الخدمت سے متعلق آگاہی و تحقیق کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اچھا کام نام اور پہچان ضرور بناتا ہے خواہ وہ کسی فرد کا نام ہو یا کسی ادارے کا ۔الخدمت نے اپنا نام اور پہچان اپنے کام اور خدمات کی وجہ سے بنائی ہے اور اس کے پیچھے ایک دو دن نہیں کئی دہائیوں کی محنت اور کاوشیں ہیں ۔گزشتہ تین دہائی سے زائد عرصے سے لوگوں کی بے مثال خدمت نے الخدمت کو ایک ممتاز حیثیت دی ہے ۔آج نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں الخدمت کو منفردمقام اورشناخت حاصل ہے اور دنیا بھر میں موجود پاکستانی اسے ایک قابل بھروسہ ادارے کے طور پر پہچانتے ہیں۔
پاکستانی خواہ امریکا میں ہوں یا مڈل ایسٹ میں سب الخدمت کی خدمات سے آشنا ہیں اوراس پر بے پناہ اعتمادکرتے ہیں۔ لوگ اس کا نام سنتے ہی اطمینان کا اظہار کرتے ہیں اوریہ کہتے نہیں تھکتے کہ الخدمت پر انہیں مکمل اعتماد ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ الخدمت ایک ایک پائی کی امین ہے اوریہ امانتوں کو ٹھیک طور پر خرچ کرتی ہے ،بعض لوگ تو اس کی تصدیق جماعت اسلامی جیسی خالص امانت داراورایماندار جماعت کی نسبت سے بھی کرتے ہیں ۔
لوگوں کی ان ہی امانتوں کو یکجا کرنے اور سارا سال جاری خدمت کے کاموں کو وسعت دینے کیلئے الخدمت کی جانب سے” لائیو ٹیلی تھون “کا اہتمام الخدمت کے مرکزی آفس میں کیاگیا ۔ٹیلی تھون میں چند گھنٹوں کے دوران کروڑوں کے عطیات جمع ہوئے ۔دنیا بھر میں مقیم پاکستانیو ں نے الخدمت پر اپنے بھر پوراعتماد کا اظہار کیا اوردل کھول کر عطیات دیئے اورالخدمت کے کاموں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
الخدمت کی جانب سے ٹیلی تھون میں تین سیشنز کا اہتمام کیا گیا ،پہلے سیشن کے میزبان ڈائریکٹر ڈائیگنو سٹک سروسز انجینئر صابر احمد تھے جبکہ مہمانوں میں PharmEvo کے سربراہ محمد ہارون قاسم، پروفیسر آف نیورولوجی آغاخان یونیورسٹی کراچی ڈاکٹر واسع شاکر ،ڈاکٹرثاقب انصاری ایم ڈی چلڈرن اسپتال ،پروجیکٹ ڈائریکٹرالخدمت ڈائیگنو سٹک سینٹرڈاکٹر نائلہ طارق اور انڈس اسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی کے سربراہ ڈاکٹر کاشف شازلی تھے۔
دوسرے سیشن کے میزبان ممبر گورننگ باڈی آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی شکیل خان جبکہ مہمان سابق کیپٹن قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد ،صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی سید احمد شاہ ( ستارہ امتیاز ) ممبر کورننگ باڈی کاشف گرامی ،عمران ایمو، ممتاز ماہر امراض اطفال واسپورٹس تجزیہ کار ڈاکٹر کاشف انصاری، ڈائریکٹر ریلیف Covid -19 قاضی سید صدرالدین ،یوسی چیئر مین جنید مکاتی،جبکہ تیسرے سیشن کے مہمان ڈائریکٹر میڈیا اینڈ مارکیٹنگ و مواخات نوید علی بیگ اورڈاکٹرشعبہ صحت ڈاکٹراظہر چغتائی تھے ۔اس موقع پر کینیڈا،یو اے ای ،برطانیہ ،سعودی عرب ودیگر ملکوں سے لائیو کالز بھی موصول ہوئیں ،جن میں لوگوں نے الخدمت کے کاموں اور اس سے منسلک رضاکاروں کو شاندارالفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔
