حکومت روزے داروں کی بددعاؤں سے بچنے کیلیے اقدام کرے، حمزہ شہباز

234
نالائق حکمرانوں سے عوام کو نجات دلائیں گے، حمزہ شہباز

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت روزے داروں کی بددعاؤں سے بچنے کیلئے ہنگامی اقدامات کرے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ رحمتوں اور برکتوں کے مہینے میں بھی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہے۔

انہوں نے کہا کہ سستے بازاروں کے نام پر غیر معیاری اشیا کی مہنگے داموں فروخت روزے داروں سے سنگین مذاق ہے، پورے پاکستان بالخصوص پنجاب میں افراتفری مچی ہوئی ہے، عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں، مہنگائی کی تلوار سے عوام کا قتل عام جاری ہے اور حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماہِ مقدس کے دوران سبزی، پھل اور اشیائے خورد و نوش کی قلت اور مہنگے داموں ان کی فروخت ظلم عوام پر ہے۔

اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازکا کہناتھاکہ حکومت کم از کم ماہِ صیام میں روزے داروں کی بددعاؤں سے بچنے کیلئے ہنگامی اقدامات کرے، عمران نیازی لیکچر بند کرکے ایسے اقدامات کریں جن سے مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف مل سکے۔