خوش رہنے کا فن سیکھیں

نیویارک اسٹاک ایکسچنج دنیا کی سب سے بڑی اسٹاک اکسجینج ہے ۔ یہاں روزانہ ٹریلین آف ڈالرز کا کاروبار ہوتا ہے ۔ پچھلے دنوں وہاں ایک سروے کیا گیا اور لوگوں سے پوچھا گیا ” کیا آپ اپنی زندگی سے خوش ہیں ؟ ” آپ حیران ہونگے نیویارک جیسے شہر میں رہنے والے کروڑوں اور اربوں ڈالرز کا کاروبار کرنے والے ننانوے فیصد لوگوں کا جواب نفی میں تھا ۔ دنیا میں ہر شخص کو ” اینگزائیٹی ” اور ڈپریشن ” ضرور ہوتا ہے ۔ میڈیکل سائینس کیونکہ صرف نظر آنے والی چیزوں کو قابل علاج سمجھتی ہے اسلئیے ان کے نزدیک اسکا واحد علاج نیند کی گولیاں یا  زیادہ نہ سوچنا ہے ۔ انسان نے اپنا غم غلط کرنے  کے لئیے” اینگزائیٹی ” اور ” ڈپریشن ” سے نجات کے لئیے شراب ، پاپ میوزک ، ڈسکو کلبز اور آئے دن مختلف پارٹیز کا سہارا لینا شروع کیا ہے ۔ آپ کو اکثر ایسے لوگ نظر آئینگے جنکا دل بیٹھنے لگتا ہے ۔ ہم نے اس کو بی – پی کا نام دیا ہے ۔ کبھی ہم اس کو بلڈ پریشر کم اور کبھی زیادہ ہونے کا نام دیتے ہیں ۔ کبھی ہم نے سوچا کہ ایسا کیوں ہوتا ہے ؟ یہ ” اینگزائیٹی “، “ڈپریشن ” ،  دل کا بیٹھنا ، بلڈ پریشر کا کم یا زیادہ ہونا ٹینشن کا ہونا اس سب کی کیا وجہ ہے ؟ اس کی صر فٖ ایک وجہ ہے اور وہ یہ کہ ہم سب خوش رہنا چاہتے ہیں اور وہ خوشی ہمیں کہیں نہیں ملتی ہے ۔ دنیا کے ہر انسان کے پریشان رہنے کی واحد وجہ خوشی کی تلاش ہے ۔خوش رہنا بھی ایک فن ہے ۔ اور اس کو بھی سیکھنا پڑتا ہے ۔ بدقسمتی یہ ہے کہ ہمیں کبھی خوش رہنا سکھایا ہی نہیں جاتا ہے ۔ خوشی کا اصل تعلق برداشت سے ہے ۔ جتنی آپ کی برداشت ہوگی اتنا آپ خوش رہنے میں کامیاب ہوجائینگے ۔ آگر آپ بات بات پر لوگوں پر غصہ نہیں ہوتے ہیں اور آپ اختلاف رائے کو بخوبی برداشت کرلیتے ہیں تو آپ خوش رہینگے ۔ اگر آپ اپنے مزاج کے خلاف ہونے والے کاموں کو برداشت کرنا سیکھ گئے ہیں تو آپ نے خوش رہنے کا فن سیکھ لیا ہے ۔ آپ لوگوں کی خوشی میں جلنے اور کڑھنے کے بجائے خوش ہونا اور دل سے مبارک باد دینا سیکھ گئے ہیں تو آپ خوش رہ سکتے ہیں ۔ اگر آپ اپنی تقدیر پر راضی ہیں اور خدا کے سوا کسی کے سامنے اپنے دھکڑے نہیں روتے تو یقین کریں آپ خوش رہ لینگے ۔ اگر آپ کو گھر میں موجود سوئی اور بالوں میں خشکی نہ ہونے پر بھی شکر ادا کرنا آگیا ہے تو آپ دنیا کے خوش قسمت انسان ہیں ۔ اگر آپ نے ” بہت ہے ” اور ” سب کے لئیے ہے ” پر یقین کرنا سیکھ لیا ہے ۔ لوگوں کو گرا کر خود اٹھنا ، دوسروں کو پیچھے چھوڑ کر خود آگے نکلنا  اور دوسروں سے ہر وقت بدگمان ہونے کے بجائے دوسروں کی کامیابی کے لئیے سوچنا شروع کردیا ہے تو آپ نے خوش رہنا سیکھ لیا ہے ۔ ہم وقتی چیزوں میں خوشی تلاش کرتے ہیں اور وقت گذرتے ہی وہ خوشی کافور ہوجاتی ہے ۔ ایک بادشاہ نے اپنے وزیر کو انگوٹھی دی اور کہا اس پر کچھ ایسا لکھو کہ جب میں وہ انگوٹھی خوشی میں دیکھوں تو غمزدہ ہوجاؤں اور جب غم میں دیکھوں تو خوش ہوجاؤں ، وزیر نے اگلے دن  بادشاہ کو انگوٹھی واپس کی تو اس پر لکھا تھا ” یہ وقت گذر جائیگا ” ۔ آپ نے کبھی غور کیا کہ یہ دولت اور شہرت کے نشے میں چور ، گلیمر کی چکا چوند دنیا میں رہنے والے جنید جمشید جیسے لوگوں کو یہ سب چھوڑ کر اتنا سکون کیوں ملتا ہے ؟ بل گیٹس دنیا کے امیر ترین آدمی ہیں اور یہ پچھلے گیارہ سالوں سے امیر ترین آدمی ہیں ۔ان کی کل دولت 91 بلین ڈالرز سے زیادہ ہے ۔ لیکن یہ ہر سال اپنی دولت کا 66 فیصد خیرات کردیتے ہیں ، بل اینڈ ملنڈا گیٹس کے نام سے غریب بچوں کی تعلیم کا انتظام کرتے ہیں  اور پوری دنیا میں پولیو کی مہم بھی چلاتے ہیں ۔ ہم انسان بنیادی طور پر دو چیزوں کا مجموعہ ہیں ایک ہمارا جسم ہے جس کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور دوسری ہماری روح ہے جس کو اللہ تعالی نے میرے اور آپ کے اندر پھونکا ہے جس دن میرا اور آپکا دم نکلے گا ہم اپنے ماں باپ تک کے لئیے بیکار ہوجائینگے ۔ ماہرین کے مطابق انسان کے مرنے کے بعد اس کے وزن میں صرف 10 گرام کی کمی ہوتی ہے ۔ صرف اس دس گرام کی کمی کی وجہ سے لوگ ہمیں اپنے ساتھ تک رکھنے کے لئیے تیار نہیں ہوتے ہیں ۔ اس جسم کے لئیے جو پہلے ہی مٹی سے بنا ہے اور اس کو پھر مٹی میں ملنا ہے ہم لاکھوں کروڑوں بلکہ اربوں کھربوں روپے تک خرچ کر ڈالتے ہیں ۔ ہم اپنی شادی بیاہ پر لاکھوں روپے پھونک دیتے ہیں ، ہم جوتوں اور کپڑوں پر کئی کئی ہزار لگا دیتے ہیں ۔ اور جیسے ہی کچھ وقت گذرتا ہے ہمیں اپنا موبائل فون ، اپنے کئی ہزار کے جوتے اور کپڑے ، لاکھوں روپے کی شادی اور کروڑوں روپے کا بنگلہ بیکار لگنے لگتا ہے ، ہمارے نزدیک وہ سب پرانا ہوجاتا ہے ہم پھر ایک نئی گاڑی ، نئے موبائل اور زیادہ مہنگے کپڑے خریدنے کی فکر میں لگ جاتے ہیں لیکن ان سب نئی چیزوں سے ملنے والی خوشی پھر ہمیں ماند پڑتی دکھائی دینے لگتی ہے ۔ خوشی نظر آنے والی چیز نہیں ہے ،سکون آپ کو نظر نہیں آتا ہے ، اطمینان آپ کو دیکھنے سے یا سننے سے یا چھونے سے محسوس نہیں ہوتا ہے ۔یاد رکھیں جو چیز نظر نہیں آتی ہے وہ نظر آنے والی چیزوں سے مل بھی نہیں سکتی ہے ۔ ہر وہ چیز جسکا تعلق مادے سے ہو وہ ہمیں کل وقتی خوشی ، اطمینان اور سکون نہیں دے سکتی ہے ۔ روح کیونکہ آسمان سے آئی ہے اسلئیے اس کی خوراک بھی آسمان سے ہی ملے گی ۔ ہماری روح زندگی بھر اپنے اصل کی طرف پلٹنے اور اس کو حاصل کرنے کے لئیے تڑپتی رہتی ہے اور ہمیں اسے آئی – فون ، ہش پپیز  اور نئی نئی گاڑیوں سے بہلاتے رہتے ہیں ۔ ہم اسے ریسٹورینٹس میں جا جا کر ٹہلاتے رہتے ہیں ۔ ہمیں لگتا ہے کہ ہر وقت پارٹیز میں رہنا ، دوستوں سے گپے لگاتے رہنا اور تیز آواز پر ڈانس کرنے سے ہمیں سکون ملے گا ۔ لیکن جب کبھی کہیں ہم اکیلے میں ہوتے ہیں- روح پھر بے چین ہوجاتی ہے ۔ ہم اس کو کبھی ” اینگزائٹی ” اور کبھی ” ڈپریشن ” کا نام دے دیتے ہیں ۔ ہم نیند کی گولیاں کھا کھا کر اپنے ضمیر کو سلاتے ہیں لیکن وہ پھر جاگ جاتا ہے ۔ کیونکہ اس کو بھی غذا کی ضرورت ہے ۔ اور اس کی غذا  آسمان سے آئی ہے اس کو وہی ملے گی تو اس  کو خوشی ، اطمینان اور سکون نصیب ہوگا ۔ ابھی حال ہی میں دنیا کے پر آسائش اور رہنے کے قابل شہروں کی فہرست شائع ہوئی ہے اور جاپان کا ٹوکیو اس میں سر فہرست ہے ۔ آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ جاپان میں خود کشی کی شرح سب سے زیادہ ہے 2014 میں   جاپان میں تیس ہزار سے زیادہ لوگوں نے خود کشی  اور یہ تعداد تقریبا 82 آدمی روز بنتی ہے   اس کے مقابلے میں پاکستان رہنے کے قابل ملکوں میں بد ترین ملک ہے لیکن آپ یہاں خود کشی کی شرح دیکھیں بمشکل ایک فیصد بھی نہیں ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ لوگوں کی زندگیوں میں بھی اور قوموں کی زندگیوں میں بھی معاشی انقلاب سے کہیں زیادہ روحانی انقلاب اہم ہوتا ہے ۔ ہم ساری زندگی صرف اپنے بارے میں سو چتے ہیں ۔ ہمیں ہماری خوشی ،ہمارا اطمینان اور ہمارا سکون چاہیئے ہوتا ہے  اور ہم پوری زندگی اپنی خواہشات کی تکمیل کو اپنی خوشی سمجھتے رہتے ہیں ۔ خوشی ، غم ، خوف اور امید ان چاروں چیزوں کا تعلق پیدا کرنے والے سے ہے ۔ انگریزی کا مشہور مقولہ ہے ” امیدیں ہمیشہ دکھ دیتی ہیں ” ہم چاہتے ہیں دوسرے ہمیں ہماری غلطیوں پر معاف کردیں ، دوسرے ہماری عزت کریں سارے لوگ مجھ سے محبت کریں اور سب لوگوں سے مجھے صرف خوشی ملے ۔ یہ سب حاصل کرنے کے لئیے آپ کو بے غرض ہونا پڑیگا ۔ ہمارے  روئیے ہمارے فیصلوں کا نتیجہ ہوتے ہیں اور ہم ہمیشہ انکا الزام دوسروں کودیتے ہیں ۔ دوسروں پر الزام رکھنے والا شخص کبھی خوش نہیں رہ سکتا ہے ۔ ہماری پانچوں انگلیوں کی پوریں ایک دوسرے  سے مختلف ہیں ، ہماری دونوں آنکھوں کی پتلیاں ایک دوسری سےالگ ہیں تو بھلا یہ کیسے ممکن ہے کہ دنیا کے سات ارب انسانوں کا دماغ ہمارے جیسا ہو وہ ویسا ہی سوچیں اور ویسا ہی کریں جیسا ہم چاہتے ہیں ۔ اگر آپ خوش رہنا چاہتے ہیں تو پھر آپ کو لوگوں کو بے غرض ہو کر معاف کرنا ، عزت دینا اور خوش رکھنا سیکھنا پڑیگا ۔ یاد رکھیں خوشی حاصل کرنے کا نام نہیں ہے ، خوشی چھوڑ دینے کا نام ہے ، خوشی خود پر نہیں دوسروں پر خرچ کرنے سے ملتی ہے ، یہ پہن کر نہیں پہنا کر حاصل ہوتی ہے ، یہ کھا کر نہیں کھلا کر نصیب ہوتی ہے ۔ اگر آپ خوش رہنا چاہتے ہیں تو پھر مسکرانے کی عادت ڈالیں خوش رہنا  پریشان رہنے سے زیادہ آسان ہے ۔ خدا کے ذکر سے دلوں کو اطمینان نصیب ہوتا ہے ، خدا سے تعلق مضبوط کرنے سے انسان کے غم غلط ہوتے ہیں ۔ عبادت سے جنت ملتی ہے لیکن خدمت سے خدا ملتا ہے ۔ جو دوسروں کے لئیے جیتا ہے مخلوق خدا کو آسانی پہنچاتا ہے وہ خدا سے قریب ہوجاتا ہے ۔ جو خدا کی محض عبادت کرتا ہے وہ مخلوق خدا کو تکلیف پہنچا سکتا ہے اور پہنچاتا ہے لیکن جو خدا سے محبت کرتا ہے وہ کبھی مخلوق کو تکلیف نہیں پہنچاتا ۔  اسلئیےخوش رہنا سیکھیں ، خوش رہیں اور  خوش رکھیں ۔

حصہ
mm
جہانزیب راضی تعلیم کے شعبے سے وابستہ ہیں،تعلیمی نظام کے نقائص پران کی گہری نظر ہے۔لکھنے کے فن سے خوب واقف ہیں۔مختلف اخبارات و جرائد اور ویب پورٹل کے لیے لکھتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں