چارجنگ مکمل کرلیں

آج باورچی خانے کی اسپیشل صفائی کر رہی تھی وہی پرانی چیزیں برنیاں ، ڈبے خالی کرکے دوبارہ بھر رہی تھی کہ ایک دم موبائل کی بیل بجی اٹھانے تک فون ختم ہو گیا ۔ بہن کا فون تھا سوچا تھوڑی دیر بعد کر لونگی ذرا یہ کام مکمل کر لوں جلد ہی کام سے فارغ ہر کر کہ ان میں پاپے ، گرم مصالحہ ، چاٹ مصالحہ اور چٹنی کی بوتل یہ ہے ادرک لہسن نیا کل بنا کر اس میں پیس کر رکھوں گی تا کہ پورا رمضان چلے اور شکر ادا کیا کہ یہ ہلکا مگر اہم کام ہو گیا ۔

اب جو فون لگا یا تو جواب آیا کہ پیسے اس کال  کیلئے ناکافی ہیں ۔ پھر مہینے بھر کا کارڈ  منگوا کر ڈلوایا  تو پتا چلا کہ  فون کی چارجنگ نہیں ہے! لہٰذا پھر اسے چارج کرنے رکھ دیا اور اذان ہونے لگی ۔ اذان کا جواب دیتے ہی مجھے خیال آیا کہ ہم کس قدر دنیا کے کاموں میں مست ہیں ہزارہا فکروں کو پالا ہوتا ہے شکر اللہ کا کہ نمازیں، اذانیں رحمت ہی ہیں جو ہمیں بارہا جھنجھوڑتی ہیں کہ رب کی یا درکھو تذکیر کرتے رہو کہ واقعی اسی سے کام آسان ہو رہے ہیں اور انشاء اللہ آئندہ بھی ہوتے رہینگے کیونکہ تقریباً مہینے بھر سے باہر آجا نہیں رہے تو بھی زندگی پرسکون ہے ورنہ باہر کا ماحول بھی ان دنوں عجیب سا ہوتا !

جگہ جگہ نئے مانگنے والوں کی بستیاں جنم لیتی، راہ چلتے لوگ اچانک زکوٰۃ خیرات مانگنے کھڑے ہو جاتے تو دکانوں پر گوشت، آٹا ، پتی ، چینی خرید کر دینے کی فرمائشیں کردیتے مگر یہ سلسلہ بھی  تھوڑا رک گیا ہے۔ میں نے سوچا  اتنی بڑی رب کی آزمائش پر بھی ہم لوگ اتنا متحرک نہ ہوئے جتناہونا چاہئے۔ قدرت عجیب عجیب مناظر دکھاتی ہے انوکھے اچھوتے واقعات سامنے لاتی ہے محض ہمیں بیدار کرنے خواب غفلت سے جگانے کے لئے ۔

روزمرہ ہم موت کے مناظر دیکھتے ہیں ، سنتے ہیں بعض دفعہ شرکت بھی کرتے ہیں پھر بھی اپنی موت سے اس کی تیاری سے اس کے بعد ہمیشہ ہمیشہ کی خبرداری سے بے خبر کیوں ہیں۔ اللہ کا شکر اس نے شعبان کا مہینہ عطا کیا ، دعا کرتے ہیں اللہ پاک ہمیں اپنی قربت عطا فرماکے فرمانبرداری اور محبت عطا فرمائے ۔ رب کی رضا ہی کی خاطر زندگی گزاریں  صبر شکر کے ساتھ  اور طہارت کے ساتھ جس کاشعور اس ذات پاک نے یکساں طور پر پوری دنیا کو سکھا دیا کہ یہ زندگی بچانے کیلئے ضروری ہے گویا زندگی کی اہمیت طہارت سے ہے تو صرف ماحول یا کپڑے میں نہیں خیالات ، جذبات نیتیں اجلی ہوں ایسا خیال آتے ہی میں نے سوچا واقعی دنیا کی عارضی رنگینیوں نے اور مال و دولت اور ایک دوسرے سے پر تعیش زندگی حا صل کرنے کی جستجو نے ہمیں اندھا کردیا ہوا تھا ۔

