لاڑکانہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین کا تنخواہ نہ ملنے پر دھرنا

162

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین کی جانب سے 17 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف شہر کے لاہوری ریگولیٹر پر ٹائر نذر آتش کرکے دھرنا دیا، جہاں انہوں نے شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پر ممتاز لغاری، واجد میمن، اسرار قریشی و دیگر ملازمین کا کہنا تھا کہ گزشتہ 17 ماہ سے ہماری تنخواہیں بند کی گئی ہیں، جس کے سبب فاقہ کشی کاٹنے پر مجبور ہیں جبکہ چیف سیکرٹری نے ہماری اسکروٹنی بھی کرائی تھی اس کے باوجود بھی ہماری تنخواہیں جاری نہیں کی جارہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عید قریب ہے اور ہم تنخواہ سے محروم ہیں لیکن کوئی نوٹس لینے والا تک نہیں، ہماری چیئرمین پی پی بلاول زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر سے اپیل ہے کہ 17 ماہ کی تنخواہیں جاری کی جائیں تاکہ ہم اپنے بچوں اور گھر والوں کے ہمراہ عید کی خوشیاں مناسکیں۔