پاکستانی رواداری کی راہداری پر بھارتی حملہ

پاکستانی ریاست نے سکھوں کے بڑے درشن دیدار باباجی گرونانک کی قیام گاہ کو سکھوں کے لیے کھول دیا ہے۔اقلیتوں کے لیے پاکستان کا یہ اقدام دنیا کے لیے واضح پیغام ہے کہ پاکستان امن پسندملک ہے جہاں اقلیتوں کو تمام تربنیادی حقوق میسر ہیں۔کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی خوش حالی میں مسئلہ کشمیر سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔آج کشمیرمیں جو کچھ ہورہا ہے وہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے،کشمیرمیں اس وقت زمین کا نہیں انسانیت کا مسئلہ ہے۔وزیراعظم نے نریندرمودی پر زور دیا کہ وہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے لوگوں کو انصاف دیں۔ مودی اگر میری بات سن رہے ہیں تو میں کہتا ہوں انصاف سے امن ہوتاہے، ہم کشمیر کا مسئلہ بات چیت کے ذریعے حل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کشمیر میں انسانیت سوز مظالم پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صرف ایک مسئلہ کشمیرکا ہے جسے ہمسائیوں کی طرح بات چیت سے حل کیا جا سکتا ہے۔ کشمیر کا مسئلہ 70برس سے حل نہ ہونے کی وجہ سے نفرتیں ہیں۔ لیڈرانسانیت کو اکھٹا کرنے کی بات کرتے ہیں تقسیم کی نہیں، نفرتیں پھیلا کر ووٹ لینے والا لیڈر نہیں بن سکتا۔انہوں نے کہا پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدیں کھل جائیں تو تجارت ہو گی، غربت ختم اور خوشحالی آ جائے گی۔ اگر ہم فرانس اور جرمنی کی طرح اپنے اختلافات حل کر لیں تو برصغیر بھی تمام مسلوں سے آزاد ہو جائے گا۔ یہ شروعات ہے اور ایک دن بھارت سے ایسے تعلقات ہوں گے جیسے ہونے چاہیے تھے تاکہ پورا برصغیر خوشحال ہو سکے۔بین الاقوامی دنیا میں پاکستان کے اس مثبت اقدام کی بہت زیادہ تعریف کی گئی ہے۔سکھ کمیونٹی نے وزیراعظم پاکستان اورآرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور پوری قوم کا شکریہ ادا کیا ہے۔
دوسری جانب نریندر مودی نے سوچی سمجھی سازش کے تحت ایودھیا میں بابری مسجد انہدام کیس کا فیصلہ اسی تاریخی دن سنایا۔جس دن بھارتی عوام نے پاکستان کے جذبہ خیرسگالی کے روشن اورتاریخی اقدام کو دیکھنا تھا۔بھارتی میڈیا کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب کی بجائے ایودھیا کیس کی کوریج کرتا رہا۔بابری مسجد فیصلے سے بھارت کے سیکولر چہرے کی قلعی کھول گئی ہے۔حالانکہ کور ٹ نے تسلیم کیا ہے کہ مسجد کو منہدم کرنے کا اقدام غیرآئینی اورغیرقانونی تھا۔اس تسلیم شدہ حقیقت کے باوجود ذمہ داروں کے لیے کوئی سزا مقرر نہ گئی ہے بلکہ انہی لوگوں کو ٹرسٹ کا ممبر بنایا گیا ہے۔ٹرسٹ کا مقصد بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر ہے۔یہ فیصلہ بھارتی عدلیہ کے نظریہ انصاف پر زور دار طمانچہ ہے۔بھارتی انتہاپسندوں کا دعویٰ تھا کہ مسجد رام مندر کو منہدم کر کے تعمیر کی گئی ہے۔عدلیہ نے اس دعویٰ کو رد کرتے ہوئے اسے جھوٹا پروپیگنڈا قرار دیا ہے جس کے شواہد نہ ہیں۔عدلیہ نے باور کیا ہے کہ اے ایس آئی کی رپورٹ میں بابری مسجد کی جگہ مندر کے شواہد نہیں ملے۔بادی النظر میں عدلیہ نے تسلیم کیا ہے کہ مسجد کا انہدام غیرقانونی تھا اور ہندودہشت گردوں کا دعویٰ رام مندر کی جگہ مسجد تعمیر کی گئی ہے باطل تھا۔عدلیہ یہ سب کچھ جانتے ہوئے فیصلہ ہندوؤں کے حق میں ہی نہیں دیا بلکہ رام مندر کی تعمیر کے لیے ٹرسٹ بنانے کابھی حکم دیا۔