کرونا نے ٹھوکر سے سنبھلنے سنورنے کا موقع ہی تو فراہم کردیا ۔ برائیوں ، بے حیائیوں، فحاشیوں سے اجتناب کرنے کا موقع دیا اور اللہ ہمیں مزید موقع دے شاید ہی کسی کو اتنی فرصت ملی ہو اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کی پھر نھر نگہبانی کو ہم کیوں بھول جاتے ہیں ۔ وہ رب  نگہبان ہے ہر وقت آن لائن ہے اس کا  کنکشن ٹوٹتا ہی نہیں اس کی بیٹری  ہمیشہ چارج  ہے چارج ہی رہے گی چارجنگ کی ضرورت تو ہمیں ہے ۔

اگر ہمیں اپنے رب سے ہر دم تعلق رکھناہے تو اپنے تقویٰ کی بیٹری کو ہر دم ہر وقت چارج رکھنے کی ضرورت ہے اور وہ صرف اور صرف احکام الٰہی کی بجا آوری اور سنت رسولؐ کی اتباع  سے ہی ممکن ہے ۔ رزق کے معاملے میں اپنی تقدیر پر شاکر رہے ۔ بچوں کو بھی یہی بتائیں کہ اللہ ہمارے رزق کو بڑھائے گا ۔ جب ہم اسے اللہ سے ڈرتے ہوئے پاک صاف اور طیب رکھیں اور اللہ کے دیئے ہوئے رزق سے شروع کریں ۔

گویا اللہ کی خاطر دوسروں کو بھی دیتے رہیں بلا کسی غرض کے اپنی محنت پر بھروسہ رکھیں ۔ اللہ اپنی شان کے مطابق اتنا نوازتا ہے کہ آدمی تصور نہیں کرسکتا ۔ بس محنت یقین کے ساتھ اللہ پر بھروسہ کرتے ہوئے کرنی ہے کیونکہ لالچ نہیں کرنی یقین رکھنا ہے اللہ ضرور دے گا ، جبر برداشت ہر موقع پر کرنا ہے تو رب ہر موقع پر ہمیں عزت دے گا سکون و راحت دے گا جو زندگی کے لئے ضروری ہے۔ گویا زندگی میں ہمیں چارجنگ کرنی ہے ہر وقت بذریعہ قرآن ہدایت کیلئے ۔

جب رب کی طرف سے شفا روحانی اور جسمانی بیماریوں کیلئے دے دی ہے تو ہمیں اس سے پوری طرح استفادہ حا صل کرنے کیلئے اس رمضان المبارک کو پوری فیملی کے ساتھ لیکر بنا ئیں ۔ ہمدردی مئواخات دکھاتے ہوئے قرآن کے ساتھ تعلق جوڑیں روزانہ سنیں سنائیں ، تفسیر سمجھنے کی کوشش کریں اور اس کیلئے پہلے سے منصوبہ بندی کرکے اپنی ہی زندگی کو بنانے کیلئے حکمتوں سے بھری سیدھی راہ پر چلنے کی پوری کوشش کرتے ہیں تو اللہ ضرور ہدایت دے گا سیدھی راہ کی طرف اور انشاء اللہ پورے مہینے کے لیے ہی اپنے ضمیر کو اس کیلئے چارج نہ کریں بلکہ اپنے ایمان لاکر اور قرآن پڑھ کر اس کو یقینی بنا کر اس پر تدبر، تفکر کرتے ہوئے عملی طور پر اپنا کر تلاوت دل ، دماغ ، زبان کے ساتھ اس پر تدبر کرتے ہوئے نہ صرف رمضان میں بلکہ باقی ماندہ زندگی میں بھی مسلسل عمل پیرا ہو ں ۔

