکھا، طاقت ور، تیز اور ذرا بہتر ذائقہ کا ہوتا ہےاور اس کی ساخت یا بناوٹ انتہائی باریک ہوتی ہے۔
مشرقی مصالحہ جات میں زیرے کو ایک خاص مقام حاصل ہے جس کی خوشبو اور ذائقہ کھانوں کو ایک خاص لذت بخشتا ہے جبکہ یہ کھانوں کو تو مزے دارتو بناتا ہی ہے البتہ اسے اس کے حیرت انگیز فوائد کی بنا پر کھانوں میں متعارف کروایا گیا تھا اور اگر آپ وزن کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تو آپ کے لیے زیرے سے بڑھ کر اور کیا تحفہ ہو سکتا ہے ۔
موٹاپے سے پریشان افراد اپنا وزن گھٹانے کے لیے ہر طرح کی کوشش کرتے ہیں اور مشکل سے مشکل کام سے بھی گریز نہیں کرتے، وزن میں کمی لانا اب اتنا بھی مشکل نہیں رہا ہے، ہر گھر کے کچن میں باآسانی دستیاب گرم مسالے میں شمار کیے جانے والا زیرہ موٹاپا کم کرنے میں حیران کُن حد تک مدد فراہم کر سکتا ہے۔
طبی ماہرین کی جانب سے موٹاپے کو متعدد بیمایوں کی جڑ قرار دیا جاتا ہے اس سے نجات حاصل کرنے کے لیے، وزن میں کمی کے خواہشمند افراد کے لیے ڈائٹنگ ایک مضر صحت عمل ہے کیوں کہ اس سے موٹاپا کم ہو یا نہ ہو مگر انسان کمزوری کا شکار ہو جاتا ہے اور مختلف بیماریوں میں گھر جاتا ہے۔
وزن میں کمی لانے کے لیے ورزش ایک اچھا اور مثبت آپشن ہے مگر مصروف زندگی میں روزانہ کی بنیاد پر 1 سے ڈیڑھ گھنٹہ نکالنا آسان اور ممکن بات نہیں ہے۔
وزن میں کمی لانے کے لیے قدرت نے متعدد اجزا میں ایسے فوائد چھپا رکھے ہیں کہ اگر جن کا باقاعدگی سے استعمال کیا جائے تو موٹاپے جیسی بیماری اور پیٹ کی چربی سے باآسانی چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے ۔
چربی پگھلانے اور وزن میں کمی کے لیے زیرہ فائدہ مند ہے ۔:۔
ماہرین کے مطابق اگر صرف ایک کھانے کا چمچہ روزانہ کی بنیاد پر زیرہ پاؤڈر غذا میں شامل کرلیا جائے تو دوسرے طریقوں کی نسبت وزن تین گنا تیزی سے کم ہوتا ہے ۔
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ زیرے میں فائٹو اسٹیرول نامی کیمیائی مادّہ پایا جاتا ہےجوکہ انسانی جسم میں منفی کولیسٹرول کو جمع ہونے سے روکتا ہے اور چربی جمنے نہیں دیتا۔
موٹاپے کی شکار 88 خواتین پر کی گئی ایک ایک تحقیق کے نتائج مطابق وزن کو کم کرنے کے لیے زیرہ ایک انتہائی مؤثر جز ہے اور زیرہ حراروں کو جلانے میں مدد فاہم کرتا ہے اور اس کے مزید فوائد ہیں جن میں کولسٹرول کو کم کرنا ہے اور دل کے دورے کے خطرات کو کم کرتا ہے، یادداشت بہتر بنانا، قوت مدافعت کو بڑھانا، خون کی کمی کو دور کرنا اور ہاضمے کے عمل کو بہتر بنانا بھی شامل ہے۔
زیرہ میں کیونکہ آئرن کی اچھی خاصی مقدار پائی جاتی ہے، اس لیے یہ نظام ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے، مدافعتی نظام کی قوت بڑھاتا اور اینٹی ریڈیشن کے لیے کام انجام دیتا ہے جبکہ سفید زیرہ میں آئرن، کاپر، کیلشیم، پوٹاشیئم، میگنیشئم، زنک، سیلینئیم اور مینگنیز پائے جاتے ہیں اور کاپر خون میں سرخ خلیات بنانے میں مدد دیتا ہے۔
وزن میں کمی لانے کے لیے زیرے کا استعمال کیسے کیا جائے ؟
