ریاست ایسے نظام کو کہتے ہیں جو مختلف رنگ ونسل قوم وقبیلے،مذہب ومسلک اورعقائدرکھنے والوں یعنی بکھری انسانی بھیڑکو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کے لئے قائم کیا جاتا ہے۔ قائم کردہ نظام کے اندر ایسی صلاحیتیں ہونالازم ہے جوعوام الناس کونرمی کے ساتھ ایک جگہ اکٹھاکرکے ایک قوم بناسکے اورتمام طبقات کوبلاتفریق عدل وانصاف اورتمام دیگربنیادی سہولیات فراہم کرنے کااہل بھی ہو۔تاریخ انسانی شاہد ہے ہمیشہ محب وطن اور انسان دوست قیادت ہی ایسانظام قائم کرتی ہے جوریاست میں بسنے والوں کیلئے آسانیاں پیدا کرتا ہے امن وامان بحال کرتا ہے ترقی وخوشحالی کی طرف گامزن کرتا ہے۔
جوقیادت ریاست کوسنگین دہشتگردی کے عذاب سے نجات دلانے میں کامیاب ہوجائے،بجلی وگیس کی طویل اورشدیدلوڈشیڈنگ کے اندھیروں سے نکال کر روشن کردے جس قیادت کی سرپرستی میں مہنگائی میں کمی آجائے ایسی قیادت کی حب الوطنی پرشک کی گنجائش نہیں رہتی۔پوری دنیاجانتی ہے کہ جب میاں نوازشریف کوپاکستانی عوام نے تیسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کی ذمہ داریاں سونپی اُس وقت ملک شدید دہشتگردی کی لپیٹ میں تھاہرروز دھماکہ ہورہے تھے امن وامان کی صوررتحال اس قدرنازک ہوچکی تھی کہ لوگ اپنے گھروں کے اندربھی محفوظ نہ تھے ۔
بجلی وگیس کی شدید لوڈ شیڈنگ نے نظام زندگی مفلوج کردیا تھا اکثر کارخانوں اورفیکٹریوں کے باہرتالے لگ چکے کاروباری طبقہ بدحال ہورہا تھامعاشی حالات انتہائی خراب تھے اُس وقت میاں نوازشریف نے تمام چیلنجزکاڈٹ کرمقابلہ کیااوردیکھتے ہی دیکھتے ملک کودہشتگردی کے ناسورسے پاک کردیا کراچی شہرکا امن بحال کردیا، لوڈشیڈنگ کے آسیب سے نجات دلاکرتباہ حال کاروبارزندگی کی سانسیں بحال کردیں آسمانوں سے باتیں کرتی مہنگائی کے پَرکاٹ کرزمین پرگرادیا، موٹرویز کاجال بچھا دیاغریب مزدور کو میٹروبس جیسی پرسکون سہولیت دستیاب کی مختصرکہ ملک کے عزت ووقارمیں بے پناہ اضافہ کیا اورعوام الناس کا معیارزندگی بلندکردیا اور چاروں طرف خوشحالی اورامن وامان کی فضاقائم کردی پرافسوس کہ ایک محب وطن اورعوام دوست انسان اورعظیم قائدکوکبھی کرپٹ کہا گیا توکبھی غداری کے الزام لگائے گئے انہیں بے بنیاد مقدمات میں گھسیٹا گیا اورپھرانہیں وزات عظمیٰ کے منصب سے اتارکرجیل میں قید کردیا گیا طویل انتقامی کاروائی اورشدید کوشش کے باوجودمیاں نوازشریف پرکرپشن کاکوئی الزام سچ ثابت نہ ہوسکا ۔