ڈاکٹر نائلہ طارق نے ٹیلی تھون میں گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں لاوارثوں جیسی صورتحال ہے۔الخدمت اپنی ڈائیگنوسٹک سروسز کے ذریعے جدید سہولتیں فراہم کر رہی ہے ،لوگوں کو چاہیے اپنا خیا ل کریں ۔کورونا خطرناک وائرس ہے جس نے دنیا بھر میں تباہی مچائی ہے ۔ہمیں باربار ہاتھ دھونے کی عادت اپنانا ہو گی ،خود کو اور دوسروں کو اس وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے ماہرین کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کرنا ہوگا ۔
ڈاکٹر عبد الواسع شاکر نے کہا کہ کورونا کی وبا کو سنجیدگی سے لینا ہوگا ،آئندہ تین ماہ تک زندگی کو اسی طرح گزارنا ہوگا اس کے بعد حالات نارمل ہونے میں 6سے 12ماہ لگیں گے ۔اس وبا کاہمیں طویل مدت تک سامنا رہ سکتا ہے ۔ ہمیں صحت مند زندگی کو اپنانا ہوگا ۔ڈاکٹر ثاقب انصاری نے کہا کہ کورونا کے 90فیصد مریض ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ ایسے مریض جن کا سانس کا مسئلہ ہوان کا ٹیسٹ کرکے جائزہ لیا جاتا ہے ۔ایسے مریض جن کی قوت مدافعت بحال ہو رہی ہو پلازمہ لگا کر ان کی زندگی کو بچایا جا سکتا ہے ۔
PharmEvo کے سربراہ محمدہارون قاسم الخدمت کی کورونا ٹیسٹنگ لیب کے قیام میں پھر پور معاونت فراہم کر رہے ہیں نے بطور مہمان اپنی بات چیت میں کہا کہ کورونا ٹیسٹنگ لیب پرڈھائی کروڑ روپے کی لاگت آئے گی جو انشااللہ جلد پوری کر دی جائے گی۔یہ دراصل الخدمت لیبارٹری اور ڈائیگنو سٹک کمپین کا حصہ ہے جو کہ زیر تعمیر ہے اور اس پر40کروڑ روپے کے اخراجات کا اندازہ ہے،جس میں سے اب تک 10کروڑ روپے کرچ کیے جا چکے ہیں ،جبکہ امید ہے کہ باقی معاونت بھی اہل خیر کے تعاون سے جلد ہو جائے گی ۔انشااللہ اس لیب میں ایم آرآئی اور سی ٹی اسکین کا بھی انتظام کیا جائے گا ۔کرونا ٹیسٹنگ لیب سے شہریوں کو ٹیسٹ کی معیاری اور کم قیمت سہولت میسر آئے گی ۔
ڈاکٹر کاشف انصاری نے امریکا سے لائیو ٹیلی تھون میں بات چیت کر تے ہوئے کہا کہ کسی این جی اوکو اللہ اور اللہ کے بندوں کیلئے کام کر تے دیکھا تو وہ الخدمت ہے ۔51برس کی زندگی میںنے نہیں سنا کہ اس نے کسی کا ایک پیسہ بھی ادھر دسے ادھر کیا ہو ۔میں حلفیہ بیان دیتا ہوں کہ الخدمت امانت دار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں حالات خراب ہیں۔ کورونا جان لیو اوبا ہے ، مگر پاکستان ، بھارت اور بنگلہ دیش پر اللہ کا خاص کرم ہے ۔لوگوں کو چاہیے کہ ماسک کا استعمال کریں ۔مساجد اور شاپنگ مالز میں جائیں تو احتیاط برتیں ۔انہوں نے عمیر ثنا فاو ¿نڈیشن کی جانب سے الخدمت کیلئے 10لاکھ روپے کے عطیہ کا اعلان کیا ۔
