عالمی اداروں کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تقریباً 33فیصد بچے چائلڈ لیبر کا شکار ہیں، یہاں ایک کروڑ بیس لاکھ سے زیادہ بچے چائلڈ لیبر کے طور پر کام کررہے ہیںاور اس تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے ۔ان میں سے تین چوتھائی سخت مشقت والے کام، مثلاً کانوں میں کام، کیمیکلز کے ساتھ کام اور خطرناک مشینری کے ساتھ کام کرتے ہیں ۔ کھیلنے کودنے اور پڑھنے لکھنے کے دنوں میں ہاتھوں میں کتابوں کی بجائے اوزار تھامے پھول جیسے معصوم بچے جب حالات سے مجبور ہوکر کام کرنے کے لئے نکل کھڑے ہوں تویقینا اس معاشرے کیلئے ایک المیہ وجود پارہاہوتاہے۔
بچوں سے مشقت خوشحالی و ترقی کے دعویدار معاشرے کے چہرے پر بدنماء داغ ،اور قوم کی اخلاقی اقدار کے زوال کی علامت ہوتا ہے ۔ جبکہ بچوں سے جبری مشقت کو ہمارے ہاں معیوب بھی نہیں سمجھا جاتا ، جابجا معصوم پھول جیسے بچے بوٹ پالش کے کام سے لے کر ہوٹلوں،چائے خانوں، ورکشاپوں، مارکیٹوں،چھوٹی فیکٹریوں، موٹر گاڑیوں، خشت بھٹوں،سی این جی اور پٹرول پمپوں سمیت بہت سی جگہوں پر مشقت کرتے نظر آتے ہیں۔ ہمارے معاشرے میں دن میں کتنے ہی بچے حالات کی چکی میں پس جاتے ہیں، مگر کوئی ان کی فریاد سننے والا نہیں ہوتا۔ جبکہ بالغوں کے مقابلے میں ان معصوم بچوں کو اجرت بھی کم دی جاتی ہے ، اگر ایک کام کا معاوضہ ایک بالغ کو ایک روپے دیا جاتا ہے تو اسی کام کے ایک بچے کو صرف 33 پیسے ملتے ہیں۔
12 جون کا دن پاکستان سمیت دنیا بھر میں چائلڈ لیبر ڈے ( محنت کش بچوں کے عالمی دن) کے طور پر منایا جاتا ہے ۔چائلڈ لیبر کا مطلب وہ کام ہیں جن سے بچے اپنے بچپن کی امنگوں، عزت ووقار، خوشحال طرز زندگی سے محروم ہوجائیں، جوکہ ان کی جسمانی، ذہنی اور اخلاقی نشوونما اور تعلیم کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔ اس دن سرکاری و سماجی تنظیموں کی طرف سے مختلف تقریبات کااہتمام کیاجاتا ہے تا کہ محنت کش بچوں کے مسائل کو ذمہ داران تک موثر طریقے سے پہنچایا جا سکے اور بچوں سے جبری مشقت کے مسئلے کا سدباب کیا جاسکے۔ پاکستان میں جہاں غربت ،بے روزگاری، مہنگائی نے غریب بچوں کو اسکولوں سے دور کر دیا ہے کہ ان کے لئے تعلیم ایک خواب بن کر رہ گئی ہے، وہاں پرائیویٹ سیکٹر کے تعلیمی اداروں نے تعلیم کو اس قدر مہنگا کر دیا کہ اوسط درجے کی آمدن والے لوگ بھی اپنی اولادوں کو معیاری تعلیم دلوانے سے قاصر ہیں۔
ایسے میں غریب مفلوک الحال خاندان اپنے پیٹ کی آگ بجھائیں یا تعلیم کے بھاری بھرکم اخراجات برداشت کریں ، یہی وجہ ہے کہ غریب بچے ہر طرح کی قابلیت کے باوجود پیچھے رہ جاتے ہیں، اور ان کے والدین وسائل کی کمی کے سبب ان کو تعلیم نہیں دلوا پاتے۔ محنت کش بچے کوئی پیدائشی محنت کش بچے نہیں ہوتے، ان کی شکلیں بھی ایسی ہی ہوتی ہیں جیسی بڑے تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے طلبہ کی ہوتی ہیں لیکن صرف وسائل نہ ہونے کی وجہ سے وہ معاشرے میں ’’چھوٹے‘‘ بن کر رہ جاتے ہیں ۔ جبکہ آئین پاکستان کاآرٹیکل گیارہ اس بات کی ضمانت فراہم کرتا ہے کہ انہیں کارخانوں،د کانوں اور دیگر پرخطر ملازمتوں پر نہیں رکھا جائے گا۔
