میڈم آپ کچھ تلاش کر رہی ہیں؟ کیا میں آپ کی ہیلپ کر سکتی ہوں؟
سحر جو بڑے غور سےمختلف مصالحہ جات اور ان کی قیمتوں کا موازنہ کرنے میں مشغول تھی اس باریک سی نسوانی آواز پہ چونک کر مڑی۔ سامنے ایک دبلی پتلی سی لڑکی پینٹ شرٹ میں ملبوس فل میک اپ زدہ چہرے پہ پروفیشنل مسکراہٹ سجائے کھڑی تھی۔
نہیں شکریہ میں دیکھ لوں گی۔
سحر تیزی سے دوسری طرف مڑ گئی اب اس کے سامنے شیمپوز کی ایک کثیر تعداد موجود تھی، اسے ایک ہی برانڈ کا شیمپو سوٹ کرتا تھا سو اس نے اسے اٹھانے کے لیے ہاتھ بڑھایا ہی تھا کہ ایک اور نسوانی آواز اس کے کانوں سے ٹکرائی ۔ میڈم آپ یہ دوسرا شیمپو استعمال کر کے دیکھیں اپ کو پسند آئے گا یہ آل ٹائپ آف ہئیر ہے پلیز۔
سحر نے بغور اسے دیکھا ویسا ہی لباس اور میک اپ ۔
اسے الجھن ہونے لگی وہ جلدی سے وہاں سے ہٹ گئی ۔
اسے یاد آیا نہانے کے صابن تو لیےہی نہیں سو فورا صابن کے اسٹال کی طرف چل دی اسے اس مال سے شاپنگ کرنا آسان لگتا تھا کہ ہر چیز سامنے پڑی ہوتی تھی سو مطلوبہ چیز اٹھا لی جاتی ۔
مگر آج اسے کوفت ہونے لگی جہاں اطمینان سے چیزوں کی قیمتوں کا اندازہ کرنے لگتی کوئی نہ کوئی سیلز گرل پہنچ جاتی اسے سمجھ ہی نہیں آ رہی تھی کہ جب پراڈکٹ سب کہ سامنے ہیں اور ہر کوئی اپنی مرضی کی چیز با آسانی لے سکتا ہے تو ان لڑکیوں کو کھڑا کرنے کا کیا مقصد تھا؟ ۔ ۔ ۔ وہ انہی سوچوں میں گم تھی کہ اچانک ایک اور آواز اس کے کانوں میں پڑی۔ سنیں فیئر اینڈ لولی سوپ بتائیں گی کہاں ہے ؟۔۔
جی سر آپ کے بالکل سامنے تو ہے۔
اوہ سوری مجھے دکھائی نہیں دیا آپ ہی دکھا دیں ۔
اس آدمی کی اوباش نگاہیں سحر سے برداشت نہیں ہوئیں اور اس نے اس شخص کو سخت سنا ڈالیں۔
آپکو شرم نہیں آتی عورت کی عزت کرنا سیکھیں۔
مگر وہ ڈھٹائی سے بولا ان عورتوں کی؟
انکا تو کام ہی یہی ہے کہ ہمیں انٹرٹین کریں۔ ۔ ۔ ۔
سحر کی زبان گنگ رہ گئی۔
عورت کی اتنی تحقیر؟
ایک مسلمان ملک کی شہری، ایک مسلمان عورت کو کس طرح استعمال کیا جا رہا ہے؟ ان میں سے کتنی ہی عورتیں مجبوری کے تحت اس نوکری کو کر رہی ہوں گی۔ مگر یہ کمپنیاں اور ان کی پالیسیاں؟ کیا کوئی پوچھنے والا نہیں؟
سوال یہ ہے کہ کیا یہ کمپنی مالکان ا پنی فیملی ممبرز کو ایسے کھڑا کر سکتے ہیں؟
نہیں ناں تو دوسری عورتوں کی بےعزتی کا حق انھیں کس نے دے دیا؟ ؟
کاش کہ خریدار ہی ان پہ ترس کھائیں اور ان کے لیے آواز بلند کریں کہ ہم ان سب کے بغیر بھی پراڈکٹس خرید سکتے ہیں۔ مگر ان عورتوں کا استعمال بند کر دیں انھیں جاب ضرور دیں مگر انھیں اس بات کا پابند نہ بنائیں کہ وہ ایسا لباس پہنیں اور خوبصورتی کے لوازمات کا استعمال کریں ۔