موٹاپے کے شکار افراد کو روزانہ 5 گرام زیرہ پاؤڈر اپنی غزا میں شامل کر لینا چاہیے، اس کا استعمال مختلف طریقوں سے کیا جا سکتا ہے جیسے کے سالن میں ڈال کر یانیم گرم پانی میں گھول کر بھی پیا جا سکتا ہے۔
نہار منہ 3 گرام زیرہ پاؤڈر نیم گرم پانی میں چند قطرے شہد کے ساتھ ملا کر پینے سے پیٹ کی چربی تیزی سے گھلتی ہے جبکہ دہی کے استعمال سے بھوک کم لگتی ہے اور اس کے استعمال سے جسم میں چربی بننے کی رفتار بھی کم ہو جاتی، دہی کے ساتھ ایک چمچہ پسا ہوا زیرہ ملا کر روزانہ کھایا جائے تو اس سے نہ صرف وزن میں تیزی سے کمی ہوگی بلکہ بڑھے ہوئے پیٹ سے بھی چھٹکارا مل جائے گا۔
ایک گلاس پانی میں دو چمچے زیرہ ڈال کر رات بھر کے لیے بھگو دیں، صبح اس کو اُبال کر چھان لیں اور اس میں آدھا لیموں کا رس شامل کرکے نہار منہ استعمال کریں۔
لیموں وزن کم کرنے کے لیے بہترین ہے لیکن اگر رات کے کھانے میں لیموں اور ادرک کے ساتھ زیرے کا استعمال کیا جائے تو اس سے تیزی سے وزن میں کمی آتی ہے، لیموں اور ادرک بھی حراروں کو جلانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
وزن کم کرنے کے ساتھ ساتھ زیرہ دیگر صحت کے مسائل حل کرنے میں بھی مدد دیتا ہے اور اس کے کئی فوائد ہیں ۔:۔
زیرہ میں کیونکہ وٹامن ای بھی پایا جاتا ہے اس سے جلد کی ہر قسم کی بیماری سے نجات حاصل ہوتی ہے۔ زیرہ کے استعمال سے انفیکشن اور فنگل سے بھی نجات ملتی ہے۔ نہ صرف یہ بلکہ چہرے پر ہونے والی کسی بھی قسم کی ایکنی، ایگزیما اور دھبوں سے نجات بھی ملتی ہے۔ زیرے میں چونکہ فائبر بھی موجود ہوتا ہے جس سے جلد کی صفائی ممکن ہوتی ہے۔
چہرے پر پڑنے والی جھریوں اور لائنوں کا خاتمہ بھی زیرے کے استعمال سے کیا جاسکتا ہے کیونکہ اس میں وٹامن ای پایا جاتا ہے جو صحت مند جلد کا سب سے بڑا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ زیرے میں کیونکہ اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی بیکٹیریل صلاحیت پائی جاتی ہے جس سے جلد خوبصورت فریش اور جوان نظر آتی ہے۔
جسم پر ہونے والی کسی بھی قسم کی الرجی یا خارش کی صورت میں زیرے کو پانی میں ملاکر اُبال لیں اور ٹھنڈا ہونے پر اس پانی سے غسل کریں۔
ہتھیلیوں اور پاؤں کے تلوے میں ہونے والی جلن کے خاتمے کے لیے ایک ٹی اسپون زیرہ چار لیٹر پانی میں اُبال لیں اور ٹھنڈا کرکے پئیں۔ کھانے کے بعد اگر آپ کو بہت زیادہ پیاس محسوس ہورہی ہے تب بھی زیرے ملے پانی کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔
چہرے کی جلد کوچمکدار اور خوبصورت بنانے کے لیے زیرے کا فیس پیک بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس کے لیے ہلدی ایک چمچہ اور زیرہ پاؤڈر تین چمچے لے کر شہد اور پانی کے ساتھ ملاکر پیسٹ بنالیں اور خشک ہونے تک چہرے پر اپلائی کریں اور پھر دھولیں۔ اس ماسک سے آپ کی اسکن ہموار اور چمکدار ہوجائے گی۔ اگر آپ کو چہرے پر سن برن اور ایکنی کی شکایت ہے تو اس کے لیے خالص دہی کو زیرہ پاؤڈر میں مکس کرکے چہرے پر لگائیں۔ خشک ہونے کے بعد دھولیں اور دھونے کے بعد چہرے پر موئسچرائزر کا استعمال کریں۔