علمی اور عملی تعلق قا ئم رکھیں۔ عمل بھی کریں تا کہ لوگ آپس میں عملی طور پر پھیلاتے رہیںاپنی روزمرہ سرگرمیوں اور معاملات میں اس پر عمل پیرا ہوتے رہیں تاکہ دین کے طلب کی چارجنگ کبھی ختم ہی نہ ہو۔ اس کو متحرک اور چارج رکھنے کیلئے بار بار نیک اور صالح لوگوں کے ساتھ جڑے رہنے اور دین کی محافل میں رہنے بسنے کیلئے اپنے آپ کو تیار رکھیں تاکہ کلام الٰہی کا زندہ وجود ہر لمحہ قابل ہدایت اور قابل عمل ہدایت رہے ۔

زندگی کے معاملات سے آیات کو جوڑ کر پڑھیں تو یقین جانئیے ایسا لگے گا کہ یہ ہمارے ہی حالات اور اس سے بچائو کے طریقے ہیں ۔ اللہ ہی ہمیں بے قراری میں سکون دینے والا ہے ، اسکے سارے کاموں میں خاموشی اور مہربانی ہے ۔ اسکے علاوہ کوئی ذات ہمیں کسی بیماری پریشانی سے نہیں بچا سکتی ۔ رب کریم ہی ہمارا کفیل اور خبر گیری کرنے والا ہے ۔ ہم کتنے ہی برے ہوں برائیوں میں گھرے ہوں مگر اس کو مالک اور آقا مان کر بندگی اور اطاعت کے ساتھ انکساری کی ہر دم مانگتے رہیں تو یقینا وہ ہمیں اطمینان قلب نصیب فرمائے گا ۔

قر آن سے تعلق اور حقوق ادا کرنے کے مقصد کی چارجنگ ہمیں رمضان کے پورے مہینے بلکہ رمضان سے چند دن پہلے ہی سے شروع کردینے کی توفیق تاکہ ہم ایمان اور ثواب کی نیت سے پورے خلوص سے روزے رکھیں گذشتہ گناہوں کوتا ہیوں سے توبہ تائب کرتے ہوئے ایک نئے یقین کے ساتھ گزاریں اور یہ رمضان اپنے اعتبار سے ایک منفرد اور تاریخی رمضان ہو کہ اللہ کے ہر کام میں حکمت ہے ۔ جب وہ اپنے بندوں پر مہربانی فرماتے  ہیں تو اسے آزمائش میں مبتلا  کردیتے ہیں تو ہمیں صبر شکر سے اللہ سے مدد مانگتے ہوئے صبر و صلوٰۃ سے اپنی بہتر ین کوشش کرنا چاہئے کہ ہم ہدایت یافتہ ہوں نا کہ ظالم ، فاسق اور جابر ۔

عجیب بات ہے تھوڑا سا فون چارج ہوا تھا وہ میسج پڑھنے اور جواب دینے پر بھی ختم ہوگیا لیکن میرے رب سے میری دعا ہے کہ مالک مجھے اس رمضان میں مجھے ہی کیا بلکہ تمام امت مسلمہ کو ایمان میں اتنا چارج کردے کہ قبر سے حشر تک بھی یہ ان چارج نہ ہو بلکہ بہت ہی زیادہ چارج ہو کہ اس سے اس جہاں کی زندگی بھی عافیت سے گزارے اور آخرت کی زندگی گویا بعد از موت ، موت کے وقت کبھی بھی کہیں بھی اس کی چارجنگ ختم نہ ہونے پائے اور ہم تیری بندگی کا احسن طریقے سے حق ادا کرسکیں ۔

واقعی میرے مالک ہم نے اب تک تیرا وہ حق ادا نہیں کیا جس کا تو مستحق ہے ہمیں توفیق دے کہ ہم تیرا تیری رحمتوں کا حق ہر قیمت احسن طریقے سے ادا کرتے رہیں ۔ ہم سے راضی ہو جا تو ہمارا آقا ہے رب  ہے ہمیں ظالموں کے مقابلے میں  نصرت عطا فرما ۔ آمین ۔” سبحان اللہ و بحمدہ .. . سبحان اللہ العظیم “

جواب چھوڑ دیں