بے رنگ تصویر

رجب  کامہینہ شروع ہوچکا ہے ۔رمضان کی آمد کا سوچ کر خوشی کی لہر دوڑ گئی !  کتنا پیارا پیا را مہینہ ہے کہ نیکییوں کے خزانے اکاؤنٹ میں بھرنے کا زبر دست موقع ملتا ہے !

ابھی اپنے اس احساس کو لکھنے کا سوچ ہی رہی تھی کہ میرے چھوٹے بیٹے نے جو پہلی جماعت میں پڑھتا ہے میرے قریب آکر اپنا ہوم ورک مجھے پکڑا یا  اور یہ کہتے ہوئے کہ

” امی  ! میں نے اپناہوم ورک مکمل  کر لیا  “اپنے کھلونوں کی طرف دوڑ گیا۔مجھے خوشی ہوئی کہ اس نے خودہی کر لیا ۔میں نے چیک کرنے کے لیے  اٹھا یا ۔ہوم ورک میں ایک تصویر بنا کر اس کے بارے میں چند جملے لکھنے تھے ۔  یہ کیا ؟  بیٹے صاحب نے بس جیسے تیسے کچھ لائینیں کھینچ کر تصویر بنا ئی مگر نہ رنگ بھرا نہ  جملے لکھے ۔۔۔! مجھے غصہ آنے لگا مگر پھر خیال آیا کہ یہ تو بچہ ہے ۔۔اپنا کام صحیح طرح سمجھ نہ پا یا مگر ہم جو اپنے آپ کو  اتنے عقل مند سمجھتے ہیں اپنی عبادتوں کے ساتھ  ایسا معاملہ نہیں کرتے ! رمضان میں جن باتوں کا اہتمام کر کے زیادہ نفع اٹھاسکتے ہیں وہاں بس جیسا تیسا گزار دیتے ہیں ۔۔

اس ادھوری تصویر سے جو مثا ل میرے ذہن میں آئی اسے اس طرح لیتے ہیں کہ ہمارا روزہ ایک تصویر کی مانند ہے جسے ہمیں مکمل کر نا ہے اور اس میں رنگ بھرنا ہے ! اللہ کی محبت کا رنگ جو ہمیں روزے کی حالت میں بھوک پیاس ہی نہیں ہر اس چیز کو ترک کرنے پر مجبور کرتا ہے جس سے اللہ راضی ہو !

آئیے ! اس میں عاجزی کا رنگ بھریں ! قربانی کا رنگ ! ہر اس چیز کی قربانی جو دنیا کی حرص میں مبتلا کر دے ۔۔صبر کا رنگ ، اللہ کے بندوں سے محبت کا رنگ ! ان سارے رنگوں کو کینوس پر بکھیرتے ہیں اور اسے نبیﷺ کی سنتوں سے سجاتے ہیں ! پھر دیکھیں وہ تصویر بنے گی مکمل اور حسین ! قبولیت کے درجے حاصل کرے گی !

جب میں اپنے بیٹے کی ادھوری ، بے رنگ تصویر کو پسند نہیں کررہی تو ٹیچر کو کیسے قبول کرے گی ؟ ۔۔اور اللہ جو بے نیاز ہے میری عبادتوں کا محتاج نہیں ہے وہ کیسے ہماری عبادتوں کی نامکمل ادھوری تصویر قبول کرے گا ؟ ہوسکتا ہے ہم بہت مثالی اور معیاری تصویر اپنی عبادتوں کی نہ بنا پائیں مگر کوشش تو کر سکتے ہیں !   اللہ کو تو اخلاص پسند ہے ! ایک مہینہ ٹریننگ سے بھرپور فائدہ تو اٹھا سکتے ہیں !

چلیں  کوشش کاعہد کریں کہ ہم اپنے روزے کی اچھی سی مکمل اور خوش رنگ تصویر بنائیں گے جو ہمیں یہ احساس دلاتی رہے گی کہ تم نے مجھے کتنادلکش بنا یا ہے تو اب میرے رنگ پھیکے نہ پڑنے دینا ! اپنے روزے اور عبادتوں کی حفاطت کیجیے کہ یہ آخرت کی کرنسی ہے !!

کوئی پوچھے تو بتا دینا کہ میں مسلمان ہوں

پھر ذرا سوچنا کہ میں پوچھا کیوں گیا ؟

اپنے اندر جھانکنا اور خود سے پوچھنا

میں کون ہوں ؟ کوئی جواب نہ آئے تو

ایک تصویر بنانا اپنے کردار کی

پھر اس میں رنگ بھرنا محبتوں کے!

محبت ایسی جو کی جائے اپنے رب کے بندوں سے

پھر اس میں رنگ بھرنا تو توحید کا عقائد کا

رنگ اپنے نبی ﷺ کی سنتوں کا ، محبتوں کا

اور جب تصویر مکمل بن جائے

خواہ اس کے بنانے میں تھوڑا وقت لگ جائے

پھر دیکھنا اس کا کمال کہ

یہ تصویر بولے گی ،ضرور بولے گی

تم مسلمان ہو ! ہاں تم مسلمان ہو !

1 تبصرہ

جواب چھوڑ دیں