انجینئر صابر احمد نے کہا کہ الخدمت کی ڈائیگنو سٹک سروسز ٹیسٹ کی جدید اورمعیاری سہولتیں فراہم کر رہی ہے ۔الخدمت صحت کی سہولتوں کو وسعت دینا چاہتی ہے اس کیلئے مخیر حضرات کا الخدمت کو تعاون درکار ہے ۔ ڈاکٹر کاشف شازلی نے کہا کہ کورونا کی وبا حقیقت ہے لوگوں کو اس وبا کوسنجیدہ لینا ہوگا اور اس کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی ۔ٹیلی تھون کے دوسرے سیشن میںشریک آرٹس کو نسل پاکستان کراچی کے صدرسید احمد شاہ نے کہا کہ کراچی پورے پاکستان کو روزگارفراہم کرتا ہے ۔کراچی بند ہوتا ہے تو پورا پاکستان بند ہوتا ہے ۔الخدمت کے کام کو پھیلانے کی ضرورت ہے ۔کراچی ہر مشکل وقت میں لوگوں کی مدد میں آگے نظرآتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ دولت جوآج ہم جمع کررہے ہیں آخرت میں کام نہیں آئے گی بلکہ اللہ کی راہ میں خرچ کیا گیا کام آئے گا ۔احمد شاہ نے کہا الخدمت جس جذبہ ولگن کے ساتھ کام کر رہی ہے میں لوگوں سے اپیل کروں کا کہ وہ کورونا ٹیسٹنگ لیب میں اس کو سپورٹ کریں ۔سید احمد شاہ نے کہا الخدمت کا کفالت یتامیٰ پروگرام بہترین ہے ،انہوں ایک یتیم بچے کی کفالت کی ذمہ داری نبھا نے کا بھی اعلان کیا ۔
قاضی سید صدرالدین نے کہا کہ لوگوں میں بڑاجذبہ ہے وہ اللہ کی راہ میں خرچ کرنا چاہتے ہیں ۔ایک میاں بیوی پورے رمضان اپنے گھر پر 60سے 70افراد کا کھانا اپنے ہاتھوں سے پکا کر الخدمت کو مستحقین میں تقسیم کرنے کیلئے دیتے رہے ہیں ۔اسی طرح ایک صاحب نے رمضان بھر گوشت مستحقین تک پہنچانے کیلئے الخدمت کو 50ہزار کلو گوشت فراہم کیا ۔انہوں نے بتایا کہ الخدمت نے لاک ڈاو ¿ن کے دوران لاکھوں راشن ضرورت مندوں کے گھروں تک پہنچائے ۔سستی روٹی پراجیکٹ کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں تنور لگائے ،جہاں 5روپے کی روٹی فراہم کی گئی۔شہر میں سحروافطار کا اہتمام کیا گیا۔لوگوں کے گھروں تک پکا پکایا کھانا فراہم کیا،مساجد ،امام بارگارہوں ،مندروں اورچرچوں میں جراثیم کش ادویہ کا اسپرے کیا گیا۔
ممبر گورننگ باڈی آرٹس کونسل پاکستان کراچی کاشف گرامی نے کہا کہ الخد مت بڑا کام کر رہی ہے مگر اس کی سرگرمیاں سوشل میڈیا پر ہمیں نظرنہیں آتیں جس طرح آنی چاہئیں ۔لیکن گز شتہ تین ماہ سے الخدمت سوشل میڈیا پر چھا ئی ہوئی ہے اور اس کے کام بھی نظر آرہے ہیں ۔ممبر آرٹس کونسل عمران ایمو نے الخدمت کے کاموں کی تعریف کی اور اس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔شکیل خان نے کہا کہ الخدمت وہ ادارہ ہے جس پر دنیا اعتماد کرتی ہے اور یہ اس کے کاموں کی وجہ سے ہے ۔اس نے ہر مشکل گھڑی میں ملک وقوم کی مدد کی ہے ۔