گو ایمپلائمنٹ آف چلڈرن ایکٹ 1991ء اور ایمپلائمنٹ آف چلڈرن رولز 1995ء جیسے ایکٹس بچوں کے حالات کار کو ضابطہ اخلاق میں لاتے ہیں ۔ لیکن ہمارے ہاں المیہ یہ ہے کہ چائلڈ لیبر قوانین تو بنے ہیں لیکن آج تک کسی کو بھی ان قوانین کی خلاف ورزی کے حوالے سے سزا نہیں سنائی گئی اور عملاً صورت حال سب کے سامنے ہے۔ امیر لوگوں کے گھروں میں کام کرنے والے بچوں کے حالات کار سب سے برے ہیں جن پر شدید تشدد کے واقعات آئے روز منظر عام پر آتے رہتے ہیں،اس کے علاوہ بیشتر کاروباری مقامات اور ورکشاپش میں محنت کش بچوں پر معمولی معمولی بات پر پر تشدد واقعات معمول بن چکا ہے۔
دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ہر سال 12 جون کو محنت کش بچوں کا عالمی دن تو منایا جاتا ہے مگر دن منانے کے ساتھ ساتھ ان پھول جیسے بچوں سے مشقت کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ محکمہ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو حکام کا کہنا ہے کہ والدین خود کمسن بچوں کو سڑکوں، بازاروں اور فیکٹریوں میں مزدوری کرنے کے لئے بھیج دیتے ہیں، جہاں حفظان صحت کے اصولوں سے آشنا نہ ہونے اور فیکٹریوں ، کارخانوں کے شور و دھوئیں، گندے پانی کے فضلات کی وجہ سے مزدوری کرنے والے 70 فیصد سے زائد بچے ہپاٹائٹس اے، بی اور سی جیسے وائرس اور دیگر مہلک بیماریوں میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ بچے کسی بھی قوم کا روشن مستقبل اور اثاثہ ہوتے ہیں ، ان کی بہترین تربیت و نگہداشت پر جس قدر زیادہ توجہ دی جائے ، قوموں کی ترقی کے امکانات اس قدر زیادہ ہوتے ہیں ۔
بلاشبہ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے بہت سے غریب خاندانوں کواپنے بچے محنت و مشقت پر لگانا ان کی مجبوری بن چکا ہے لیکن یہ بھی جائز نہیں ایسے موقع پر معاشرہ کوئی کردار ہی ادا نہ کرے ، ہمارا مذہب تو اپنے ہمسا ئیوں چاہے وہ غیر مسلم ہی کیوں نہ ہوں ان کے حقوق کا خیال رکھنے کی بھی تعلیم دیتا ہے اوررشتے داروں کے حقوق تو اس سے بھی بڑھ کر ہیں۔اگر ہمسائیوں رشتے داروں یا جاننے والوں میں کوئی بے سہارا بچہ یا خاندان ہے تو اسکی کفالت کرنا صاحب حیثیت لوگوں خصوصاً رشتے داروں اور ہمسائیوں کا فرض ہے تاریخ اسلام ایسی مثالوں سے بھری پڑی ہے۔
معاشرے کا فرض بنتا ہے کہ بچوں سے محنت و مشقت لینے کے بجائے ان کی تعلیم ،صحت اور خوراک کیلئے ان کے والدین کو سپورٹ کیا جائے ۔غربت کے ہاتھوں مجبور ہو کر مزدوری کرنے والے بچوں کو مفت تعلیم ،علاج معالجہ اور کفالت فراہم کی جائے، تاکہ یہ اچھے شہری بن کر ہمارے آنے والے کل کے لئے مثبت کردار ادا کرسکیں۔