کپتان اور عوام میں ایک چیز قدر مشترک ہے اور وہ یہ کہ عوام و حکمران جماعت بالخصوص عمران خان کو آجکل مشکل ترین حالات کا سامنا ہے، مہنگائی ہو یا بدانتظامی دونوں ہی براہ راست زد پہ ہیں۔
آخر ماجرا کیا ہے؟ کہ ایک کے بعد ایک اسکینڈل، ایک کے بعد ایک پریشانی اٹھ کھڑی ہوتی ہے اور پے در پے بحرانوں، میڈیا ٹرائل، پروپیگنڈوں، مصنوعی و حقیقی مہنگائی کے نتیجے میں عمران خان کی مقبولیت کا گراف جس قدر نیچے جارہا ہے اس قدر ہی پریشانی میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
کیا عمران خان واقعی نااہل ہیں ؟یا ان کو نااہل ثابت کرکے راستے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے ایک مخصوص و روایتی طریقے سے دکھایا تو یہی جارہا ہے کہ جیسے تمام تر بگاڑ، بدانتظامی و لاقانونیت اور مہنگائی کی وجہ عمران خان ہے، اس خیال میں کتنی حقیقت کتنا فسانہ ہے احاطہ کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
مزید بات کرنے سے پہلے موجودہ آٹے کے بحران کا سرسری جائزہ لیں تو بہت سے شکوک پیدا ہوجاتے ہیں کہ یہ ایک منظم سازش ہے جس کا مقصد تو صاف واضح ہے کہ آٹا بحران بہانہ ہے، عمران خان نشانہ ہے کیونکہ گندم کا یکدم غائب ہوجانا سمجھ سے بالاتر ہے، کہا جارہا ہے کہ حکومت کے ایک وزیر اور جہانگیر ترین اس گریٹ گیم کے پیچھے ہیں، تو اس سے یکسر انکار نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ماضی میں جہانگیر ترین آٹے اور چینی کا مصنوعی بحران پیدا کرکے اربوں روپے بٹور چکے ہیں لیکن وہ بحران مشرف کی مقبولیت میں کمی آنے کا ایک بڑا سبب ثابت ہوا تھا، بالکل اسی طرح موجودہ بحران نے عمران خان کو کہیں کا نہیں چھوڑا، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ مشرف کو امریکی پالیسی کے تحت ہٹایا گیا ، جس کے لیے مہنگائی، لال مسجد کارڈ، وکلا تحریک اور سانحہ بینظیر ایٹم بم ثابت ہوا، میڈیا نے جم کر مشرف کے خلاف مہم چلائی نتیجتاً مشرف کو جانا پڑا لیکن بعد میں میثاق جمہوریت اور لندن پلان کا انکشاف بھی ہوا بالکل اسی طرز پر اب عمران خان کو راستے سے ہٹانے کے آثار نمایاں ہوگئے ہیں۔