احباب مولانافضل الرحمان کو پاکستانی سیاست کا تھنک ٹینک سمجھتے ہیں ۔مولانا کی سیاست میں مفاہمت کا ہمیشہ گہرا کردار رہا ہے ۔موصوف نے ہمیشہ ارض پاک کی دو بڑی پارٹیوں پی پی پی اورمسلم لیگ ن کے درمیان پل کا کردار ادا کیا۔ اپنے اس کردار کی وجہ سے وہ ہمیشہ حکومتی ٹیم کا حصہ رہے ۔گزشتہ تین دہائیوں میں ایسا پہلی بار ہوا کہ مولانا شعوری جنون کو شکست نہ دے سکے ۔ اس شکست نے مولانا کو دو بڑے محاذوں سے محروم کیا ،کشمیرکمیٹی کی قیادت اورقومی اسمبلی کی رکنیت۔ مولانا کے لیے 2018 کا الیکشن سرپرائز تھا ۔ اس سرپرائزنگ شکست کا بدلہ لینے کے لیے مولانانے انصافیوں اور مقتدر قوتوں کو سبق سکھانے کا ارادہ کیا ،یہ ارادہ فطری تھا کیونکہ وہ اقتدار کے بنے پکوان سے کھیر اورمٹن کڑاہی کا ایک نوالا بھی نہیں لے سکتے ۔بادی النظر میں اسے مقتد ر حکومت کی ضد اورکنجوسی سمجھا جائے گا۔جہاں مل بانٹ کر کھانے کا رواج ہو ،وہاں اس ارادی عمل کو اُوچھی حرکت تصور کیا جائے گا۔پھر ضد کی بھی حد ہوتی ہے کہ کھائیں گے کھانے نہیں دیں گے ـ یہ تو انتہائی غصہ دلانے والی بات ہے ۔مولانا نے جنونی شعور کو سبق سکھانے کی ٹھانی اور حضرت میاں محمد نواز شریف اورقبلہ آصف علی زرداری کو مشور دیا کہ اسمبلیوں سے مستعفی ہوجانا چاہیے ۔دونوں نے آستینیں چڑھا کر کہا کہ نا نا مولانا بچا ہی کیا ہے کھونے کو! اب ہم ایسا نہیں کرسکتے ؟ گزشتہ روز حضرت میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ مولانا نے استعفیٰ کی بات کی جسے رد کیاگیا ،اب دھرنے اور آزادی مارچ میں شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا، اس کے لیے شہباز شریف کو خط لکھ دیا گیا ہے ۔مولانا کا آزادی مارچ یا دھرنا اتنی اہمیت کا حامل نہ تھا جتنا حکومتی وزراء نے اسے کردیا ہے ۔مولانا کی طرف سے آئے غیر ضروری اعلانات ، پھر وزراء کا غیر ضروری ردِ عمل ، معاملہ سنجید ہونے لگا ہے ۔مولانا خود کشمکش میں تھے ، بلاول زرداری اپنی موجودگی پر تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں، انہیں ڈر ہے کہ کہیں مولوی دھرنے پر ہی نہ بیٹھ جائیں اور مغرب میں انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے ۔شیخ رشید نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کہا، مولانا فضل الرحمان فیس سیونگ چاہتے ہیں کچھ نہیں ہونے والا ،بین الاقوامی ادارہ عمران خان حکومت کے متعلق کہہ چکا ہے کہ 2020میں مہنگائی بڑھنے کا اور 2021میں مہنگائی کی شرح کم ہوکر 5فیصد پر آنے کا امکان ہے ۔وزیراعظم کے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ معاشی اشاریوں میں بہتری کی نوید سنا چکے ہیں ۔
