حضرت ابراھیم بن ادہم کے پاس کچھ لوگ آئے اور ان سے سوال کیا ،اے ہمارے امام ۔۔! کیا بات ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں لیکن وہ قبول نہیں ہوتی،انہوں نے جواب دیا:
تم اللہ تعالیٰ کو پہچانتے ہو لیکن اس کے احکام پر عمل نہیں کرتے،تم رسولﷺکی محبت کے دعوے کرتے ہو لیکن اس کی سنتوں کو تم نے ترک کردیا ہے ،تم شیطان کو دشمن قرار دیتے ہو لیکن اس کی پیروی کرتے ہو،تمہیں جنت کا علم ہے لیکن اس کے حصول کی کوشش نہیں کرتے، تمہیں جہنم کی ہولناکیوں کا ادراک ہے لیکن اپنے آپ کو اس کی طرف دھکیل تے جا رہے ہو،تم لوگ مانتے ہو کہ موت کا آنا یقینی ہے ،لیکن اس کے لئے تیاری نہیں کرتے،تم اللہ تعالیٰ کی نعمتوں سے لطف اندوز ہوتے ہو لیکن اس کا شکر ادا نہیں کرتے…پھر تمہاری دعا کیسے قبول ہو!!
ذرہ توجہ فرمائیں یہ صورتحال قدیم عہد کی ہے جب لوگ بنسبت ہمارے ایمان و امانت میں کئی گنا زیادہ تھے،ان کی صداقت کی مثالیں دی جاتی تھیں لیکن باوجود اس کے ان کو دعا کی عدم قبولیت کی شکایت تھی،لہٰذا وہ اپنی شکایت لئے اس وقت کے ایک بزرگ کے پاس جمع ہوتے ہیں اورعرض کرتے ہیں دعا قبول نہیں ہوتی ،کیا کریں؟
بزرگ فرماتے ہیں : اے لوگو۔۔۔!دعا کی قبولیت کے تو کچھ شرائط ہیں اگر وہ پورے ہونگے تو دعا بھی قبول ہوگی بصورت دیگر دعا کی قبولیت کی بھی کوئی سبیل نہیں احکام خداوندی اور سنت رسولﷺ پر عمل ،شیطان کو دشمن جانتے ہوئے اس سے دوری،اللہ کا شکر ،موت سے عبرت حاصل کرنا،جنت کے حصول کی کوشش اور جہنم سے بچائو کا سامان کرنا،اب خود ہی اپنے نفس کا حکم مکمل کرلو وہ تمہیں خود بتائے گا کہ یہ خصوصیتیں تمہارےاندر ہیں یا نہیں اگر جواب نفی میں ہو تو اپنےرب کے حضور سجدہ ریز ہوکر گڑگڑاؤ ،توبہ کروپھر تم خودبخود اس کا نتیجہ دعائوں کی قبولیت کی صورت میں اپنے سامنے پائوگے،کیونکہ میرے رب کی رحمت بہت وسیع ہے۔
لہٰذا اس دور کے لوگوں کو خصوصاً اس بات کی فکر کرنی چایئے کہ اللہ تعالیٰ کے در پر دستک دیں،منکرات سےاجتناب کریں اخلاص صداقت و دیانت کے دامن کو مضبوطی سے پکڑے رکھیں تاکہ دعا بھی قبول ہو اور ایمان بھی مضبوط ہو،لیکن افسوس تب ہوتا ہے جب ہم ایمان کے دامن کو ترک کر بیٹھتے ہیںاور اللہ سے صرف نظر کرکے پیروں اور مزاروں کی اتباع میں اتنے آگے نکل جاتے ہیں ۔
اللہ کے بجائے ان سے دعائیں مانگنا شروع کردیتے ہیں اگر دعا نہیں تو ان کو وسیلہ ضرور بناتے ہیں ، چناچہ اللہ فرماتے ہیں، ترجمہ:ـــ “جب آپ سے میرے متعلق میرے بندے پوچھیں تو انہیں بتادیں کہ میں ان سے قریب ہوں ،دعا مانگنے والا جب مجھ سے دعا مانگتا ہے تو میں اس کی دعا قبول کرتاہوں،پھر مجھ ہی کو مانیں اور مجھ ہی پر ایمان لائیں۔”
بہر کیف ہمیں اس آیت کریمہ میں یہ تعلیم دی گئی ہے کہ ہمیں اللہ تعالیٰ ہی سے دعا مانگنی چاہئے کیونکہ وہ ہمارے نہایت قریب ہے اور اس ہی پر ایمان رکھنا چاہئے، کیونکہ اس ہی میں ہماری ہدایت و فلاح مضمر ہےاور ساتھ ساتھ ہمیں رسولﷺ کی تعلیمات پر بھی عمل پیرا ہونا ہوگا، کیونکہ فرمان رسولﷺ ہے “جس نے میری اطاعت کی اس نے اللہ تعالیٰ کی اطاعت کی”پس معلوم ہوا کہ دعائوں کی قبولیت کے لئے اللہ تعالیٰ اور اس کے رسولﷺ کی فرمانبرداری شرط ہے۔
لہذا ہمیں رجوع الی اللہ کی طرف توجہ کرنی چاہئے تاکہ اللہ تعالیٰ ہم سے راضی ہوں اور ہماری دعائیں بھی اس کی بارگاہ میں مقبول ٹھہریں ،اللہ تعالیٰ ہمیں عمل کی توفیق عطا فرمائے (آمین)