بالوں کی نشونما اور نگہداشت کے لیے پروٹین، چکنائی ، پانی اور کاربو ہائی ڈریٹ انتہائی ضروری تصور کیئے جاتے ہیں سیاہ زیرہ میں سو سے زیادہ نیوٹرینٹ اور پروٹینز پائے جاتے ہیں اس لیے کالے زیرہ کا پاؤڈر کسی بھی بہترین تیل کے ساتھ ملاکر بالوں کی جڑوں میں لگائیں اور اچھی طرح مساج کریں۔ اس کے علاوہ اس کا استعمال اپنے کھانوں میں مستقل رکھیں۔
اگر آپ کے بال تیزی سے گر رہے ہیں اور پتلے یا باریک ہورہے ہیں تو ایسی صورت میں سیاہ زیرہ پاؤڈر اور اولیو آئل کو ہم وزن ملاکر بالوں میں لگائیں یہ تیل غسل کرنے کے بعد لگایا جانا چاہیئے۔ ہفتہ میں تین بار اس تیل کا استعمال بہت جلد آپ کے بالوں کا گرنا روک دے گا ۔
لمبے، گھنے اور چمکدار بال یقیناًہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے۔ اس کے لیے کالا زیرہ 1.5 ٹیبل اسپون کو 4/3 کپ پانی میں دس منٹ تک اُبال لیں ٹھنڈا ہونے پر اسے چھان لیں اب اس پانی میں انڈے کی زردی کو اچھی طرح سے مکس کرلیں اگر آپ چاہیں تو اس میں اولیو آئل بھی شامل کرسکتی ہیں۔ اس مکسچر سے بالوں میں مساج کریں اور آدھے سے ایک گھنٹہ تک بالوں میں لگا رہنے دیں۔ پھر دھولیں۔ بہترین نتائج کے لیے آپ یہ عمل ہر ہفتہ کرسکتی ہیں۔
ذیابیطس کے مریضوں کے لیے زیرہ کا استعمال انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔ اس سے شوگر لیول لو رکھنے میں مدد ملتی ہے یعنی یہ خون میں شوگر کے لیول کے معیار کو متوازن رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔*زیرہ میں کیونکہ آئرن بھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے جس سے انیمیا یعنی خون کی کمی کے شکار افراد کو مدد ملتی ہے۔ یہ خون میں ہیموگلوبن کی مقدار کو بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اور جسم میں آکسیجن کے خلیات کی عمر کو بڑھاتا ہے زیرہ کا استعمال ہر دو طرح سے انسانی صحت کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔
زیرہ کے استعمال سے نظام ہاضمہ درست افعال سر انجام دیتا ہے اور پیٹ سے متعلق بیماریوں کو دور کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے جبکہ زیرہ انسانی جسم میں میٹابولزم سسٹم کو منظم کرتا ہے اور اس کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے۔
زیرہ میں کیونکہ وٹامن سی کی بھی بھرپور مقدار پائی جاتی ہے جس سے کھانسی اور ٹھنڈک جیسے مسائل دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔اس کے علاوہ گردوں کی بیماری میں مبتلا افراد زیرہ کا استعمال کریں تو بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔
زیرہ میں سینے کا سرطان اور کولن جیسی بیماریوں کے خلاف لڑنے کی طاقت پائی جاتی ہے، اس کے علاوہ استھما، اور انیمیا جیسی بیماریوں کو بھی زیرہ کے مسلسل استعمال سے دور کیا جاسکتا ہے۔
خیال رہے رب کائنات نے زمین میں انسان کے لیے بیشمار نعمتیں رکھی ہیں اور زمین میں ہی انسان کے جسم کو لاحق ہونےوالی تقریباً سبھی بیماریوں کے لیے شفا بھی رکھی ہے، خالق کائنات نے جہاں انسان کے لیے لذیز کھانے پیدا کیے ہیں وہاں کُچھ کھانے ایسے بھی ہیں جن میں ادویاتی خوبیاں شامل ہیں۔