آج کل ایک ایسا طبقہ سرگرم ہو چکا ہے جو کہ عورت کے حقوق کے نام پہ عورتوں کو بے حیائی کی طرف راغب کرنے کے لیے کوشاں ہے اور اس کے لیے مختلف حربے اپنائے جا رہے ہیں جن کا عورتوں کے حقوق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
آج وہی عورت جو میرا جسم میری مرضی کے نعرے لگا رہی ہے، اس کو زمانہ جاہلیت میں زندہ درگور کر دیا جاتا تھا اور لڑکی کی پیدائش کو نحوست سمجھا جاتا تھا، لیکن جس اسلام کو یہ پس پشت ڈال کر اپنے آپ کو فحاشی کی دلدل میں دھنسا رہی ہیں، اسی اسلام نے عورت کو معاشرے میں بہترین مقام عطا فرمایا اور ان کو عزت و وقار سے مزین فرمایا۔
کچھ دن پہلے ایک ٹی وی پروگرام میں ماروی سرمد نامی لبرل عورت کو ایک مولانا صاحب اور مصنف خلیل الرحمٰن قمر کو عورت مارچ کے حوالے سے گفتگو کے لیے مدعو کیا اور وہاں پہ بحث و تکرار میں تلخ الفاظ کا تبادلہ بھی ہوا ،خلیل الرحمٰن قمر کا مؤقف بالکل ٹھیک تھا کہ عورتوں کے حقوق کے لیے ہم بھی سڑکوں پہ نکلنے کے لیے تیار ہیں لیکن ہم یہ نعرہ کبھی بھی نہیں لگنے دیں گے کہ میرا جسم میری مرضی۔
یہ نعرہ تو شرک اور گمراہی کی طرف بڑھتا ایک قدم ہے کیونکہ یہ جسم اللہ کی امانت ہے اب ہم پہ منحصر ہے کہ ہم اسے اللہ کے احکامات پہ عمل پیرا ہونے کو ترجیح دیتے ہیں یا پھر اپنی من مانی کرتے ہوئے سرکشی کا راستہ اختیار کرتے ہیں اور فحاشی کو فروغ دیتے ہوئے اللہ کو ناراض کرکے دونوں جہانوں کا سکون برباد کرتے ہیں۔
دراصل اس مارچ کو تقویت دینے کے لیے ایسے ڈرامے رچائے جاتے ہیں اور یہ طبقہ ایک خاص ایجنڈے کے تحت کفار کے اشاروں پہ ناچ رہا ہے جس کا مقصد ملک پاکستان میں بے حیائی اور فحاشی کو عام کرنا ہے ایسی عورتوں کی نہ تو گھر میں کوئی عزت ہوتی ہے اور نہ ہی معاشرے میں انہیں کوئی اہمیت دیتا ہے۔
خلیل الرحمٰن قمر صاحب نے عورت مارچ کے ایجنڈے کو کاؤنٹر کرنے کی بجائے اسے مزید تقویت دے دی ہے اور وہی ہو رہا ہے جو اس طرح کی لبرل عورتیں چاہتی ہیں اور اب ان کی حمایت میں کئی نام نہاد نیم حکیم اینکر اور برائے نام ملا حضرات کیڑوں مکوڑوں کی طرح بلوں سے نکل آئے ہیں اور ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔
یہ اسلامی ملک کو لبرل ملک کا درجہ دینے کے لئے اور اپنے مذموم ایجنڈوں کے فروغ کے لیے ایسے نعروں کی تشہیر جاری و ساری ہے اور ان کا مقصد معاشرے کو بے راہ روی کا شکار کرنا ہے اور حقوق کے نام پہ ناچ گانا اور بے پردگی کو فروغ دینا ہے۔
اسلام تو عورتوں کو کئی حقوق سے نوازتا ہے، کبھی ماں کی صورت میں کبھی بیٹی کی صورت میں ، تو کبھی بہن کی صورت میں لیکن یہ کیسی عورتیں ہیں جو مردوں سے نفرت کرتی ہیں اور ان کو غلط ثابت کرنے پہ ہی تلی ہوئی ہیں اور شادی کی بجائے اکیلے رہنے کا درس دیتی ہیں اور نہ انہیں باپ کی شفقت نصیب ہوتی نہ بھائیوں کی محبت اور نہ ہی شوہر کا پیار نصیب ہوتا ہے کیونکہ اسلام نے عورت کی حدود مقرر کی ہیں۔ جس میں رہتے ہوئے اسے زندگی گزارنی چاہئے اگر وہ ان حدود کی پامالی کرے گی تو معاشرہ بے حیائی کی طرف راغب ہو گا اور گمراہی اس کا مقدر بن جائے گی اور یہی اس نعرے میرا جسم میری مرضی کا مصداق بھی ہے۔
میرا جسم میری مرضی کی بجائے ہمیں میرا جسم میرے اللہ کی مرضی کا نعرہ لگانا چاہئے کیونکہ ہمیں بالکل بھی حق نہیں ہے کہ ہم اپنے جسم کو اللہ کی نافرمانی میں ڈھال کر اس کی ناراضگی کو اپنا مقدر بنائیں اور اس جسم کو آگ میں جھونک دیں۔
یہ جسم اس رب نے بنایا ہے اور اسی کی مرضی ہی چلے گی تو ہمیں چاہئے کہ ایسے ایجنڈوں کا بائیکاٹ کریں اور ان کے خلاف کرخت لہجہ اپنانے کی بجائے نرم طریقے سے اپنے مؤقف اور دلائل کو مضبوط کیا جائے اور معاشرے میں اسلامی قوانین و تعلیمات کو فروغ دیا جائے تاکہ معاشرے سے ایسے ناسوروں کا خاتمہ ہو سکے۔اللہ اس ملک پاکستان اور اسلام کا حامی و ناصر ہو آمین ثمہ آمین۔
پاکستان زندہ باد
اسلام پائندہ باد