موبائل پر گفتگو کا ایک ادب

        حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ مدینہ کے رہنے والے تھے _ غزوہ احد میں ان کے والد شہید ہوگئے تھے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم انھیں بہت عزیز رکھتے تھے _ وہ بیان کرتے ہیں کہ میں ایک ضرورت سے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم کی خدمت میں حاضر ہوا _ میں نے دروازہ کھٹکھٹایا _ اندر سے آپ ص نے دریافت فرمایا :کون؟ میں نے جواب دیا :”میں”آپ ص نے فرمایا: “یہ میں میں کیا؟” حضرت جابر کہتے ہیں کہ آپ کا انداز بتا رہا تھا کہ میرے ‘میں’ کہنے کو آپ ص نے ناپسند کیا ہے _مسلم، ابوداؤد

            رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کا یہ اندازِتربیت بتاتا ہے کہ آدمی کسی سے ملنے جائے، اس موقع پر وہ دروازہ کھٹکھٹایے یا گھنٹی بجائے اور گھر کے اندر سے پوچھا جائے کہ وہ کون ہے؟ تو مبہم جواب نہ دے، بلکہ صاف الفاظ میں اپنا نام بتائے اور اپنا ایسا تعارف کرایے کہ وہ شخص، جس سے ملنے گیا ہے، اسے پہچان لے۔

                ٹھیک یہی رویّہ موبائل فون پر گفتگو کرتے وقت بھی مطلوب ہے، خاص طور پر ان لوگوں سے جو کسی شخص کو پہلی بار فون کر رہے ہوں، یا کسی پرانے شناسا سے کافی دنوں کے بعد مخاطِب ہوں _ عموماً اس کا خیال نہیں رکھا جاتا _ دوسری طرف سے فون اٹھتے ہی فوراً گفتگو شروع کردی جاتی ہے _ یہ بھی نہیں سوچا جاتا کہ جس کو فون کیا گیا ہے، اس نے پہچانا بھی ہے یا نہیں _ بعض لوگ شروع میں پہیلی بجھانے کی کوشش کرتے ہیں کہ پہچانا یا نہیں پہچانا؟ جب کافی دیر تک اپنی آواز سنوانے کے باوجود وہ خود کی پہچان کروانے میں کام یاب نہیں ہوپاتے تب جاکر اپنا نام بتاتے ہیں۔

               اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم نے گفتگو کا آغاز کرنے سے قبل سلام کرنے کی تعلیم دی ہے _ اسی طرح مذکورہ بالا حدیث سے یہ نصیحت بھی ملتی ہے کہ آدمی کو گفتگو سے قبل اپنا تعارف بھی کرادینا چاہیے۔

              اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم نے ہمیں زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھایا ہے، چنانچہ آپ نے انتہائی معمولی معمولی باتوں کے سلسلے میں ہماری رہ نمائی فرمائی ہے _ ان پر ہم عمل کریں تو ہماری زندگی میں حسن بھی پیدا ہوگا اور سنتِ نبوی پر عمل کرنے کا ثواب بھی ملے گا _ اللہ تعالٰی ہمیں ان پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

 

حصہ
mm
ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی صاحبِ طرز قلم کار ،مصنف اور دانش ور ہیں۔ وہ تصنیفی اکیڈمی، جماعت اسلامی ہند کے سیکریٹری اور سہ ماہی مجلہ تحقیقات اسلامی کے نائب مدیربھی ہیں۔

جواب چھوڑ دیں