اور مسلمانوں کا دل رکھنے کے لیے کسی اورمقام پر 5ایکٹر زمین دینے کا عندیہ دیا۔مسجد کی تعمیر کے لیے مسلم پرسنل وقف بورڈ کو کوئی ہدایات جاری نہ کیں۔صدرالدین اویسی نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو متنازع فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان غریب اورلاچار ضرور ہیں مگر مسجد کی جگہ خریدنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔وہ قطعا کوئی زمین کا ٹکڑ ا نہیں لیں گے۔
سپریم کورٹ نے ایودھیا فیصلہ میں قبضہ کی بنیاد پر ہندوؤں کے حق میں فیصلہ سنایاہے یہ اپنی طرز کی عجب نظیرہے جہاں اکثریت اور قبضہ مافیہ ترجیح دی گئی ہے۔فرض کرلیں اگر یہاں مسجد موجود ہوتی اور منہدم نہ ہوئی ہوتی تو پھر سپریم کورٹ کا فیصلہ کیا آنا تھا۔سپریم کورٹ نے یہ جانتے ہوئے بھی فیصلہ ہندوؤں کے حق میں دیا کہ یہاں صدیوں سے مسجد موجود تھی۔بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ ظاہر کرتا ہے کہ بھارت میں نریندر مودی کا انتہاپسندانہ جنون سپریم کورٹ تک پہنچ چکا ہے۔بھارتی ریاست انتہاپسندوں کے ہاتھوں یرغمال ہوچکی ہے۔اقلیتوں کی زندگیاں اجیرن ہوچکی ہیں۔
اس وقت ہندوستان میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے اوپر جو مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں اس سے ہر شخص واقف ہے،بھارتی فضائیں مسلمانوں کے لیے آلودہ ہوچکی ہیں 80لاکھ کشمیری بھارتی ظلم وستم کا شکار ہیں گزشتہ روز سیدعلی گیلانی نے درد بھرا خط وزیراعظم عمران خان کے نام لکھا خط کی عبارت واضح کررہا تھی کہ بھارتی افواج نے کشمیری مسلمانوں پر زمین تنگ کردی ہے بچے،بوڑھے اورعورتیں سبھی
ان کے ظلم وستم کا شکار ہیں۔ گجرات فسادات سے زمانہ واقف ہے جہاں ہزاروں مسلمانوں کو موت کے گھاٹ اتاردیاگیا اور کتنی ماؤں بہنوں کی عصمتیں لوٹی گئیں اور کتنی عورتیں بیوہ ہوگئیں اور کتنے بچے یتیم ہوگئے اسی کے بعد ناناوتی کمیشن قائم کیاگیا، چنانچہ اس کمیشن نے بلا تحقیق اس قاتل، دہشت گرد اور خونی کو کلین چٹ دے دی، اسی طرح میرٹھ کے ملیانا اورمرادآباد کے ہاشم پورہ میں بے شمار مسلمانوں کا ناحق خون بہایا گیا اور اب 9نومبر کو بابری مسجد کے خلاف فیصلہ دے کر بھارت نے اپنے عزائم اقلیتوں پر واضح کردیے ہیں۔این آر سی کے تحت بھارتی حکومت مزید ظلم ڈھانے کی تیاریاں کررہی ہے۔
پاکستان نے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو مایوس کن کہا ہے۔بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ ایک بار پھر انصاف کے تقاضوں کو برقرار رکھنے میں ناکام رہا، اس فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ سپریم کورٹ ہندوستان کی اقلیتوں کے مفادات کا تحفظ کرنے سے قاصر ہے۔دفتر خارجہ نے ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے واضح کردیا کہ ہندوستان میں اقلیتیں اب محفوظ نہیں، اس فیصلے نے ہندوستان کے نام نہاد سیکولرازم کا پردہ چاک کردیا اور ہندوستان کے اقلیتوں میں ان کے عقائد اور عبادت گاہوں سے متعلق خوف پیدا کردیا گیا ہے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کی بھارتی حکومت نے پاکستان کے پرامن اقدام کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب کے دن یہ فیصلہ دے کر مسلمانوں سے سخت تعصب اورنفرت کا اظہار کیا ہے۔

حصہ

جواب چھوڑ دیں