میاں نوازشریف کی قیادت میں ملک خوشحالی وترقی کی راہ پرگامزن ہوااُن کی حب الوطنی خلوص اورقائدانہ صلاحیتوں پرشک کرنے اُن پربے بنیادالزامات لگانے والے یقیناآج پریشان ہوں گے ۔عوام آج بھی میاں نوازشریف کے قدردان اوراُن کی خدمات کے معترف ہیں ۔عوام جانتے ہیں کہ بے شمارسازشوں کے باوجود ملک سے اندھیرے اور دہشتگردی ختم کرنے والا غدارنہیں ہوسکتا ہے۔بذریعہ ووٹ عوام کے حق حکمرانی آئین وقانون کی بالا دستی کی بات کرنے والا غدار نہیں ہوسکتا اقوام متحدہ میں برہان وانی اور بلوچستان میں ہونے والی دخل انداری کے ثبوتوں کے ساتھ مقدمہ پیش کرنے والا غدار نہیں ہوسکتا نوازشریف دھرتی کاعظیم کا بیٹا ہے جس کی حب الوطنی پرکسی قسم کے شک کی گنجائش نہیں۔
عوام نے بار بار ووٹ کے ذریعے نوازشریف کو اعتماد سے نوازاوہ تین بارملک کے وزراعظم منتخب ہوئے اس سے بڑا حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ اورکیاہوسکتاہے؟آج ہم میاں نوازشریف کوشدت کے ساتھ یادکررہے ہیں جس کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کے کھاتے میں جاتاہے جن کی حکومت کی ناقص کارکردگی نے عوام کا جینامشکل کردیاہے ۔عوام دیکھ رہے ہیں کہ حکومت کرونا وائرس کی روک تھام لاک ڈاؤن میں نرمی کاطریقہ کاربنانے،کرپشن کی روک تھام،نسل نوکی تعلیم وتربیت اوربے روزگارافرادکی کفالت سمیت ہر شعبہ میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔
ملک کوکرپشن فری بنانے کے سبزخواب دکھانے والوں نے کرپشن کے تمام ریکارڈتوڑدیئے۔عمران خان کنٹینرسے اترے تومانگنے میں مصروف ہوگئے انہیں آج تک اس بات کااحساس ہی نہیں ہوپایاکہ اُن کے کندھوں پروزارت عظمیٰ کی ذمہ داری ہے۔کیاوزیراعظم کسی ایک محکمے کی طرف اشارہ کرکے بتاسکتے ہیں کہ یہاں کرپشن ختم ہوچکی ہے حالات وواقعات کودیکھیں تومحسوس ہوتاہے سودن میں توکیاعمران خان صاحب ہزارسال میں بھی کرپشن ختم نہیں کرسکتے بلکہ اس میں ریکارڈتوڑاضافے کاسبب بن سکتے ہیں۔
حکومتی مشیرجھوٹ پرجھوٹ بول رہے ہیں حکومت کی ترجیحات بتارہی ہیں کہ عمران خان کوغریبوں کانہیں منافع خورمافیاکااحساس ہے غریب عوام کاخیال ہوتاتوآج مہنگائی اس قدرنہ بڑھتی مافیااس قدرمنہ زوراور آزادنہ ہوتاحکومت بے حسی وبے بسی کی تصویرنہ بنی ہوتی۔میاںشہباز شریف پاکستان آئے تو پاکستان مسلم لیگ ن نے ڈاکٹرز کو حفاظتی کٹس مہیا کیں،لاکھوںمستحق لوگوں میں راشن تقسیم کیا جو کام حکومت کا تھا آج اپوزیشن کر رہی ہے پاکستان مسلم لیگ ن خدمت کی سیاست کر رہی ہے جبکہ پی ٹی آئی والوں کوسیاست نظرآرہی ہے پاکستان مسلم لیگ ن نے ماضی میں بھی عوام کی خدمت کی ہے اورآئندہ بھی خدمت کی سیاست کرتی رہے گی۔
حکومت کی کارکردگی نے وزیراعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں کاکچاچٹھہ کھول دیاہے۔ریاست اورعوام کی خوشحالی وترقی کیلئے قیادت کامحب وطن اورباصلاحیت ہوناپہلی شرط ہے جبکہ موجودہ قیادت میں ایسی کوئی چیزنظرنہیں آرہی۔ہم دُعاگوہیں کہ اللہ پاک میاں نوازشریف کوصحت وتندرستی والی لمبی عمرعطافرمائے اوروہ وطن لوٹ کرعوام کونااہل اورنالائق حکمرانوں سے نجات دلائیں ۔