میڈیا پر عائد پابندیوں کا خاتمہ کیا جائے،بلاول زرداری

97

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ میڈیا پر عاید اعلانیہ و غیر اعلانیہ پابندیوں کا خاتمہ کیا جائے ،پی ٹی آئی حکومت نے دھونس دھمکیوں اور دباؤ جیسے ہتھکنڈوں کے ذریعے آزادی صحافت کو پابند سلاسل کیا ہوا ہے۔ آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عمران خان کی زیرقیادت پی ٹی آئی حکومت نے ہر شعبے میں اپنی ناجائزیوں، نااہلی اور سراسر ناکامیوں کو چھپانے کے لیے میڈیا کا گلا دبایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد غیرجانبدار صحافیوں اور اینکرپرسن کو زبردستی ٹی وی اسکرینز سے ہٹایا گیا ہے، جب سے وہ اپنے غیرجانبدارانہ تجزیے اور تبصرے سوشل میڈیا پر کرتے ہیں۔ بلاول کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آزاد میڈیا کو دبانا، قوم کو شدید نقصان پہنچانا ہے اور یہ عمل عوام کے جائز غصے اور مایوسی کے شعلوں پر مزید تیل چھڑکے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت ایک متحرک معاشرے و جمہوریت کا کلیدی حصہ ہوتا ہی، جو عوام کی آواز بنتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام تر سنسرشپ، بشمول خود ساختہ سنسرشپ کے جو خفیہ خطرات کے ذریعے عائد ہے، کا خاتمہ کیا جائے اور میڈیا کو ایک آزاد نگران کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دی جائے۔ بلال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی آزاد میڈیا پر پابندیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی اور صحافی برادری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونے کی اپنی تاریخ کو زندہ رکھے گی۔