قومیں ماضی سے سبق سیکھتی ہیں ، مگر افسوس کے ساتھ ہماری جمہوری قیادت نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا ، ماسوائے ذاتی مفادات کو مضبوط کرنے کے ۔وطن عزیز پر جمہوری قوتوں نے ہمیشہ اپنے مفادات کو ترجیح دی ۔قیام پاکستان کے آغاز اور لیاقت علی خان سے لے کر وزیراعظم عمران خان تک سبھی نے دھرنوں اورمفادات کی سیاست کو پروان چڑھایا ۔قیام پاکستان کے بعد قائد نے جو منشور دیا اس پر چلنے کے بجائے سیاستدان مفاد کے راستوں پر چلنے لگے وہ مفاد جو آج جنگ کی صورت اختیار کرچکے ہیں، جناح کی رحلت کے بعد برابری کی بنیاد کا فارمولہ بھی اسی وقت دم توڑگیا تھا، جس کے بعد ذاتی مفادوں کی جنگ شروع ہوگئی جو ابھی تک جاری ہے۔زرداری دور میں قبلہ شہباز شریف مینارِ پاکستان پر جھنڈیاں لہرایا کرتے اور گھسیٹنے اور پائی پائی کا حساب لینے کا دعویٰ کرتے ۔مگر جیسے ہی وفاق میں اقتدار ملا تودوستی کی پینگیں ڈال لیں ،مفادات کے فروغ کے لیے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔میاں برادران اقتدار میں آئے تو قبلہ زرداری گھسیٹنے کی باتیں کرتے اورجناب عمران خان اپنے جنون کو لے کر لاک ڈاؤں ،دھرنوں ،ریلیوں کی سیاست کرتے رہے اور اب وہ دھرنا کرنے والوں سے نالاں ہیں ۔
ملک کا نصیب سیاست دانوں کے ہاتھوں میں ہے، سیاست دانوں کو ذاتی مفادات کی جنگ ختم کرکے ملک کا نصیب بنانا ہوگا، جیسے اشفاق احمد نے کہا ہے کہ زندگی میں کوئی خوشی، کوئی رشتہ، کوئی جذبہ کبھی مستقل نہیں ہوتا، ان کے پاؤں ہوتے ہیں ، ہمارا سلوک اور رویہ دیکھ کے کبھی یہ بھاگ کر قریب آجاتے ہیں اور کبھی آہستہ آہستہ دور چلے جاتے ہیں، اس لیے سیاست دانوں کو خوشحال پاکستان کے لیے اقدامات اٹھانے ہونگے، ان دنوں وزیراعظم عمران خان مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے سہولت کار کاکردار ادا کررہے ہیں جو خطے کے امن کے لیے انتہائی مفید ہوگا ۔عمران خان جہاں چین ،بھارت،روس سعودی عرب اور ایران کا دورہ کر رہے ہیں وہیں رجب طیب روس جارہے ہیں بعدازاں ان دورہ پاکستان یقینی ہے ۔بین الاقوامی معاملات میں پاکستان کا کلیدی کردار روشن ہورہا ہے اورنریندرمودی اپنی اُوچھی حرکات کی وجہ سے تنہائی کا شکا ر ہورہا ہے، ایسے حالات میں دھرنوں کی سیاست پاکستان کے مثبت کردار اورمعاشی اشاریوں کے لیے نقصان دہ ہوگی ۔ دھرنوں کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے ختم کرکے عوام کی فلاح و بہبود کا کام کرنا ہوگا، ملکی معیشت کو بچانا ہوگا، اگر سیاستدان متحد ہوجائیں تو ملک کی تقدیر بدل سکتی ہیں، حضرت شیخ سعدی کا کہنا ہے کہ اگر چڑیوں میں اتحاد ہوجائے تو وہ شیر کی کھال اتار سکتی ہیں، اس لیے ملکی مفادات اور ملکی سالمیت کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
ریاست پاکستان واضح کرچکی ہے کہ ملک میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو اپنے مفاد کے لیے کبھی مذہب اور کبھی سیاست کے نام پر نوجوانوں میں ہیجان پیدا کرتے ہیں، لہذا ہمیں اپنی نئی نسل کو ایسے لوگوں سے بچانا ہے، لاٹھیاں اورڈنڈے رنگنے اوررنگوانے کا رجحان ختم ہوچکا ،کسی قوت کو دھرنوں اورلاک ڈاؤں کے ذریعے سسٹم کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے ۔یقینا نہیں دی جائے گی ۔ماضی میں ایسا ہوچکا ہے ۔تحریک انصاف نے تمام اُوچھے اور غیر آئینی ہتھکنڈے آزمائے مگر تبدیلی لانے میں ناکام رہی اور یہ اچھا اقدام تھا ،تبدیلی ووٹ کے ذریعے ہی آنی چاہیے ، اب وقت آگیا ہے کہ تمام جمہوری قوتیں اس امر کویقینی بنائیں ۔