سرفرازاحمد نے کہا کہ کراچی والے فراغ دل ہیں۔ الخدمت کو بچپن سے ملک وقوم کی خدمت کرتے دیکھ رہا ہوں ۔لوگ اس پر اعتماد کر تے ہیں ۔کفالت یتامیٰ اچھا منصوبہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ یتیموں کی کفالت سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے،یہ رفاقت رسول اور جنت کے حصول کا ذریعہ ہے۔سرفراز احمد نے اعلان کیا کہ میں 10یتیم بچوں کی کفالت کی ذمہ داری لیتا ہوں ۔انہوں نے اسپورٹس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالات ساز گار ہوئے توپاکستان کی ٹیم برطانیہ کا دورہ کرے گی ۔پاکستان کی باو ¿لنگ لائن مضبوط ہے ۔انہوںنے ٹیلی تھون کے مہمانوں کی فرمائش پر نعت رسول بھی پیش کی۔
ڈاکٹر اظہر چغتائی نے کہا صاف ستھر ارہیں ۔گلے ملنے سے اجتناب کریں ۔سوشل ڈیسٹنسنگ کریں یہ وقت اور حالات کا تقاضہ ہے ،انہوں نے کہا کہ الخدمت لوگوں کو صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کر رہی ہے ،لیب میں لوگوں کو ارزاں نرخوں پر ٹیسٹ کی سہولت میسر ہے،جبکہ الخدمت اسپتالوں میں ادویہ پر 15فیصد رعایت دی جا رہی ہے ۔یوسی چیئر مین جمشید ٹاو ¿ن جنید مکاتی نے کہا کہ الخدمت کے کارکن شہر کے گلی محلے میں موجود ہیں ۔الخدمت کے پاس رضاکاروں کی بڑی ٹیم ہے ۔فلائی اور کے نیچے دستر خوان کا آغاز کیا تھا اب یہ دسترخوان اورنگی ،کورنگی،پرانی سبزی منڈی اور لائنزایریا سمیت شہر کے دیگر علاقوں میںقائم کیے جا چکے ہیں۔یہ سلسلہ مخیرحضرات کے تعاون سے جاری ہے ۔
نوید علی بیگ نے کہا کہ لوگ الخدمت پر اعتما د کرتے ہیں ۔الخدمت بے روزگار لوگوں کو ”مواخات پر وگرام “کے تحت چھوٹے قرضے فراہم کر رہی ہے تاکہ لوگ اپنے پیروں پر کھڑے ہو کر خاندان کی کفالت کر سکیں ،انہوں نے کہا کہ لوگوں کا تعاون سے الخدمت پر اعتماد کا مظہر ہے ۔اس موقع پر نوید علی بیگ کے صاحبزادے نے لائیو کال کے ذریعے 5لاکھ روپے کے عطیہ کا اعلان کیا ۔ٹیلی تھون میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ صاحب ثروت اوراہل خیر افراد خواہ وہ پاکستان میں ہیں یا پاکستان سے باہر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے الخدمت پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت ریاست کے وسائل کا مقابلہ نہیں کرسکتی ۔کراچی اللہ کے راستے میں دینے والوں کا شہر ہے ۔الخدمت کا پورا کام اہل خیر کے تعاون سے جاری رہتا ہے ۔ شہر بھرمیں سستی روٹی پراجیکٹ کووسعت دے دیںگے جبکہ کروناٹیسٹنگ لیب کے ساتھ اسٹیٹ آف دی آرٹ لیب بنا رہے ہیں ۔جہاںریڈیا لوجی اور پتھالوجی کا شعبہ ہوگا ۔ایم آرآئی ،سی ٹی اسکین سمیت دیگر مہنگے ٹیسٹ ارزاں نرخوں پر ہوں گے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کورونا ٹیسٹنگ لیب پرڈھائی کروڑ لاگت آئے گی ۔الخدمت نے لاک ڈاون کی صورتحال اورمضان المبارک میں لوگوں کی بھر پور مدد کی ہے ۔میں الخدمت کے تمام کارکنوں اور رضاکاروں کو بہترین کام پر مبارک باد پیش کر تا ہوں اورصاحب ثروت افراد سے اپیل کرتا ہوں کہ الخدمت سے تعاون کریں۔